جھنگ کی صنعتی و تجارتی برادری انقلاب اور آزادی مارچ کی لیڈر شپ سے درخواست کرتی ہے

News

News

جھنگ (خصوصی رپورٹ) جھنگ کی صنعتی و تجارتی برادری انقلاب اور آزادی مارچ کی لیڈر شپ سے درخواست کرتی ہے کہ سیاسی مسائل کو باہمی مذاکرات سے حل کریں اور اپنی اس جنگ میں پاکستان کی معیشت و کاروبار کو نہ جھونکیں۔کیونکہ ان کی سیاست اُس وقت تک ہے جب تک کہ یہ مملکت خداداد ہے اگر خدانخواستہ اس مملکت کونقصان پہنچا تو نہ یہ مارچ رہیں گے اور نہ ہی ان کی سیاست۔ان خیالات کا اظہار ذوالفقار علی انصاری صدر جھنگ چیمبر آف کامرس نے تجارتی و کاروباری برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس کے پیشتر شیخ نواز اکرم ممبر مجلس عاملہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سول نافرمانی کے عمران خان کے اعلان کو شدید الفاظ میںحرفِ تنقیدبنایا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی حالات جو کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث بہتری کی طرف جا رہے تھے کو پھر دوبارہ بربادی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ ملک کی سٹاک ایکسچینج گر رہی ہے۔ کاروباری برادری کا اربوں کا نقصان ہو چکا ہے۔ایکسپورٹ کا کام رک چکا ہے اور اگر یہی حالات رہے تو چاول اورکپڑے کے برآمدی آرڈرز بھی ہم سے چھن جائے گے۔

پیشہ ازیں ذوالفقار علی انصاری صدر جھنگ چیمبر آف کامرس نے عمران خان سے درخواست کی کہ پاکستان پر رحم کریں اور کاروباری برادری کو ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر کاروبار بند ہوں گے تو ملک میں بیروزگاری پھیل جائے گی۔ عمران خان اپنے ورکرز کو بیروزگار کر کے سزا نہ دیں اور ان کو دو وقت کی روٹی کھانے دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی سول نافرمانی کی کال کی مذمت کرتے ہیں اور اس انتہائی اقدام کے خلاف شعور کی بیداری میں اپنا کردار اداکریں گے اور لوگوں کو اس کے تباہ کن نتائج کے بارے میں آگاہ کرنے کی ہر ممکن کو شش کریں گے۔