اسلام آباد (جیوڈیسک) پاک فضائیہ نے دفاع میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ پاک فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر طیارے سے کم رفتار محو پرواز ہدف کو نشانہ بنانے کا کامیاب تجربہ کیا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق تجربہ سومیانی فائرنگ رینج پر کیا گیا۔ تھنڈر طیارے نے انتہائی تیز رفتار انفراریڈ میزائل سے ہدف کو نشانہ بنا کر تباہ کیا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ آج کا دن پاک فضائیہ کی تاریخ میں ایک سنہری باب کا اضافہ ہے۔ مختلف رفتار سے پرواز کرنے والے اہداف کو ڈھونڈ کر تباہ کرنے کا مظاہرہ پاک فضائیہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ جدید ویپن ٹیسٹ رینج کو پاک فضائیہ کا حصہ بنایا گیا جہاں ملکی اور غیر ملکی ہتھیاروں کے معیار کو جانچا جائے گا۔ مظاہرے کو کامیاب بنانے پر پاک فضائیہ اور چین کے عملے کی کاوش قابل تعریف ہے۔