یہود اور ہنود نے جہاد کو دہشت گردی کا نام دے دیا ہے، حافظ نعیم الرحمن

Jihad

Jihad

کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مولانا مودوی نے تحریر بھی لکھی اور تحریک بھی بنائی اور انہوں نے یہ تحریک اسلام کو غالب کرنے کے لئے بنائی کیوں کہ اسلام غالب ہونے کے لئے ہے مغلوب ہونے کے لئے نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد قبائ، فیڈرل بی ایریا میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین ضلع وسطی کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات ہی انقلاب کا ذریعہ ہیں، ہمارا کام جدوجہد کرنا ہے اور جدوجہد ہی سے تبدیلی آئے گی۔

نظریہ اور عقیدہ سو فیصد درست ہونا چاہئے اور ہمیں اپنے ملک میں سو فیصد اسلامی نظام نافذ کرنا ہے، اس کے لئے یکسوئی اور اخلاص ضروری ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ہمارے دل ترکی اور کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، یہود اور ہنود نے جہاد کو دہشت گردی کا نام دے دیا ہے۔

ہم جہاد سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں چاہے وہ لٹریچر کے ذریعے ہو یا دعوت کے ذریعہ۔ ناظمہ ضلع وسطی ثمینہ قمر نے نئی اراکین ضلع وسطی کو خوش آمدید کہا اور ان کے حوصلے بلند کئے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سال نوجوانان سے منسوب کیا گیا ہے، لہذا نوجوانان تک دعوت پہنچانا ہے بہت خلوص اور محبت سے کیونکہ یہی نوجوانان آئندہ ہمارے دین اور ملک کی باگ ڈور سنبھالیں گے۔ اجتماع ارکان میں کشمیر کے حوالے سے قرارداد بھی منظور کی گئی۔