جھنگ کی خبریں 19/4/2014

ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے آئی سپیشلسٹ ڈاکٹر خواجہ عبدالجبار مریضوں کیلئے مسیحا ثابت ہونے کی بجائے ذلت کا باعث بننے لگے
جھنگ (محمد شفاکت اللہ سیال ) طویل ترین عرصہ سے جھنگ میں تعینات اور سرکاری ڈیوٹی کی بجائے ذاتی کلینک پر پرائیویٹ پریکٹس کو ترجیح دینے والے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے آئی سپیشلسٹ ڈاکٹر خواجہ عبدالجبار مریضوں کیلئے مسیحا ثابت ہونے کی بجائے ذلت کا باعث بننے لگے ہیں اور سینکڑوں مریض ڈاکٹر کے انتظار میں ہوتے ہیں مگر ڈاکٹر چائے کے مزے لوٹنے سمیت ڈاکٹر زریسٹ روم میں گپ شپ میں مصروف رہنے لگے ہیں جس پر ہسپتال آنے والے مریضوں نے شدید احتجاج کیاہے۔

مگر برس ہابرس سے ہسپتال پر قابض بعض بااثر ڈاکٹرز نے ایم ایس کو بھی لاچار کردیاہے جس پر مریضوں اور شہریوں نے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے آئی سیکشن میں موجود درجنوں مرد و خواتین مریضوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہاکہ آئی سپیشلسٹ ڈاکٹرخواجہ عبدالجبار کا ہسپتال آنیوالے مریضوں کے ساتھ رویہ انتہائی ناروا اور ہتک آمیز ہوتاہے اور وہ ہسپتال میں چیک اپ کیلئے آنیوالے مریضوں کو دیکھنااپنی توہین تصور کرتے ہیں جنہیں مختلف حیلے بہانوں سے شفقت شہید گرائونڈ کے قریب واقع موصوف کے پرائیویٹ کلینک پر آکر بھاری فیس کے عوض نظر کے معائنہ اور علاج معالجہ کی ترغیب دی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ موصوف اکثر اوقات گھنٹوں اپنی سیٹ سے غائب رہتے ہیں اور جب بھی معاون عملہ سے دریافت کیاجاتاہے تو وہ ڈاکٹر موصوف کے وارڈ میں ہونے کا بہانہ بنادیتے ہیں لیکن جب وارڈ میں چیک کیاجاتاہے تو ڈاکٹر موصوف وہاں موجود ہونے کی بجائے ڈاکٹرز ریسٹ روم میں دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گپیں لگانے اور چائے اڑانے میں مشغول نظر آتے ہیں مگر جب ان سے مریضوں کے بارے میں استدعا کی جاتی ہے تو وہ ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔ مریضوں نے کہاکہ موصوف ہمارے ٹیکسوں اور خون پسینے کی کمائی سمیت پرچی فیسوں سے تنخواہ وصول کرتے ہیں مگر ہسپتال میں ان کی دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوںنے کہاکہ دیر سے ہسپتال آنا اور جلدی چلے جانا ان کا معمول بن چکاہے مگر بااثر ہونے کے باعث کوئی انہیں پوچھنے والا نہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جب ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جھنگ کے کمزور ترین ، نااہل اور سفارشی بنیادوں پر تعینات ایم ایس سے رجوع کیاجاتاہے تو بااثر ڈاکٹرز انہیں بھی لفٹ نہ کرواتے ہیں جس کے باعث طویل عرصہ سے تعینات کمزور ترین ایم ایس بھی لاچار نظر آتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جب سے ایم ایس نے ہسپتال کا چارج سنبھالاہے اس وقت سے ہسپتال کا بیڑہ غرق اور تمام نظام درہم برہم ہو چکاہے جبکہ ڈاکٹر صرف حاضری لگانے کیلئے مختصر وقت کیلئے ہسپتال آتے ہیں اور باقی وقت پرائیویٹ پریکٹس کو ترجیح دی جاتی ہے ۔ انہوںنے وزیراعلیٰ پنجاب سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور آئی سپیشلسٹ موصوف کو برطرف و جھنگ سے تبدیل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مولانا محمداحمد لدھیانوی کی بطور ممبر قومی اسمبلی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پر جھنگ میں جشن کاسماں۔ جگہ جگہ شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے ۔ منوں مٹھائی کی بھی تقسیم
