جاوید میانداد نے پی سی بی کیخلاف عدالت جانے کا عندیہ دے دیا

Javed Miandad

Javed Miandad

لاہور (جیوڈیسک) سابق کپتان جاوید میانداد نے پی سی بی کیخلاف عدالت جانے کا اشارہ دیدیا، ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی تباہی پر چپ سادھ کر نہیں بیٹھ سکتا۔ نکالے گئے ملازمین کے ساتھ مل کر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے بھوک ہڑتال کرنے کو بھی تیار ہوں، بورڈ کے معاملات کرکٹرز ہی چلاسکتے ہیں، وزیر اعظم سے کہوں گا کہ کام کی نوعیت کے مطابق موزوں شخصیت کا انتخاب کریں۔ ’’ اسپورٹس آور‘‘ میں بات کرتے ہوئے جاوید میانداد نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی وجہ شہرت کرکٹ نہیں صحافت ہے، وزیر اعظم سے کہوں گا کہ کام کی نوعیت کے مطابق موزوں شخصیت کا انتخاب کریں، اس کھیل کے ماہرین سابق کرکٹرز ہیں۔

بورڈ کے معاملات بھی وہی بہتر انداز میں چلا سکتے ہیں، ٹیم کی کارکردگی اچھی نہ ہوئی تو تنقید کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، کرکٹ کی تباہی پر زیادہ دیر تک چپ سادھ کر نہیں بیٹھوں گا، عدالت سے رجوع کرنے کیلیے تیار ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ذکا اشرف پھر بھی کسی نہ کسی سسٹم کے تحت آئے، اگرکسی کو وہ پسند نہیں تھا تو نیا اور بہتر نظام لاتے۔ آئین کے تحت منتخب ہوکر مینڈیٹ لے کر آتے تو کسی کو اعتراض نہ ہوتا لیکن کھیلوں میں سیاست ہوگی تو بہتری کیسے آئے گی، لوگ کرکٹ اور اس کے خیر خواہوں کوپہچانتے ہیں، میری خدمات کی بھی قدر کرتے ہیں، آواز اٹھائی تو میرے پیچھے کھڑے ہونگے۔ انھوں نے کہا کہ کوئی مینڈیٹ نہ ہونے کے باجود عبوری سیٹ اپ کی طرف سے بڑے فیصلے سمجھ سے بالاتر ہیں، کئی ایسے چھوٹے ملازمین کو بھی فارغ کردیا گیا جن کی وجہ سے سسٹم چلتا ہے۔

استعفیٰ اس لیے دیا تھا کہ شاید کچھ لوگوں کا روزگار بچ جائے لیکن ایسا نہیں ہوا،متاثرہ ملازمین کو لے کر پارلیمنٹ کے سامنے بھوک ہڑتال کروں گا،دیکھتے ہیں کیسے معاملہ حل نہیں ہوتا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیمیں ہمارے ملک کی کاؤنٹیز ہیں جن سے کرکٹرز کو روزگار اور کھیلنے کے مواقع دونوں میسر آتے ہیں، ان کو ختم کرنے سے رہی سہی کرکٹ بھی ختم ہوجائے گی، کھیل کی بہتری کیلیے ان لوگوں کو آگے لانا ہو گا جنھوں نے ملک کی خدمت کی اور معاملات کو سمجھتے ہیں۔