حیدرآباد (جیوڈیسک) جئے سندھ متحدہ محاذ کی اپیل پر سندھ کے مختلف شہروں میں شٹرڈاون ہڑتال کی جا رہی ہے۔ اس دوران کاروباری مراکز بند اور ٹریفک معمول سے کم ہے۔
ہڑتال تحفظ پاکستان آرڈیننس اور سندھ کی تقسیم سے متعلق بیانات کیخلاف کی جا رہی ہے۔ حیدر آباد میں جزوی ہڑتال ہے۔ قاسم آباد، حسین آباد، آٹو بھان روڈ اور گل سینٹر میں کاروباری مراکز بند اور ٹریفک معمول سے کم ہے۔
کراچی اور اندرون سندھ جانے والا ٹریفک بھی متاثر ہے۔ نوشہرو فیروز، ٹنڈو محمد خان، جامشورو، دادو ، میہڑ سمیت اندورون سندھ کے مختلف شہروں میں بھی دکانیں اور پیٹرول پمپس بند ہیں جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامناہے۔ جبکہ انڈس ہائی وے اور سپرہائی وے پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم ہے۔