جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر غازی امان اللہ اور ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو نے ضلعی امن کمیٹی کے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے امن میں ہی ہم سب کی بقا ہے اگر یہ ملک ہے تو ہم بھی ہیں لہٰذا ہمیں آپس کے چھوٹے چھوٹے اختلافات نظر انداز کر کے یکجا ہوکر ملک دشمن عناصر کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے۔ ضلعی پولیس کی طرف سے تیا رکردہ سیکورٹی پلان کے مطابق ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران برآمد ہونے والے جلوسوں اور مجالس میں شامل لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ۔اجلاس میںایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر محمد اویس ملک، اسسٹنٹ کمشنرز،ممبران اسمبلی محترمہ راشدہ یعقوب شیخ،خرم خان سیال، محمد خان بلوچ اور میاں محمد اعظم چیلہ سمیت مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام ،عمائدین،ممبر ان ضلعی امن کمیٹی ،انجمن تاجران اور مختلف این جی اوزکے نمائندوں کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ڈی سی او غازی امان اللہ نے کہا کہ صبر و تحمل اور درگزر مسلمانوں کی قابل فخر میراث ہے تمام مسالک کے علماء کرام مل کر اسلامی اصولوں کے مطابق ایسا لائحہ عمل اپنائیں جس پر چل کر نبی کریم صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کے تمام امتی ایک بکھری ہوئی سوسائٹی کی بجائے ایک مربوط سوسائٹی میں تبدیل ہو جائیں۔انہوںنے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاء داروں کی سہولیات کے پیش نظر تمام سہولیات بہم پہنچائی جائینگی اور اس ضمن میں قانون اورضابطہ اخلاق کی پابندی کو ہرممکن یقینی بنایا جائیگا۔ اجلاس کے دوران ڈی پی او ہمایوں مسعود سندھو نے بتایا کہ گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال محرم الحرام کے دوران جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائیگا۔انہوںنے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس اور دیگر جدید آلات کی مددلی جائیگی اور کسی عنصر کو امن عامہ خراب کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائیگی اوراس ضمن میں جلوسوں کے تمام روٹس کے راستوں کی الیکٹرانک مانیٹرنگ بھی کی جائیگی ۔انہوںنے بتایا کہ ڈی سی او اور ڈی پی او آفس میں کنٹرول رومز قائم کئے جائینگے ضلع کی عوام کسی مشکوک سرگرمی کی صورت میں ان کنٹرول روم پر رابطہ قائم کریںان کنٹرول روم کے ٹیلی فون نمبرز کی تشہیر ،بینرز اور اخبارات کے ذریعے کی جائیگی۔انہوںنے مزید کہا ہے کہ محرم کے دوران ضلع میں امن و امان بحال رکھنے کیلئے شہریوں کا تعاون بے حد ضروری ہے ۔ انہوںنے علمائے کرام پر زور دیا کہ محرم کے دوران لوگوں کو امن بھائی چارہ اور یکجہتی کا درس دیتے ہوئے شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی تلقین کریں تاکہ کوئی ملک دشمن طاقت اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (تحصیل رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر غازی امان اللہ کی ہدایات کی روشنی میں مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کرنے اور اوور لوڈنگ کی شکایات پر خصوصی کریک ڈان شروع کر دیا گیاہے۔ سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محسن ریاض نے بتایا ماہ رواں کے گزشتہ ہفتے کے دوران اوور لوڈنگ کے ضمن میں 90گاڑیوں کا چالان اور جرمانہ کی مد میں ایک لاکھ روپے سے زائد رقم خزانہ سرکار میں جمع کروائے ۔انہوںنے تمام ایسی گاڑیاں جو کسی بھی لحاظ سے اوور لوڈنگ ، زائد کرایہ وصولی، روٹ پرمٹ ، بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں ان کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ بلاتفریق جاری ہے۔ موٹر وہیکل آرڈی نینس میں ترمیم کے مطابق اب کوئی بھی لوڈر گاڑی مقررہ وزن سے زائد سامان لوڈ کریگی اس ڈرائیور کے خلاف سخت قانونی کاوائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ خلاف ورزیوں میں ملوث 90گاڑیوں کے چالان کئے گئے اور انہیں ایک لاکھ روپے سے زائد رقم کا جرمانہ کیا گیاجبکہ دو گاڑیوں کے اوور چارجنگ کے مقدمات درج کئے گئے۔ سیکرٹری آرٹی اے محسن ریاض نے مزید بتایا کہ اس حوالہ سے عوامی آگہی کے سلسلہ میں پمفلٹس کی تقسیم کاسلسلہ بھی جاری ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جھنگ (تحصیل رپورٹر) ہوم ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالہ سے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی گئی ہے۔ضلعی حکومت کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ٹاسک فورس کے سربراہ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر غازی امان اللہ جبکہ ڈی او فارسٹ /پی آر او، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے ،کیئر ٹیکر ٹو ڈی سی او اور ایس این اے بطور ممبران ٹاسک فورس کام کریں گے۔