جھنگ کی خبریں 18/3/2014

جھنگ (نمائندہ خصوصی) :جھنگ بھر کے علمائ،خطبائ،مہتممین ،اورائمہ مساجد کا اہم اجلاس مدرسہ علوم الشریعہ ٹوبہ روڈ منعقد ہوا۔اجلاس میں آج ہونے والے تحفظ مدارس دینیہ ملتان میں شرکت کی ترتیب بنائی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ جھنگ کے تمام علماء قافلوں کے ساتھ ملتان جائیں گے۔مسؤل وفاق المدارس العربیہ پاکستان ،مولانا عبدالرحیم و قاری محمد شفیق پانی پتی نے بعدازاں میڈیا کے نمائندوں کو بتایاکہ تحفظ مدارس دینیہ کنونشن میں عوام کی بھر پور شرکت سے ثابت ہو جائیگا کہ وہ پاکستان میں کسی طالع آزما کو مدارس کی طرف میلی آنکھ دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔علماء کا کہنا تھا کہ مدارس نے ہر دور میں ملک کے تحفظ اور بقا اور اپنی آزادی و خودمختاری کی جنگ لڑی ہے،جو لوگ مدارس کے بارے میں گھٹیا سوچ رکھتے ہیں وہ سابقہ ادوار کی تاریخ دیکھیں ،آج سابقہ حکومتیں بھی گواہی دے رہی ہیں کہ مدارس کا کسی قسم کی تخریب کاری سے کوئی تعلق نہیں۔انہوں نے کہا کہ کنونشن کو ضرور کامیاب کروائیں گے ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ (نمائندہ خصوصی) :فیصل آباد چیمبر آف کا مرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر ممبر، پا کستان کسان ویلفیئر کو نسل کے چیئر مین، محقق اور تخلیق کار چوہدری عبداللطیف سہو نے کہاہے کہ معروف صنعت کار ، ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر اور فیصل آ باد ڈویژن کے ضلع چنیوٹ سے تعلق رکھنے والی مشہور کاروباری شخصیت ایس ایم منیر کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان کا چیف ایگز یگٹو مقرر کرنا حکو مت کا خوش آئند اقدام اور بہت اچھا فیصلہ ہے جبکہ ان کی تقرری سے جہاں محکمانہ کارکردگی بہتر بنانے میں مد د ملے گی وہیں ملکی مصنوعات کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے علاوہ پاکستانی پراڈکٹس کی برآمدات بڑھانے کیلئے نئے کاروباری ، تجارتی روابط کافروغ بھی ممکن ہو سکے گا جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔پیر کے روز میڈیاسے بات چیت کے دوان انہوںنے کہاکہ اتھارٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانا اس لئے بھی ضروری تھاتاکہ جی ایس پی پلس کے حقیقی ثمرات حاصل کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہاکہ قبل ازیں اتھارٹی کے افسران کی جانب سے اس گرم جوشی کا مظاہرہ دیکھنے میں نہیں آ رہا تھا جس کی اس وقت ملک و قوم کو ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ ادوار میں غلط سیاسی فیصلوں کے باعث اتھارٹی کے چند افسران کی روائتی سستی نے ملک میں کاروباری ، تجارتی ، درآمدی ، برآمدی سرگرمیوں کو محدود کئے رکھا تاہم اب امید ہے کہ ایس ایم منیر جیسے کہنہ مشق ، فرض شناس ، باکردار ، تجربہ کار اور مخلص ومحب وطن کی سربراہی میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ برآمدی ترقی کیلئے بنائے گئے ادارہ کے اصل مقاصد کو حاصل کرکے ملک سے غربت و بیروزگاری کاخاتمہ بھی یقینی بنایاجاسکتاہے ۔