جاپان (جیوڈیسک) حکام کے مطابق ستر ہزار امدادی کارکن سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بحالی اور لاپتہ افراد کی تلاش کا کام کر رہے ہیں۔
شہر ہیروشیما، اوکایاما اور ایہمی سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جاپان کے مغربی حصوں میں تین روزہ طوفانی بارش اور لینڈ سلائڈنگ نے تباہی مچا دی تھی، حکومت نے تعمیر نو کے لئے تریسٹھ کروڑ ڈالر مختص کئے ہیں۔
جاپان نے مسلسل زلزلوں کی صورت میں خود کو اس سے نمٹنے کے لیے تیار کر لیا ہے لیکن اسے پہلی بار اس قدر شدید سیلاب کا سامنا ہے۔ جاپان کے مغربی علاقوں میں آنے والے سیلاب میں اب تک ایک دو سو سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جاپان کے حکام نے متنبہ کیا ہے کہ جاپان کے بعض مغربی علاقے کو سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے غیر معمولی خطرہ لاحق ہے کیونکہ مزید بارشوں کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے ایک اہلکار نے کہا: ہم نے پہلے کبھی ایسی بارش نہیں دیکھی۔ حکام نے بتایا کہ ہیروشیما اور دوسرے علاقوں میں ریکارڈ بارش کے سبب پانی دریا کے بند توڑ کر باہر نکل آئے اور تقریباً 20 لاکھ لوگوں سے علاقے کو خالی کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