جھل مگسی (جیوڈیسک) ضلع جھل مگسی میں دریائے مولہ میں پانی کی سطح دوبارہ بلند ہو جانے سے سیلابی پانی گنداواہ شہر میں داخل ہو گیا، شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر جھل مگسی طارق الرحمان بلوچ نے ذرائع کو بتایا کہ ضلع خضدار میں بند ٹوٹ جانے سے جھل مگسی کے قریب دریائے مولہ میں پانی کی سطح پھر بلند ہوگئی اور سیلابی ریلا گنداواہ شہر میں داخل ہو گیا ہے۔
گرڈ اسٹیشن، لائیو اسٹاک اسپتال، ٹیلی فون ایکسچینج، پولیس لائن اور سات محلے زیر آب آگئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے افراد نے بلند مقامات پر پناہ لے لی ہے۔ ڈی سی جھل مگسی کے مطابق مساجد سے اعلان کرکے قریبی آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے جبکہ ضلعی انتظامیہ کوالرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