انہوںنے کہاکہ نیک نام افسران جہاں متعلقہ محکموں کیلئے رحمت ثابت ہوتے ہیں وہیں ملک وقوم کو بھی ان کی خدمات سے استفادہ کرنے کاموقع ملتاہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے ایس ایم منیر کا بروقت انتخاب کرکے صنعتی ، کاروباری ، تجارتی ، درآمدی ، برآمدی سیکٹر سے تعلق رکھنے والوں کے دل جیت لئے ہیں اور امید ہے کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کی ترقی کیلئے بھی ممد ومعاون ثابت ہوں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (نمائندہ خصوصی):پاکستان کسان ویلفیئر کونسل کے چیئرمین چوہدری عبداللطیف سہونے کہاہے کہ ملک کے مخصوص کاروباری حالات اور بعض بین الاقوامی وجوہات ، دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات ، ایکسپورٹ کے ضمن میں سخت شرائط کے باعث وسطی ریاستوں ، عرب ممالک ، افغانستان ، ایران و دیگر ممالک کورواں سیزن کے دوران ہدف کے مطابق کینو برآمد نہیں کیاجاسکا جبکہ اگر فوری مناسب پلاننگ نہ کی گئی تو آم کی برآمد میں بھی فروٹ ایکسپورٹرز کو اربوں روپے کا نقصان پہنچنے کااحتمال ہے۔پیر کے روز میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوںنے کہاکہ ایک طرف متعلقہ اداروں کی بار بار یقین دہانیوں کے باوجود ترشاوہ پھلوں سمیت دیگر اقسام کے فروٹس کی گریڈنگ ، پالشنگ ، پیکنگ ، ایکسپورٹ میں درپیش رکاوٹوں کے خاتمہ کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہ کئے گئے ہیں جبکہ دوسری جانب نئی بین الاقوامی منڈیوں کی تلاش میں بھی سست روی کامظاہرہ کیا جارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ اداروں کی عدم دلچسپی سے کینوکے درآمد کنندگان کو اربوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑاہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ آم کی زیادہ سے زیادہ پیداوار برآمد کرنے کیلئے اگر ابھی سے مناسب پلاننگ نہ کی گئی تو باغبانوں سمیت فروٹ برآمد کنندگان کو مزید اربوں روپے کانقصان برداشت کرناپڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ سرکاری و غیر سرکاری طور پر کینو کی زیادہ مقدار وسطی ریاستوں ، عرب ممالک ، بعض یورپین کنٹریز ، افغانستان ، ایران کو ایکسپورٹ کی جاتی تھی مگر دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی آڑ میں رواں سال وسطی ریاستوں کو مطلوبہ ہدف کے مطابق کینو کی ایکسپورٹ نہ ہو سکی ہے جس کے باعث باغبانوں ، زمینداروں ، بیوپاریوں اور برآمدکنندگان کو ان کی اصل قیمت بھی نہ مل سکی ہے۔ انہوںنے توقع ظاہر کی کہ حکومت آم کی زیادہ سے زیادہ برآمد کو یقینی بنانے کیلئے پیشگی مؤثر اقدامات کرے گی تاکہ ملک کیلئے زیادہ سے زیادہ زرمبادلہ کاحصول ممکن ہو سکے۔####
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ(نمائندہ خصوصی)قرآن کی تعلیم دینے والے ادارے قوم پر احسان کررہے ہیں،اللہ قرآن سے جڑے ہر فرد کی فتنوں سے حفاظت کرے گا۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام س کے ضلعی راہنماء مولانا عرفان الحق قادری نے اقراء روضتہ الاطفال ٹرسٹ میں ایک انعامی تقریب سے خطاب میں کیا جہاں امسال انتیس طلباء طالبات نے حفظ قرآن کی سعادت حاصل کی۔سالانہ امتحان میں پوزیشن ہولڈر ز میں تقسیم انعامات کے سلسلہ میں منعقد ایک تقریب سے خطاب میں مولانا نے کہا کہ قرآن کی تعلیم دینے والے ادارے ملک و قوم کے محسن ہیں جو نظریہ پاکستان کے عین مطابق تعلیم دے رہے ہیں۔عصری علوم کو ضرورت کے مطابق ساتھ چلانا ضروری ہے مگر حفظ قرآن کو لازمی نصاب کا درجہ دینا انہی اداروں کا طرہ امتیاز ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ قرآن سے جڑنے والے لوگوں کی قبر حشر میں حفاظت کرے گا اور قرآن کی دوستی جہاں دنیا میں کام آئیگی وہیں قبر میں بھی روشنیوں کا سبب بنے گی۔انہوں نے قرآن کے طالب علموں سے ملک میں امن،مذاکرات کی کامیابی ،ترقی و خوشحالی اور مولانا سمیع الحق کی حفاظت کی دعا کروائی ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر محب وطن شہری پاکستان میں امن چاہتا ہے اور مذاکرات ک کامیاب دیکھنا چاہتا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ(نمائندہ خصوصی)مولانا سمیع الحق فریق نہیں بلکہ رابطہ کار ہیں،اکوڑہ خٹک کیطرف مارچ کی دھمکیاں دینے والے وزیرستان جا کر شوق پورا کر لیں ۔