ملتان (جیوڈیسک) آزادی مارچ اور پارٹی مطالبات پر جاوید ہاشمی کے تحفطات دور کرنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کا غیر رسمی اجلاس عمران خان کی زیر صدارت انکی رہائش گاہ زمان پارک لاہور میں ہوا جس میں جاوید ہاشمی کی ناراضگی دور کرنے کیلئے وفد ملتان بجھینے کا فیصلہ کیا گیا۔
میاں محمود الرشید، عمر ڈار اور ڈاکٹر عارف علوی پر مشتمل وفد خصوصی طیارے کے ذریعے ملتان روانہ ہو گیا ہے۔ وفد جاوید ہاشمی کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کرے گا۔ تحفظات دور ہونے پر جاوید ہاشمی کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور لایا جائیگا۔
واضح رہے جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کسی طالع آزما کو پاکستان کے حقوق غصب نہیں کرنے دیں گے، کسی جج یا جرنیل کو حکومت کرنے کا حق نہیں، آزادی مارچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ ابھی قبل ازوقت ہے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ تحریک انصاف میں ہیں لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے جمہوریت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں۔
تحریک انصاف کے صدر کا کہنا تھا کہ کسی مارشل لاء کو روکنے کیلئے وہ اپنی جان کی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ جاوید ہاشمی نے کہا پارٹی میں مشاورت کے عمل میں شریک رہتے ہیں تاہم کئی امور پر ان کے اختلافات ضرور ہیں۔
جاوید ہاشمی کا کہنا تھا آزادی مارچ میں شرکت کا فیصلہ قبل ازوقت ہے، اس کے بارے میں آج شام میڈیا سے گفتگو کریں گے۔