لاہور (جیوڈیسک) سینئر اداکار، ہدایتکاراور فلمساز جاوید شیخ نے اپنے فلمی کیریئر کے 40 برس مکمل کر لیے۔
انہوں نے کیریئر کے آغاز میں ریڈیو اور پھر ٹی وی ڈراموں میں اپنے فن کا جادو جگایا اور 70 کی دہائی میں وہ فلم انڈسٹری میں پہنچ گئے ۔ انہیں فلمساز مولانا ہپی اور ہدایتکار قمر زیدی کی فلم دھماکہ میں پہلی بار اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا جس کے مصنف ابن صفی تھے۔
فلم میں شبنم اور رحمن نے مرکزی کردارنبھائے ۔ دوسرے فنکاروں میں تمنا ، عرش منیر ، قربان جیلانی ، لہری اور مولانا ہپی شامل تھے ۔ انہوں نے متعدد فلموں میں اداکاری کے تجربات حاصل کرنے کے بعد ڈائریکشن کے میدان میں قدم رکھا اور ہوم پروڈکشن کا آغاز کیا۔
انہوں نے بطور ہدایتکار پہلی فلم مشکل 1995 میں ریلیز کی اور ایک مستند ہدایتکار بن گئے ۔ انہوں نے فلم انڈسٹری میں اپنام منفرد مقام حاصل کیا اور آج بھی وہ فلموں میں اپنی اہمیت برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
جاوید شیخ نے اپنے بھائی سلیم شیخ کو فلموں میں متعارف کرایا لیکن وہ فلموں میں اپنی جگہ نہ بناسکے لیکن ٹی وی کے بڑے سٹار ہیں ۔ جاوید شیخ کے بیٹے شہزاد شیخ اور بیٹی مومل شیخ بھی فن کی دنیا میں اپنا نام بناچکے ہیں۔