ملک میں لگی آگ بجھانے کے لئے مذاکرات میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا،مولانا سمیع الحق روایتی سیاستدان ہوتے توصرف بیان بازی پہ گزارہ کررہے ہوتے۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام س کے راہنماؤں مولانا عرفان الحق قادری ،مولانا عبدالحفیظ کھوکھر،مولانا قدرت اللہ عارف نے میڈیا کو جاری اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت طالبان سے براہِ راست مذاکرات شروع کرے اور کمیٹیوں کو تحفظ فراہم کرے۔ایسی جگہ کا تعین ضروری ہے جہاں طالبان راہنما ء با آسانی حکومتی کمیٹی سے مل سکیں۔ ہماری قربانیوں اور قوم کی دعاؤں سے مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔اب حکومتی کمیٹی کو براہِ راست طالبان راہنماؤں سے ملنا چاہیے۔حکومت کمیٹیوں کو تحفظ فراہم کرے اور مذاکرات کا مقام خفیہ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں طالبان راہنماء بآسانی حکومتی کمیٹی سے مل سکیں،اب بھی میڈیا سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا سمیع الحق امن کی خاطر تاریخی کردار ادا کررہے ہیں۔امن قائم کرنے میں مولانا کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔راہنماؤں نے قوم سے دعائیں جاری رکھنے کی اپیل کی اور کہا کہ جو لوگ اکوڑہ خٹک کی طرف مارچ کی دھمکیاں دے رہے ہیں وہ وزیرستان جائیں ،یہ لوگ دس سال سے سو رہے تھے جبکہ ملک جل رہا تھا۔اب جب امن کی فضا قائم ہوئی ہے یہ مذاکرات کی بجائے جنگ اور رابطہ کار کمیٹیوں کو فضول بیان بازی سے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ ( نمائندہ خصوصی) اہلسنت والجماعت ضلع جھنگ کی تمام تحصیلوں کا اہم اجلاس گذشتہ روز مسجد حق نواز میں ضلعی کنوینئر چوہدری ریاض جٹ کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں موجودہ ملک میں جاری اہلسنت کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کی گئی اور 23 مارچ کو لیاقت باغ راولپنڈی میں ہونے والی تحفظ اہلسنت کانفرنس میں شرکت پر غور کیا گیا اور جانے کے لئے پالیسی بھی مرتب کی گئی اور حال ہی میں لاہور جیل میں وفات پانے والے اہلسنت کے کارکن بھائی شکیل شاہ کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں مولانا عزیز اللہ جھنگوی کا کہنا تھا کہ 22 مارچ کی رات کو تحفظ اہلسنت کانفرنس میں شرکت کیلئے ہزاروں کارکنوں کا قافلہ روانہ ہو گا جس کی قیادت ضلعی ذمہ داران کریں گے۔ اس موقع پر اہلسنت والجماعت ضلع جھنگ کے سینئر رہنما چوہدری ریاض جٹ مولانا رفیق حیدری ، حافظ بلال، اخلاق شاہ، حافظ تاج ارشد قاسمی بھی موجود تھے۔ ان تمام ذمہ داروں کا مطالبہ تھا کہ ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ :انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنا کر ہی معاشرے میں پنپنے والے جرائم پو قابو پا کر شہریوں کا پر امن ماحول فراہم کیا جاسکتا ہے اورشہری حلقوں کے بھرپور تعاون سے علاقہ کو منشیات سمیت ہر قسم کے جرائم پیشہ عناصر سے پاک کر دیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انچارج پولیس مگھیانہ سب انسپکٹر اخلاق احمد نول نے میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پولیس کا کام لوگوں کی مدد اورجان ومال کی حفاظت کرنا ہے پولیس اہلکارافسران دن رات جاگ کر عوام کے جان ومال کی حفاظت کیلئے فرائض