ٹوکیو (جیوڈیسک) ماسٹرز سوئمنگ ٹورنامنٹ میں جاپان کی 100 سالہ خاتون میاکو نیگوکا نے شرکت کرکے سب کو حیران کردیا، انھوں نے 1500 میٹر سوئمنگ مقابلے میں مقررہ فاصلہ ایک گھنٹے 15منٹ 54.39 سیکنڈز میں طے کیا۔1914 میں پیدا ہونیو الی میاکو نے گھٹنے کی انجری سے نجات پانے کی غرض سے 82 سال کی عمر میں سوئمنگ شروع کی۔
ابتدا میں وہ اپنے متاثرہ گھٹنے کی ایکسرسائز کی وجہ سے سوئمنگ پول جاتی رہیں ، تاہم اس کے بعد انھوں نے سوئمنگ باقاعدہ طور پر سیکھی، فینا ماسٹرز ورلڈ چیمپئن شپ میں 100 برس کی عمر میں تیراکی کرنے والی وہ جاپان کی عمررسیدہ سوئمر بن گئیں۔
انھوں نے پہلی بار 88 برس کی عمر میں ماسٹرز ورلڈایونٹ میں پہلی بار حصہ لیا تھا جہاں نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں منعقدہ ایونٹ میں انھوں نے 50 میٹر بیک اسٹروک ایونٹ میں برانز میڈل حاصل کیا تھا، اس کے بعد انھوں نے 2004 میں اطالوی شہر ریسونی میں منعقدہ ایونٹ میں تین مختلف کیٹیگریز میں سلور میڈلز اپنے قبضے میں کیے تھے، 90 برس کی عمر میں میاکو نے 800 میٹر فری اسٹائل ایونٹ میں نیشنل ریکارڈ بنا کر شہرت پائی۔
بڑھتی عمر کے باوجود اب بھی ان کے حوصلے جوان اور وہ آنے والے دنوں میں مزید ریکارڈز اپنے نام کرنا چاہتی ہیں، وہ ہفتے میں چار مرتبہ سوئمنگ پریکٹس کرتی ہیں۔