جھنگ کی خبریں 25/06/2015

Naseem Nawaz

Naseem Nawaz

جھنگ : ڈویژنل کمشنر کیپٹن (ر) نسیم نواز نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں کو معاشی ریلیف کے حوالے سے عوامی توقعات کے مطابق ہونا چاہیے اور صارفین کی کسی قسم کی شکایت کا فوری نوٹس لے کراس کا بلاتاخیر ازالہ کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات جھنگ میں مختلف رمضان بازاروں کے معائنہ کے دوران صارفین سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پرریجنل پولیس آفیسر،ڈسٹرکٹ کوآرڈ ی نیشن آفیسر نادر چٹھہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ذیشان اصغر کے علاوہ دیگر ضلعی افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈویژنل کمشنر نسیم نواز نے سٹال ہولڈرز پرزوردیا کہ سستے بازارمیں روزانہ کی بنیاد پر تازہ،پھل،سبزیوں کی فروخت کے ساتھ ساتھ کھانے پینے کی دیگر اشیاء کی کوالٹی وزن اور نرخوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے ۔انہوں نے صارفین سے کہا کہ رمضان بازار میں فروخت ہونے والی اشیاء کی کوالٹی،ناجائز منافع خوری اور دکانداروں کے رویہ کے بارے کوئی شکایت ہو تو فوری طور پر قائم شدہ شکایات سیل میں اپنی شکایات درج کروائیںجس کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کی طرف سے صوبہ بھر میں سستے رمضان بازار لگانے کا اصل مقصد عام آدمی کو روزمرہ استعمال کی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ریلیف دینا ہے تاکہ صارفین ماہ صیام کے دوران ایک ہی جگہ سے عام مارکیٹ کے مقابلہ میں سستے داموں اشیاء خرید سکیں ۔انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ رمضان بازاروں میں تمام ترضروری سہولیات کی فراہمی کویقینی بنایا جائے اور صحت وصفائی کے ساتھ ساتھ سیکورٹی وٹریفک نظام پر بھی کڑی نظررکھی جائے۔انہوں نے اس دواران رمضان بازار میں فروخت ہونے والی مختلف اشیاء کے نرخوں کے بارے صارفین سے دریافت کیا اور وزن کے پیمانے بھی چیک کئے۔انہوں نے رمضان بازار میں کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ( )حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ کی سرکردگی میں اشیائے ضروریہ کے ناجائز منافع خوروں اور گرانفروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے اس ضمن میں ضلع بھر میں مقررکئے گئے سپیشل پرائس کنٹرولنگ مجسٹریٹس نے ماہ صیام کے دوران اب تک مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں اچانک چھاپے مار کراشیائے خوردونی کی زائد قیمتیں وصول کرنے،ضلعی حکومت کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں کی لسٹیں آویزاں نہ کرنے اورکم تولنے کی پاداش میں اڑھائی سو سے زائد دکانداروں کو تقریباً دو لاکھ روپے سے زائد جرمانے کئے جو کہ موقع پر وصول کرکے خزانہ سرکار جمع کروائے گئے جبکہ دو دکانداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کے علاوہ رمضان آڑدی نینس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس دوران مجسٹریٹس نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ صارفین کو ملاوٹ شدہ اور مضرصحت اشیائے ہر گز فروخت نہ کریں اور ضلعی حکومت کی طرف سے مقرر کردہ نرخوں پر ہی اشیاء فروخت کریں دوران چھاپے جو دکاندار مرتکب پایا گیا تو اسے ہر گز معاف نہیں کیا جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔

Nadir Chatha

Nadir Chatha

جھنگ( )ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ کی ہدایت پر ضلع بھرمیں ماہ صیام کے دوران مضر صحت غیر معیاری اور بیمار لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف مہم جاری ہے۔ اس ضمن میں گزشتہ روزپٹرولنگ پولیس کی اطلاع پر فیصل آباد روڈ پر ڈی او لائیوسٹاک ڈاکٹر شفقت ، سپرنٹنڈنٹ سلاٹر ہائوس ڈاکٹر سیف اللہ ، ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر عثمان اور ڈی او ماحولیات نے غیر معیاری اور بدبو دار گوشت تقریباً پچاس من جو کہ ایک ویگن پر لوڈ تھا قبضہ میں لے لیا اور تھانہ موچی والا میں ایف آئی آر درج کروا کر مضر صحت گوشت کو قریبی خیر والا ڈرین میں تلف کر دیاگیا۔