سرانجام دیتے ہیں اس ضمن میں عوام کا بھی یہ فرض ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول اوجرائم پر نظر رکھے تاکہ معاشر ے کو جرائم پیشہ عناصر کی کاروائیوں سے بچایا جا سکے انہوںنے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ ذیشان اصغر کی زیر نگرانی جھنگ پولیس جرائم پیشہ عناصر اورجرائم کی بیج کنی کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے سب انسپکٹر اخلاق احمد نول نے کہاکہ ایک اچھا پولیس آفیسر اورایک اچھا انسان وہی ہے جوکہ لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کرتے ہوئے جان بھی چلی جائے تواس کی پرواہ نہیں عزم کر رکھا ہے تمام کام معریٹ پر کیا جائے گا دورا ن تعیناتی علاقے میں ہونے والے جرائم کا خاتمہ کرکے شہریوں کو خوشگوار اورپر امن ماحول فراہم کر سکوں انچارج پولیس چوکی مگھیانہ نے مزید کہا کہ ٹاوٹ مافیا کا خاتمہ کردیا گیا ہے اورپولیس چوکی کے دروازے مظلوم شخص کی داد رسی کیلئے کھلے ہیں جرائم پیشہ عناصر خواہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہوں قانون کے مطابق بلا امتیاز ان کے خلاف کاروائی ہوگی انہوں نے جرائم پیشہ عناصر کو انتہباہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ جرائم سے تائب ہو کر شریفانہ زندگی بسر کریں یا پھر وہ یہ علاقہ چھوڑ کر کہیں اورچلے جائیں وگرنہ قانون اپنا کام کرتے ہوئے زیادہ دیر انہیں آزاد رہنے نہیں دے گا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ (نمائندہ خصوصی) :چیف ایگزیکٹو فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی خورشید عالم کی سخت ہدایات اور واضح احکامات کے باوجود فیسکو جھنگ کے افسران نے بالعموم اور واپڈا فیسکو سول لائن سب ڈویژن جھنگ کے حکام نے بالخصوص عوام الناس کو ذلیل وخوار کرنے کا وطیرہ اپنا لیا ہے جبکہ نئے کنکشنز کے حصول کیلئے ڈیمانڈ نوٹس جمع کروانے والے افراد مختلف حیلے بہانوں سے سخت پریشانی کاشکار ہیں اور محکمہ کی جانب سے اگر میٹرہوں تو تار نہ ہونے اور تار ہو تو میٹر نہ ہونے کا بہانہ بنا دیا جاتاہے نیز فیسکو کی قیمتی تارمبینہ طور پر چوری وخرد برد کرکے مارکیٹ میں فروخت کرنے کابھی انکشاف ہواہے ۔فیسکو سول لائن سب ڈویژن جھنگ کے بجلی کے نئے کنکشن حاصل کرنے کے خواہش مند مختلف افراد نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ ایک طرف فیسکو حکام نئے کنکشن کے ضمن میں صارفین سے میٹر اور بجلی کی تار فراہم کرنے کی غرض سے انتہائی زائدرقم وصول کررہے ہیں اور ہر صارف سے بجلی کا کنکشن لگانے کی مد میں 40میٹر تار کی رقم وصول کی جاتی ہے جبکہ اکثر مقامات پر 40میٹر تار نصب نہ ہوتی ہے مگر اس کے باوجود ستم ظریفی یہ کہ جن افراد نے طویل عرصہ سے ڈیمانڈ نوٹس کی رقم جمع کروا رکھی ہے انہیں کبھی کہاجاتاہے کہ میٹر دستیاب نہ ہیں اور اگر میٹر آجائیں تو کہاجاتاہے کہ تار دستیاب نہیں ۔ اس طرح صارفین کو مسلسل خوار کرنے کاسلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب جب واپڈاحکام سے کنکشن لگانے کیلئے اصرار کیاجاتاہے تو وہ کہتے ہیں کہ مارکیٹ سے تار لے آئیں تو ان کاکنکشن لگادیاجائیگا۔ صارفین نے بتایاکہ واپڈافیسکو سول لائن سب ڈویژن جھنگ کے کنکشن لائن سپرنٹنڈنٹ نے سب ڈویژن میں اندھیر مچا رکھاہے جس کی زیر سرپرستی فیسکو کی سرکاری تار کی بہت بڑی مقدار مبینہ طورپر خرد برد اور چوری کرکے مخصوص پوائنٹس پر فروخت کردی جاتی ہے اور صارفین کو بعد ازاں وہیں سے قیمتاً تار خرید کر لانے کی ترغیب دی جاتی ہے جہاں سے صارفین کو تار کا رول 3500سے 40000روپے تک فروخت کیاجارہاہے مگر صارفین مجبوراً یہ تار خریدکر کنکشن لگوارہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ مذکورہ صورتحال ایکسین واپڈا فیسکو جھنگ ، ایس ای فیسکو جھنگ سمیت دیگر اعلیٰ حکام کے بھی بخوبی علم میں ہے مگر وہ انتہائی بااثر اور مبینہ کرپٹ ترین متعلقہ لائن سپرنٹنڈنٹ پر ہاتھ ڈالنے سے گریزاں ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مذکورہ اہلکار طویل عرصہ سے جھنگ میں تعینات اور محکمہ کے سیاہ و سفید کامالک بن چکاہے جسے نامعلوم ہاتھوں کی سرپرستی بھی حاصل ہے ۔ صارفین نے چیف ایگزیکٹو فیسکو فیصل آباد خورشید عالم سمیت دیگر ارباب اختیار سے مطالبہ کیاکہ وہ واپڈافیسکو سول لائن سب ڈویژن جھنگ میں جاری انتہائی غیر قانونی ، غیر اخلاقی پریکٹس کا سختی سے نوٹس لیں اور گزشتہ ایک سال کا میٹر ز و تار کی فراہمی کا ریکارڈ فوری طور پر قبضہ میں لے کر اس کی اعلیٰ سطحی ٹیکنیکل کمیٹی سے تحقیقات کروائی جائیں تاکہ تار کے خرد برد کے بارے میں حقائق منظر عام پر آ سکیں۔ انہوںنے طویل عرصہ سے سول لائن سب ڈویژن جھنگ میں تعینات مذکورہ کنکشن لائن سپرنٹنڈنٹ کو بھی فوری ضلع سے باہر تبدیل کرنے کا مطالبہ کیاہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ (نمائندہ خصوصی) :پاکستان کسان ویلفیئر کونسل کے چیئرمین چوہدری عبداللطیف سہو نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نئے پیسٹی سائیڈز ایکٹ کا جلد نفاذ یقینی بنائے تاکہ زمینداروں ، کاشتکاروں ، کسانوں کو بہترین معیارکی زرعی ادویات دستیاب ہو سکیں اور غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت سے کاشتکاروںکو پہنچنے والے مالی نقصان سمیت فصلات کو تباہی سے بچانا ممکن ہو سکے۔ منگل کے روز میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ پچھلے ادوار میں کاشتکاروں کے مطالبے پر حکومت نے نئے درپیش مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے پرائیویٹ اور پبلک سیکٹر سمیت کاشتکار تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے ایکٹ کا از سر نو باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیاتھا کہ گزشتہ ایکٹ میں بہت سی خامیاں موجود ہیں جن میں مناسب ترامیم کی بھی سفارش کی گئی تھی اور کہاگیاتھاکہ جب گزشتہ ایکٹ تشکیل دیاگیا اس وقت ملک میں کوئی فارمولیشن یا مینوفیکچرنگ پلانٹ نہ تھا جبکہ تمام پراڈکٹس درآمد کی جاتی تھیں لیکن اب اللہ کے فضل سے پاکستان میں بین الاقوامی معیار کے زرعی ادویات کے پلانٹس اور لیبارٹریز موجود ہیں جہاں ماہرین دن رات ملکی زراعت کی ترقی کیلئے نئے سے نئے کیمیکل متعارف کروارہے ہیں جو زمیندروں کو ارزاں نرخوں پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ ایکٹ میں معمولی غلطی کرنے اور دو نمبر ، جعلی ، غیر معیاری ادویات فروخت کرنے والوں میں کوئی تفریق نہیں تھی تاہم نئے پیسٹی سائیڈ ایکٹ میں اس سلسلہ میں بھی تفصیلی حدودوقیود مقرر کردی گئی ہیں جن سے غیر معیاری ادویات بیچنے والوں کا محاسبہ کیاجاسکے گا۔####

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ(نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے پولیو کے خلاف بار بار چلائی جانے والی مہم کا اصل مقصد پولیو وائرس کو جڑ سے ختم کر کے ضلع اور ملک کو پولیو کی بیماری سے پاک کرنا ہے لہٰذا محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور عملہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ضلع کے آخری گھر تک پہنچ کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کیلئے دیئے گئے ٹارگٹ کو سو فیصد پورا کرنے کیلئے اپنے فرائض احسن طورپر نبھائیں۔