جھنگ: کینٹین کے ٹھیکیدار کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر موقع پر چھ ہزار روپے جرمانہ
Posted on March 15, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹرز ہسپتال جھنگ کی کینٹین پر مہنگے داموں اشیاء ضروریہ کی شکایات پر ڈی سی او راجہ خرم شہزاد کی ہدایات پر پرائس کنٹرولنگ مجسٹریٹ شہزاد خلیل نے چھاپہ مار کر کینٹین کے ٹھیکیدار کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر موقع پر چھ ہزار روپے جرمانہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق مریضوں اور عوام کی سہولت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹرز ہسپتال جھنگ کی کینٹین کو ہسپتال انتظامیہ نے سالانہ ٹھیکے پر دے رکھا ہے۔
مذکورہ ٹھیکیدار مریضوں اور عوام کو اشیاء صرف کنٹرول ریٹس پر فروخت کرنے کا پابند ہے مگرپچھلے کچھ عرصہ سے کولڈ ڈرنکس، روٹی اور دیگر اشیاء مارکیٹ سے زائد نرخوں پر فروخت کئے جانے کی شکایات پر ایس این اےپرائس کنٹرولنگ مجسٹریٹ شہزاد خلیل نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹرز ہسپتال جھنگ کی کینٹین پر اچانک چھاپہ مار کر کینٹین کے ٹھیکیدار کو اشیاء اضافی نرخوں پر فروخت کرنے کے جرم میں موقع پر چھ ہزار روپے جرمانہ کرتے ہوئے وارننگ دی کہ آئندہ شکایت پر اُسے جیل بھی بھیجا جاسکتا ہے۔
ڈی سی او راجہ خرم شہزاد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹرز ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سرکاری ادارہ کی کینٹین کے ٹھیکیدار کی نگرانی کو موثر بنائیں کیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی پالیسی کے تحت عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی میں کسی سطح کی رکاوٹ برداشت نہیںکی جائیگی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com