جھنگ کی خبریں 27/2/2015

جھنگ : جھنگ میں یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ ایک شاندار اور تاریخی فیصلہ ہے۔یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف اہالیان جھنگ کی تعلیمی ضروریات بطریق احسن پوری ہونگی بلکہ جھنگ ترقی کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اسلامی جمعیت طلباء جھنگ حسن بلال ہاشمی نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے اپنے اخباری بیان میں مزید کہا کہ ضلع جھنگ کے طلباء وطالبات تعلیمی اعتبار سے بے پناہ مسائل کا شکار ہیں ۔ نیز جھنگ پسماندگی کے اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے ۔یونیورسٹی کے قیام سے جہاں بچوں کے تعلیمی مسائل حل کرنے میں مددملے گی وہاں جھنگ ترقی کے نئے دور میں داخل ہوجائے گا۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ جھنگ کو بلاتاخیر ڈویژن کا درجہ بھی دیاجائے۔انہوں نے یورنیوسٹی کے قیام کو سراہتے ہوئے ارباب اختیار کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے ۔اورتوجہ دلائی ہے کہ بیوروکریسی کے روائتی ہتھکنڈوں سے ہٹ کر یونیورسٹی کے قیام کا عمل تیزی سے شروع کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جھنگ میں یونیورسٹی آف جھنگ کے قیام کیلئے فوری طور پر 200ایکڑ اراضی مختص کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔ ڈی سی او جھنگ کو چنیوٹ روڈ ، ٹوبہ روڈ یاگوجرہ روڈ پر فوری اراضی مختص کرنے کی ہدایت
جھنگ :وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جھنگ میں یونیورسٹی آف جھنگ کے قیام کیلئے فوری طور پر 200ایکڑ اراضی مختص کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں اور ڈی سی او جھنگ نادر چٹھہ کوجھنگ چنیوٹ روڈ ، جھنگ ٹوبہ روڈ یاجھنگ گوجرہ روڈ پر جلد از جلد اراضی مختص کرنے کی ہدایت کی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر تعلیم و تربیت شیخ وقاص اکرم اور ان کے والد محترم و لیگی ممبر قومی اسمبلی جھنگ شیخ محمد اکرم کی درخواست پر اپنے انتخابی وعدہ کی روشنی میں جھنگ میں مکمل بااختیار اور انڈیپینڈنٹ یونیورسٹی قائم کرنے کی منظوری دی ہے جس کانام یونیورسٹی آف جھنگ ہو گا اور یہ یونیورسٹی کسی دوسری یونیورسٹی کے سب کیمپس کی بجائے مکمل یونیورسٹی کے طور پر کام کرے گی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ قبل ازیں جھنگ میں جی سی یونیورسٹی فیصل آباد یا یونیورسٹی آف سرگودھا کا سب کیمپس قائم کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی مگر اہلیان جھنگ نے اس تجویزکو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیاتھاکہ چونکہ انتخابات سے قبل جھنگ میں مکمل بااختیار و انڈیپینڈنٹ یونیورسٹی کے قیام کا اعلان کیاگیاتھا لہٰذا جھنگ میں کسی دیگر یونیورسٹی کا سب کیمپس قابل قبول نہیں ۔