جھنگ کی خبریں 2/4/2016

Jhang

Jhang

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غلام مجتبیٰ بلوچ اور سول جج محمد شہباز حجازی نے ڈسٹرکٹ جیل جھنگ کے دورہ کے دوران ایک قیدی اسیر کو جیل سے ذاتی مچلکہ پرفی الفوررہا کرنے کا حکم صادر کیا۔اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ شیخ محمد افضل جاویدہمراہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹیو حق نواز اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جوڈیشل جاوید رشید بھی تھے۔انہوں نے نو عمر وارڈ اورمختلف بارکوں کے علاوہ جیل ہسپتال اورکچن اسیران کا دورہ کیااورکچن میں قیدیوں کیلئے تیار ہونے والے کھانے کو چیک کیا۔فاضل جج صاحبان نے سپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت کی کہ قانون کے مطابق اسیران کو سہولیات فراہم کر یں اور قیدیوں کی صحت و علاج معالجہ پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوںنے جیل ہذا کی صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی کے نظام کو ہمیشہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی ۔مزیدبرآں انہوںنے نو عمر وارڈ میں کیرم بورڈ، لڈو ، والی بال اور کرسیاںبھی تقسیم کیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (تحصیل رپورٹر) کیمپ دار الاحسان سمندری روڈ کے زیر اہتمام 80واں سہ ماہی فری آئی کیمپ اختتام پذیر ہوگیا ہے جس کے دوران آنکھوں کے ریکارڈ 12 ہزار603 کامیاب آپریشن کئے گئے ۔یہ دنیا کا اپنی نوعیت کامثالی فری آئی کیمپ900 بستروں پر مشتمل تمام جدید سہولتوں سے مزین کیمپ دار الاحسان کے دار الحکمت،دارالشفاء ہسپتال میں یکم مارچ سے 31 مارچ تک منعقد ہوااوراتنی بڑی تعداد میں آنکھوں کے کامیاب آپریشن اس مثالی کیمپ کا اہم کارنامہ ہے ۔پروقار اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیمپ کے چیئرمین لفٹینٹ جنرل(ر)خالد لطیف مغل اور دیگر مقررین نے بتایا کہ مذکورہ12603آپریشن 16جدید مائیکروسکوپ اور4فیکو مشینوں کے ذریعے اور514لیزرشعاعوں کے ذریعے کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ اس 31روزہ فری آئی کیمپ میں انتظامیہ کی طرف سے 9570لینزز غریب اور مستحق لوگوں کی آنکھوں میں مفت لگائے گئے نیز1117شوگر کے مریضوں کی اور272یک چشمی مریضوں کے آنکھوں کے آپریشن بھی کئے گئے جو تمام 100فیصد کامیاب رہے ۔اس مثالی کیمپ کی خاص بات 98پیدائشی نابینا افراد کے کامیاب آپریشنز کے ذریعے قوت بصارت کی بحالی ہے اورفری آئی کیمپ کی کامیابی کا تناسب 99.96فی صد رہا جو دنیاطب کا ایک قابل رشک ریکارڈ ہے ۔اس کیمپ کے دوران آنکھوں کے مختلف امراض کا شکار22139مریضوں کوآئوٹ ڈور پر علاج معالجہ کی فری سہولیات بہم پہنچائی گئیں ۔کیمپ میں آپریشنز اور آئوٹ ڈورمعائنہ کی روزانہ اوسط بالترتیب 442اور1123رہی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ اب تک مجموعی 80آئی کیمپس کے دوران5لاکھ20ہزار112 مریضوں کے آنکھوں کے آپریشن کئے گئے جبکہ آئوٹ ڈورپر13لاکھ12ہزار550مریضوں کو چیک کرنے کے علاوہ68لاکھ 41ہزار20مریضوں کا بلا آپریشن علاج کیا گیا اور2413پیدائشی نابیناافراد کے کامیاب آپریشن کے بعد انہیں بصارت حاصل ہوئی۔مقررین نے ادارہ کے بانی نامور روحانی پیشوا حضرت ابوانیس محمد برکت علی لدھیانوی اور ادارہ کے موجودہ مہتمم میاں محمد شفیع اور نائب مہتمم میاں نجیب اللہ کی بے لوث شاندار انسانی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ادارہ 1976ء سے دکھی انسانیت کی قابل تقلید خدمت میں مصروف عمل ہے ۔اس ادارہ کی بنیاد ہی دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کے جذبہ پر رکھی گئی ہے ۔دوائوں ،خوراک ،رہائش اور دیگر سہولیات مریضوں ،ان کے تیمارداروں اور ملاقاتیوں کو مفت فراہم کی جاتی ہیں۔اس کیمپ میں 80سے زائد ماہرین امراض چشم نے خدمات سرانجام دیںجن میں سے 17ڈاکٹروں کی خدمات محکمہ صحت پنجاب کی طرف سے فراہم کی گئیں جبکہ 63دیگر آئی سپیشلسٹس ڈاکٹرز رضاکارانہ طور پرخدمات کی سرانجام دہی کے لئے کیمپ میں موجود رہے ان کی معاونت کے لئے 250سے زائد رضا کار(پیرامیڈیکل سٹاف)موجود رہے۔مشورہ مفت،علاج مفت،خوراک مفت اور غیر امتیازی سلوک کیمپ دار الاحسان کے چار بنیادی اصول ہیں جن پر سختی سے عمل کیا جاتا ہے ۔آخر میں ادارہ کے چیئرمین نے کیمپ میں خدمات سرانجام دینے والے ڈاکٹروں،پیرا میڈیکل سٹاف اور رضا کاروں میں نقد انعامات اور توصیفی اسناد تقسیم کیں۔اس سادہ مگر پر وقار روحانی تقریب کا اختتام پاکستان کی سلامتی وترقی وخوشحالی اورامت مسلمہ کے اتحاد یکجہتی کے لئے خصوصی دعا سے ہوا جو ادارہ کے مہتمم میاںمحمد شفیع نے کرائی۔