یہ بات انہوںنے ضلع میں 24سے 26مارچ 2014ء تک چلائی جانے والی تین روزہ پولیو مہم کے حوالہ سے محکمہ صحت کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر حسین احمد مدنی،ای ڈی او ایجوکیشن نسیم احمد زاہد،ایم ایس ڈاکٹر ممتاز سیال،انچارج نیشنل پروگرام ڈاکٹر ذوالفقارعلی،ڈی او سی ڈاکٹر خالد راجو،اے ڈی ایل جی مہر ابرال عادل،اسسٹنٹ کمشنرز،ڈی ایم او ،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے علاوہ ڈاکٹرز ،محکمہ صحت کا عملہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈی سی او نے کہا کہ پولیو صرف بچپن کی بیماری نہیں بلکہ عمر بھر کی معذوری ہے جس سے نونہالوں کو بچانے کیلئے ہم سب کی اولین ذمہ داری بنتی ہے کہ پانچ سال یا اس سے کم عمر کے بچوں کو پولیو قطرے ضرور پلوائیں۔انہوںنے کہا کہ ماہ رواںمیں تین روزہ پولیو مہم کی سو فیصد کامیابی کیلئے پہلے کی طرح آئندہ بھی تمام متعلقہ محکموں کو مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگاتاکہ پانچ سال یا اس سے کم عمر کا کوئی بچہ پولیو قطرے پیئے بغیر نہ رہ جائے۔انہوںنے محکمہ تعلیم کے افسران پر زور دیا کہ سکولوں میں روزانہ اسمبلی کے دوران بچوں کو آئندہ تین روزہ پولیو مہم کے بارے میں آگاہ کیا جائے اور انہیں ہدایت کی جائے کہ وہ اس بارے میں اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ اردگرد کی آبادیوں میں بھی آگہی پیدا کریں۔انہوں نے صدر روٹری کلب سید فیروز اقبال گیلانی کو ہدایت کی کہ پولیو قطرے پلانے والی ٹیموں کی شناخت کیلئے انہوںجیکٹس اور بیج فراہم کئے جائیں تاکہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں بچوں کو قطرے پلانے کیلئے کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے ضلعی خطیب اوقاف کو ہدایت کی کہ مساجد میں اعلان کروا کر لوگوں میں پولیو مہم کے بارے آگہی پیدا کی جائے اور علماء کرام جمعہ کے خطبہ میں پولیو ویکسین کی افادیت کے بارے لوگوں میں شعور پید اکریں۔انہوںنے خبردار کیا کہ آئندہ تین روزہ مہم کے دوران ٹرانزٹ پوائنٹس پر تعینات عملہ کی لاپرواہی اور سستی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا انہیں چاہیے کہ وہ ہر آنے جانے والی مسافر گاڑیوں کو روک کر والدین کے ساتھ سفر کرنے والے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو قطرے پلانے کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔انہوں نے اس دوران ضلع کے تمام ڈی ڈی ایچ اوز کو مائیکرو پلان تیار کرکے جلد بجھوانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوران مہم قطرے پیئے بغیر رہ جانے والے بچوں کا ریکارڈ فوری مہیا کیا جائے تاکہ پتہ چلنے پر انہیں فوری قطرے پلائے جا سکیں۔قبل ازیں ای ڈی او ہیلتھ نے بتایا کہ 24سے26مارچ 2014ء تین روزہ مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے 4لاکھ34ہزار630بچوں کو قطرے پلائے جائینگے جس کیلئے ایک ہزارپانچ ٹیمیں تشکیل دیکر 189ایریا انچارج اور85زونل سپر وائزرز مقرر کئے گئے ہیں ۔