ٹوکیو (جیوڈیسک) جاپان میں طاقتور سمندری طوفان جزائرِ اوکی ناوا سے ٹکرا گیا ہے جس کے باعث یہاں آباد لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
سمندری طوفان نیوگوری اوکی ناوا کے جنوبی جزائر سے ٹکرانے کے ساتھ ہی علاقے میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش نے تباہی مچادی ہے، طوفان کی وجہ سے علاقے میں پروازیں معطل کر دی گئی ہیں جب کہ تعلیمی دارے بھی بند ہیں۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سمندری طوفان کے دوران ہوا کی رفتار 252 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے جس سے سمندر میں 14 میٹر تک بلند لہریں اٹھ سکتی ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے بھی اوکی ناوا کے 4 لاکھ 80 ہزار رہائشیوں سے کہا ہے کہ وہ یا تو گھروں کے اندر رہیں یا پناہ کے لیے کمیونٹی سینٹرز میں چلے جائیں جب کہ اس وقت علاقے کے 50 ہزار سے زائد گھر بجلی سے محروم ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق اوکیناوا سے یہ طوفان کیوشو جزیرے کی طرف بڑھے گا جہاں دو جوہری تنصیبات بھی واقع ہیں۔ ان دونوں کو طوفان آنے سے قبل ہی بند کر دیا گیا ہے۔
اس کے بعد نیوگوری نامی یہ طوفان جاپان کے مرکزی جزیرے ہونشو کی طرف بڑھے گا لیکن پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس سے قبل ہی طوفان کی شدت میں کمی واقع ہو جائے گی، پولیس کے مطابق طوفان کی وجہ سے پیش آنے والے واقعات میں اب تک خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک ماہی گیر لاپتہ ہے۔
اوکی ناوا جاپان کا انتہائی جنوب کا علاقہ ہے اور یہ جزیروں پر مشتمل ہے اور یہاں امریکی فوج کے اڈے بھی ہیں، ایک طویل المدتی معاہدے کے تحت یہاں امریکا کے 26 ہزار فوجی تعینات ہیں جنہوں نے طوفان کی آمد سے قبل ہی ایئر بیس سے جہازوں کو منتقل کر دیا تھا۔