جھنگ کی خبریں 5/11/2016

Speech

Speech

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ڈی سی او غازی امان اللہ نے زیر دفعہ 144 کے تحت ضلع بھر کی ریونیو حدود میں فصلوں کے بقیہ بھوسہ وغیرہ اور گھروں کا کوڑا کرکٹ جلانے پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ حکم فضائی آلودگی سے بچنے کیلئے لاگو کیا گیا ہے اور اس ضمن میں پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کو عمل درآمد کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پنجاب میں صرف پچاس فیصد رقبہ گندم، کماد ، کپاس، چاول اور مکئی کیلئے نائٹروجن اور فاسفورس کا متناسب استعمال کیا جائے تو 305ارب روپے کی زائد زرعی آمدن حاصل ہوسکتی ہے ۔ یہ بات زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے پرنسپل انویسٹی گیٹر اور پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد رشید نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مناسب مقدار میں کھادوں کے استعمال سے زرعی آمدن میں اضافہ کے حوالہ سے کسانوں اور کاشتکاروں میں آگہی مہم کے حوالہ سے میڈیا بریفنگ کے دوران پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر یونین کونسل رشید پور کے چیئرمین اور ترقی پسند زمیندار بابر خان سیال ، ڈی او زراعت محمد یوسف تتلہ، ڈی او واٹر منیجمنٹ طارق اور زرعی ماہرین بھی موجود تھے انہوںنے مزید کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں جدید علوم کسانوں کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (ICT)کو استعمال میں لاکر ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے یہ قدم یقیناکسانوں کی پیدوار بڑھانے اور کھادوں پر خرچہ کم کرنے کیلئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ڈاکٹر اقرار احمد خان وائس چانسلر نے یہ تہیہ کیا ہو ا ہے کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد تمام ذرائع بروئے کار لاکر زراعت کے متعلق جدید علوم زمیند ار کی دہلیز تک پہنچائے گی۔ یونیورسٹی اس کوسش میں ہے کہ زمیندار بھائیوں کی ہر ممکن مدد کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کھادوں کی مقدار معلوم کرنے کیلئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے تیار کردہ فرٹیلائزر ماڈلز اور آمدن بڑھانے کے منصوبوں کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکار کو گندم ، کپاس ،کماد،چاول اور مکئی کی فی ایکڑ پیدوار اپنی مرضی کے مطابق حاصل کرنے کیلئے کتنی مقدار میں نائٹروجن اور فاسفورس درکار ہوگی ۔ یہ جاننے کیلئے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی ویب سائٹ www.fertilizeruaf.pkسے استفادہ حاصل کریں ۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے محکمہ زراعت (توسیع) و تحقیق کے ساتھ ملکر کھادوں کے ایسے ماڈل تیار کئے ہیں جن کی مدد سے پنجاب کے کاشتکار اپنی زمین کی زرخیزی کے مطابق اپنے گھر بیٹھے کمپیوٹر یا موبائل فون پر ویب سائٹ کھول کر اپنی مرضی کی پیداوار حاصل کرنے کیلئے نائٹروجن اور فاسفورس صحیح اور متناسب مقدار جان سکتے ہیں ۔ نائٹروجن اور فاسفورس ویب سائٹ پر دیئے گئے فرٹیلائزر ماڈل کے مطابق استعمال کرنے سے ناصرف ان کی پیداواری اخراجات میں بچت ہوگی بلکہ فصلوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ یہ معلومات کاشتکاروں تک پہنچانے کیلئے مالی اور تکنیکی تعاون یو ایس ایڈ اور اکارڈا فراہم کر رہے ہیں۔اس سلسلہ میں اکارڈاکے کنٹری منیجر ڈاکٹر عبدالمجید ذاتی دلچسپی لیکر یونیورسٹی سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد رشید نے مزید بتایا کہ کاشتکاروں کے رقبے اور انکے مالی مسائل کے مطابق فصلوں کی آمدن بڑھانے کے منصوبے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی ویب سائٹ www.kissandost.pkپر موجود ہے اس ویب سائٹ پر ایسے بھی منصوبے موجود ہیں جن پر عمل کرکے کاشتکار ایک لاکھ روپے فی ایکڑ تک منافع حاصل کرسکتے ہیں ۔ اگر کوئی کاشتکار زیادہ سرمایہ کاری کرنا چاہے تو ایسے منصوبے بھی موجو دہیں جن میں نفع تین سے چار لاکھ فی ایکڑ حاصل کرنا ممکن ہے ۔ اس ویب سائٹ پر کاشتکاروں کی سہولت کیلئے آئندہ پانچ دن تک کی موسمی پیش گوئی بھی موجود ہے اس ویب سائٹ کے لئے مالی تعاون وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ملحقہ کمپنی آئی سی ٹی آر اینڈ ڈی فنڈ نے فراہم کیا۔ انہوںنے مزید بتایا کہ اگر کاشتکاروں کو ان ویب سائٹ کے استعمال میں کوئی دشواری پیش آئے تو زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی ٹال فری نمبر0800-54726پر دفتری اوقات کے دوران مفت کال کرکے راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابتک ستر ہزار کاشتکاروں نے یہ ویب سائٹ وزٹ کی ہے علاوہ ازیں اس منصوبے کے تحت تقریباً بیس ہزار کسانوں کو فیلڈ میں جاکر فارمر گیدرنگ کی صورت میں ٹریننگ کے ساتھ لیکچر بھی تقسیم کیا جا چکا ہے۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت یوسف حسن تتلہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے اس اقدام سے ٹیکنالوجی زمیندار کی جیب میں پہنچ چکی ہے۔