انہوںنے مزید بتایا کہ دوران مہم قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کو قطرے پلانے کیلئے والدین کی سہولت کیلئے قریبی مخصوص پوائنٹس پر مزید دو دن قطرے پلانے کی مہم جاری رہے گی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ(نمائندہ خصوصی)کھڑی کپاس میں گندم کی کاشت کی جدید ٹیکنالوجی کے بارے زمینداروں /کسانوں میں آگہی پیدا کرنے کیلئے تھانہ قادر پورکے علاقہ موضع جنگل قطب میں واقع اسلام آباد زرعی فارم پر محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام فارمر ڈے کے حوالہ سے سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں ای ڈی او زراعت محمد افضل باجوہ مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈی او زراعت اختر حسین چوہدری ،زراعت آفیسر عابد حسین،زراعت آفیسر اٹھارہ ہزاری محمد ناصر عارف،ڈپٹی ڈائریکٹر سیڈ کارپوریشن ملک امیتاز حسین اور سائبان انٹرنیشنل کمپنی سے عظمت چیمہ کے علاوہ محکمہ زراعت کے فیلڈعملہ اور علاقہ کے زمینداروں /کسانوں و کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ای ڈی او زراعت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت ہماری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ہمارے زمیندار اور کسان بھائیوں کو چاہیے کہ وہ محکمہ زراعت (توسیع)کے مفید مشوروں پر عمل کرتے ہوئے جدید زرعی ٹیکنالوجی کو اپنا کر اپنی فی ایکڑ پیدوار بڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ زمینداروں اور کسانوں میں جدیدزرعی ٹیکنالوجی کے بارے آگہی پیدا کرنے کیلئے فارمر ڈے منانے کاضلع بھر میں اہتمام وسیع پیمانے پر جاری ہے جس میں زرعی ماہرین شرکاء کوفی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے اپنے مفید مشوروں سے آگاہ کرنے کے علاوہ فصلات کو مختلف بیماریوں سے بچائو کی حفاظتی تدابیر اوربروقت ادویات کا استعمال کرکے جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کے بارے میں لیکچر ز دے رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ فارمر ڈے منانے کا اصل مقصد زمینداروں /کسانوں کو ان کے گھر وںکے نزدیک جمع کر کے جدید زرعی ٹیکنالوجی اور جدید طریق کاشت کے بارے روشناس کرانا ہے۔انہوںنے کہا کہ مہنگائی کے پیش نظر زمیندار کو فصلات سے آمدن کے مقابلہ میں زیادہ اخراجات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں جن میں کمی لانے کیلئے جدید طریقہ کاشت اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوںنے زمیندارو ںپر زورد یا کہ وسائل کے مطابق زمین کاشت کرکے اخراجات میں کمی اور فی ایکڑ پیداوارمیں اضافہ کریںکیونکہ موجودہ حالات کے پیش نظررقبہ کم اور پیدا وار زیادہ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ڈی ڈی او زراعت اختر حسین چوہدری نے کہا کہ جس زرعی فارم پر آج فارمر ڈے کے حوالہ سے سیمینار کا اہتمام کیا گیا ہے اس فارم پر کھڑی کپاس میں گندم کاشت کی گئی ہے جس کے بارے دیگر زمینداروں میں بھی آگہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ کھڑی کپاس میں گندم کاشت کرنے کے جدید طریقہ کاشت سے جہاں کپاس کی فصل آخر تک حاصل ہوگی وہاں بروقت گندم کی کاشت سے ہماری فی ایکڑ پیدوار میں بھی اضافہ ہوگا لہٰذا زمینداروں کو چاہیے کہ وہ جدید طریقہ کاشت کو اپناتے ہوئے اپنی گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے محکمہ زراعت کے مشوروں پر عمل کریں۔قبل ازیں زراعت افسران عابد حسین شاہ،محمدناصر عارف نے زمینداروں کو زمین کی تیاری ،طریقہ کاشت ،بروقت کھادوں اور پانی کا استعمال اور فصلات کو مختلف بیماریوں سے بچائو کے بارے آگاہ کیا ۔ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن ملک امتیاز نے بتایا کہ زمینداروں کو معیاری اور تصدیق شدہ بیج فراہم کرنے کیلئے محکمہ سیڈ کارپوریشن کے سٹوروں پر کپاس کی اگیتی فصلBT-886اورFH-142کے پانچ کلو گرام کے تھیلوں کے علاوہ KSK-133،KSK-282،اری 6 اور اری 9دھان کے بیج کے 20کلوگرام وزنی تھیلے وافر مقدار میں موجود ہیں جو زمینداروں کومناسب نرخوں پر فروخت کئے جارہے ہیں۔