اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف سے جاپان کے سفیر تاکاشی کورائی نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ جاپان کو قریبی دوست اور تجارتی پارٹنر سمجھتے ہیں۔
آپریشن ضرب عضب سے پاکستان میں امن کی صورتحال بہتر ہوئی، امید ہے جاپان ٹریول ایڈوائزری فہرست میں پاکستان کی شمولیت پر نظرثانی کرے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جاپان پاکستان کی ٹیکسٹائل مصنوعات کو 3 سال کیلئے چھوٹ دینے کے معاملے پر غور کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان تجارت، توانائی اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک کو ٹریڈ فری معاہدوں پر مذاکرات کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی صنعتوں میں جاپانی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرینگے، جاپان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کو سراہتے ہیں، جاپان کی نظر میں پاکستان کاروبار کیلئے موافق ملک بن چکا ہے۔