دریں اثناء جھنگ کے عوامی ، سیاسی ، سماجی ، تعلیمی ، دینی ، مذہبی حلقوں نے شیخ وقاص اکرم اور شیخ محمد اکرم کو انتخابی وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے جھنگ میں یونیورسٹی آف جھنگ کے قیام کی منظوری حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔انہوںنے کہاکہ شیخ وقاص اکرم اور شیخ محمداکرم نے جس طرح یونیورسٹی کے قیام کا وعدہ پوراکیاہے اسی طرح جھنگ میں چناب کالج کے قریب چنیوٹ روڈ پر یونیورسٹی کیلئے 200ایکڑ اراضی بھی فوری مختص کروائی جائے اور نئے مالی سال کے بجٹ میں خاطر خواہ فنڈز بھی مختص کروائے جائیں تاکہ یونیورسٹی کے عملی قیام کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر چناب کالج کے قریب جھنگ چنیوٹ روڈ پر جگہ دستیاب نہ ہو تو پھر جھنگ ٹوبہ روڈ یا جھنگ گوجرہ روڈ کو دوسری و تیسری ترجیح کے طور پر رکھا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پی پی پی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ کارکنان کو متحرک کرنے کیلئے جلد ورکرز کنونشنز کا انعقاد شروع کیاجائیگا۔اقبال انجم کی میڈیا سے بات چیت
جھنگ :پاکستان پیپلز پارٹی جھنگ کے نئے سٹی صدر محمد اقبال انجم نے کہاہے کہ پی پی پی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی جبکہ کارکنان کو متحرک کرنے کیلئے جلد ورکرز کنونشنز کا انعقاد شروع کیاجائیگا۔میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوںنے کہاکہ جھنگ کو بی بی شہید کے جانثاروں کا مضبوط قلعہ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے اور پی پی پی کے نظریاتی کارکنوں و نوجوانوں سمیت ناراض بزرگ رہنمائوں کو بھی پوری طرح متحرک کیاجائیگا تاکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کو یقینی بنایاجاسکے۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ انتخابات میں ایک منظم پلاننگ کے تحت پی پی پی کو پنجاب سے آئوٹ کیاگیا لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود پی پی پی کو عوام کے دلوں سے فراموش نہیں کیاجاسکا۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب اور ضلع جھنگ کل بھی پی پی پی کامضبوط قلعہ تھا اور آج بھی مضبوط قلعہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ سرمایہ داروں ، جاگیرداروں ، وڈیروں نے ہمیشہ روپے پیسے کی سیاست کرکے انتخابی عمل کو خریدنے کی کوشش کی ہے لیکن پی پی پی کے جیالے کارکنان نہ کبھی جھکے ہیں نہ بکے ہیں اور نہ ہی آئندہ اپنی شہید قائد کے مشن سے روگردانی کریںگے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ پرائمری سطح پر پی پی پی کے نظریاتی کارکنوں ، نوجوانوں ، بزرگوں اور ناراض جیالوں کو منا کر پارٹی کو مزید منظم ، فعال ، مضبوط ، مربوط بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ پی پی پی کے دیگر سٹی و ضلعی عہدیداران کی مشاورت سے گلی محلوں کی سطح پر کارنر میٹنگز کاسلسلہ بھی شروع کیاجائیگا تاکہ پی پی پی کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکے۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت ایک جانب جمہوریت کی چیمپین ہونے کادعویٰ کرتی ہے جبکہ دوسری جانب بلدیاتی ادارے جو جمہوریت کی نرسری اور اصل روح ہیں ان سے فرار اختیار کرتے ہوئے انتخابات میں مسلسل تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی بلدیاتی انتخابات ہوئے پی پی پی شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ وہ بلاول بھٹو زرداری ، آصف علی زرداری ، محترمہ فریال تالپور ، میاں منظوراحمد وٹو ، تنویراشرف کائرہ سمیت دیگر پارٹی قائدین کے شکر گزار ہیںجنہوںنے ان پر اعتماد کااظہار کرتے ہوئے انہیںپی پی پی جھنگ کاسٹی صدر مقرر کیا۔ انہوںنے کہاکہ وہ اپنے قائدین کے اعتماد پر پورااترنے میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں گے۔ ####

