ایران (اصل میڈیا ڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی کے بعد وزیرخارجہ محمد جواد ظریف نے بھی یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ جوہری معاہدے پرعمل درآمد کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر یورپ حرکت میں نہ آیا تو ایران معاہدے کی مزید شرائط سے دست بردار ہوجائے گا۔
ایک بیان میں جواد ظریف نے کہا کہ اگر یورپی ممالک حرکت میں نہ آئے تو ایران معاہدے کی بعض شرائط سے دست بردار ہونے پرمجبور ہوجائے گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کی شرائط پرعمل درآمد سے دست برداری کا مطلب یہ نہیں کہ مذاکرات ختم ہوجائیں گے۔
ایران کی ایک نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حال ہی میں ایرانی صدرحسن روحانی نے بھی یورپی ممالک کو دھمکی دی تھی کہ اگر انہوں نے امریکا کی طرف سے ایران پرعاید کردہ پابندیوں کوختم کرنے اور ایرانی تیل فروخت کرنے کے اپنے وعدے پورے نہ کیے تو اس کے نتیجے میں ایران جوہری معاہدے سے دست کردار ہوجائے گا۔
ادھر اسی سیاق میں فرانس کے ایک سفارتی ذریعے کا کہنا ہے کہ اگر تہران نے جوہری معاہدے کی شرائط پرعمل درآمد میں کمی کا کوئی قدم اٹھایا تو ایران کو سخت پیغام دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ہونے والے مذاکرات کی کوششوں میں اس طرح کے فیصلے مشکلات پیدا کریں گے۔