جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلعی انجمن تاجران، چیمبر آف کامرس، صارفین ایسوسی ایشن اور شہریوں نے قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت اور عوام کی سہولت کے لئے فوری طور پر ذیل گھر کے وسیع و عریض گرائونڈ میں عارضی بکر منڈی قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہر کے اہم ترین مقام فوارہ چوک ، مصروف مرکزی شاہراہ سیشن روڈ ، گندا ٹوآ روڈ اور دیگر سڑکات پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے باعث ٹریفک جام ، سکیورٹی کے مسائل ، صفائی کے نظام کی خرابیوں کو بچانے سمیت شہریوں کو ایک ہی محفوظ اور مئوثر جگہ پر قربانی کے جانوروں کی خریداری کا موقع مل سکے۔
مذکورہ تنظیموں کے قائدین نے کمشنر فیصل آباد ڈویژن نسیم نواز ، ڈی سی او جھنگ نادر چٹھہ اور دیگر حکام کو ارسال کئے گئے مراسلوں میں کہا ہے کہ ذیل گھر فوار ہ چوک شہید روڈ جھنگ صدر کا وسیع و عریض خالی گرائونڈ مذکورہ امور کے لئے انتہائی موذوں ہے جہاں قبل ازیں رمضان بازار کا بھی انعقاد کیا گیا تھا ۔انہوںنے کہا کہ عید قربان کی آمد آمد کے باعث بکروں اور قربانی کے دیگر بڑے و چھوٹے جانورو ں کے بیوپاری حضرات شہر کے بازاروں ، اہم مارکیٹوں، شاپنگ سنٹرز ، پبلک مقامات اور گلی محلوں میں گھوم پھر کر قربانی کے جانور فروخت کر رہے ہیں جس سے جہاں صفائی اور ٹریفک جام کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں وہیں شہریوں کو قربانی کے جانوروں کی خرید میں بھی زبردست دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں گھوم پھر کر قربانی کے جانور فروخت کرنے پر سختی سے پابندی عائد ہے لیکن جھنگ میں الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ اگر جھنگ صدر میں ذیل گھر کے خالی اور وسیع و عریض اور محفوظ گرائونڈ کو عید قربان کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لئے عارضی بکر منڈی میں تبدیل کر دیا جائے اور تمام بیوپاریوں کو حکم دیا جائے کہ وہ ذیل گھر گرائونڈ میں اپنے جانور لا کر فروخت کریں تو اس سے شہریوں کو زبر دست سہولت حاصل ہو گی او رشہر کے بازاروں میں گندگی وغلاظت اور صفائی کے مسائل سے نجات سمیت ٹریفک جام کا مسئلہ بھی حل ہو جائے گا۔انہوںنے توقع ظاہر کی کہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ جھنگ اس ضمن میں فوری احکامات صادر اور ان پر عملدرآمد یقینی بنوائے گی ۔انہوںنے گھوم پھر کر جگہ جگہ قربانی کے جانور فروخت کرنے والوں کے چھوٹے و بڑے جانور بھی بحق سرکار ضبط کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