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بہ تسلیمات ضلعی دفتر اطلاعات حکومت پنجاب ،جھنگ ہینڈ آئوٹ نمبر مورخہ27.02.2015

جھنگ: حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میںڈی سی او نادر چٹھہ نے عالمی یوم خواتین (8مارچ2015ئ)کو بھرپور طریقے سے منانے کے حوالہ سے تمام متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کر دیئے ہیں۔اس ضمن میں ڈی سی او ناد ر چٹھہ کی طرف سے ایک خصوصی پروگرام کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے تحت ڈی او سوشل ویلفیئر اظہر عباس کوبطور فوکل پرسن مقرر کیا گیاہے جوعالمی یوم خواتین کے روز مختلف محکموں اور سماجی تنظیموں کے تعاون سے مختلف تقریبات اور فنکشنزکا انعقاد کروائیں گے۔ڈی سی او نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ خواتین کا ملکی تعمیروترقی اور ہر شعبہ ہائے زندگی میں ایک اہم کردار ہوتا ہے لہٰذا تمام تقریبات میں خواتین کی بھرپور شرکت سے ان کی قدروقیمت پر روشنی ڈالی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عالمی یوم خواتین کے حوالہ سے تمام تقریبات کی سیکورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج انوار احمد قریشی نے قتل کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم محمد بشیر ولد غلام محمد کوسزائے موت اور 3 لاکھ روپے ہرجانہ اداکرنے اورعدم ادائیگی کی صورت میں مزید 6 ما ہ قید بھگتنے کی سزا کا حکم سنایا جبکہ دیگردوملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔استغاثہ کے مطابق تحصیل تھانہ اٹھارہ ہزاری کے علاقہ رشید پورکے رہائشی مقتول محمد رمضان برادر حقیقی بشیر ملزم کی ناچاکی کی وجہ سے آپس میں کشیدگی پیدا ہوگئی جس پر ملزمان نے مقتول محمد رمضان پرتیز دھار آلے سے حملہ کر دیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ پولیس نے محمد بشیر ولد غلام محمد،محمد نواز ولد دلمیر اور مہدی حیات ولد محمد نواز قوم کمہار ملزمان کو مقدمہ نمبر30/2013 بجرم 302 ت پ کے تحت گرفتار کرکے تفتیش اور چالان مکمل کر کے عدالت میں پیش کیا۔ فاضل جج نے مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے ملزم محمد بشیر ولد غلام محمدکوسزائے موت، 3 لاکھ روپے ہرجانہ اداکرنے اور چھ ماہ قیدبھگتنے کا حکم سنایا جبکہ دوسرے ملزمان محمد نواز ولد دلمیر اور مہدی حیات ولد محمد نواز کو شک کا فائدہ دے کر بری کردیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ہینڈز کی جانب سے سیلاب متاثرین میں امدای اشیاء کی تقسیم کا آغاز
ہینڈز کی جانب سے ڈپارٹمنٹ فارانٹر نیشنل ڈیویلپمنٹ کے تعاون سے 2014کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ایمر جنسی شیلٹر پروجیکٹ کے تحت امدادی سامان کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ جس کے پہلے مرحلے میں تحصیل اٹھارہ ہزاری کی یونین کونسل واصو آستانہ میں سیلاب سے متاثرہ 300خاندانوں میں گزشتہ روز گھروں کی تعمیر کیلئے چھت کا مکمل سامان فراہم کیا گیا ۔ جس میں ایک اسٹیل گاڈر14بانس پاسٹک شیٹ ،سولر لائٹ،ونٹرائزیشن کٹ اور واٹر فلٹر شامل ہے ۔ ہینڈز کی جانب سے ڈپارٹمنٹ فارانٹر نیشنل ڈیویلپمنٹ کے تعاون سے ضلع جھنگ کے 4000سیلاب متاثرین کو یہ امدادی سامان مئی تک تقسیم کر دیا جائے گا۔ اس موقع پر ہینڈز کے ڈسٹرکٹ پروجیکٹ منیجر جہانزیب قیصراور ڈسٹرکٹ مونیٹر ی آفیسر مس غلام سکینہ بھی موجود تھی اُن کا کہنا تھا کہ بلاتفریق مستحقین تک امدادی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ پروجیکٹ ایسوسی ایٹ اور ٹیم کے دیگر ارکان نے واٹر فلٹر اور سولر لائیٹ کو استعمال کرنے کے متعلق ضروری ہدایات بھی دی ۔ ہینڈز کی جانب سے ڈپارٹمنٹ فارانٹر نیشنل ڈیویلپمنٹ کے تعاون سے 2014کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے ایمر جنسی شیلٹر پروجیکٹ کے تحت امدادی سامان کی تقسیم۔

Hands

Hands