جھنگ (محمد شفاکت اللہ سیال ) کی تعمیر و ترقی ، شہریوں کی محرومیوں کے ازالہ ، جھنگ کو ڈویژن کادرجہ دلانے ، یونیورسٹی ، میڈیکل کالج کے قیام ، ہسپتال کی اپ گریڈیشن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔کرپشن کے خاتمہ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے توسط سے تمام تعمیراتی و ترقیاتی محکموں کے گزشتہ 5سالوں کے فنڈز کا سپیشل آڈٹ کروایاجائیگا۔ کسی محکمہ میں شہریوں کی تضحیک یا حق تلفی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ ممبر قومی اسمبلی مولانا محمد احمد لدھیانوی کی میڈیاسے بات چیت
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ (محمد شفاکت اللہ سیال ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مولانا محمداحمد لدھیانوی کی حلقہ این اے 89 شہری نشست جھنگ سے بطور ممبر قومی اسمبلی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پر جھنگ میں جشن کاسماں دیکھنے میں آرہاہے جبکہ ہزاروں کارکنان و شہریوں کی جانب سے جگہ جگہ شکرانے کے نوافل ادا کرنے سمیت منوں مٹھائی کی بھی تقسیم کاسلسلہ جاری و ساری ہے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے منتخب قراردیئے گئے ممبر قومی اسمبلی جھنگ مولانا محمد احمد لدھیانوی نے میڈیاسے بات چیت کے دوران کہاہے کہ جھنگ کی تعمیر و ترقی ، شہریوں کی محرومیوں کے ازالہ ، جھنگ کو ڈویژن کادرجہ دلانے ، یونیورسٹی ، میڈیکل کالج کے قیام ،ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے علاوہ شہریوں کے مسائل کے حل اور انہیں تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے نیزسرکاری اداروں سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے توسط سے تمام تعمیراتی و ترقیاتی محکموں کے گزشتہ 5سالوں کے فنڈز کا سپیشل آڈٹ کروایاجائیگااور آئندہ کسی محکمہ میں شہریوں کی تضحیک یا حق تلفی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوںنے کہاکہ ان کی کامیابی جھنگ کے عوام کے ان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد کی مظہر ہے ۔انہوںنے کہاکہ عدلیہ کی جانب سے انصاف کی فراہمی کے بعد قانون و آئین کی بالا دستی ثابت ہو گئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سرمائے اور طاقت کے بل بوتے پر عوام کا مینڈیٹ چرانے والے اپنے انجام کو پہنچ گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ گزشتہ ادوار میں پسند ناپسند کی بنیاد پر جن شہریوں کی حق تلفی کی گئی ہے انہیں ان کا حق دلوایاجائیگا اور اہلیان جھنگ کی بلاامتیاز خدمت کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ جھنگ امن اور آشتی کا گہوارہ ہے جسے اب خوشحالی کا مرکز بھی بنایاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دور میں کروڑوں ، اربوں روپے کے فنڈز میں تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے ضمن میں مبینہ بے قاعدگیوں ، لوٹ مار ، اقرباء پروری ، بند ر بانٹ کی شکایات زبان زد عام ہیں جبکہ ایک مخصوص مافیا کے پروردہ ٹھیکیدار لاکھوں کروڑوں روپے کی رقوم وصول کرنے کے باوجود کئی ترقیاتی منصوبے نامکمل چھوڑ کر غائب ہو گئے ہیں مگر اب یہ پریکٹس مزید برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوںنے کہاکہ عوام کا خون پسینے اور ٹیکسوں کاپیسہ کسی مخصوص ٹولے کی تجوریاں اور جیبیں بھرنے کیلئے نہیں بلکہ اسے عوام پر ہی خرچ کیاجائیگا۔ انہوںنے کہاکہ ٹھیکیداری سسٹم میں پرچی و پول سسٹم کی بھی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ انشاء اللہ عوام کے تعاون ، مائوں ، بہنوں ، بیٹیوں کی دعائوں اور کارکنوں کی معاونت سے جلد جھنگ کو ڈویژن کا درجہ دلوانے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے 11مئی 2013ء کے انتخاب سے قبل جھنگ میں یونیورسٹی ، میڈیکل کالج کے قیام اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کو اپ گریڈ کرنے کاوعدہ بھی پورا کروایا جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ جائز مسائل کے سلسلہ میں ان کے دروازے تمام شہریوں کیلئے ہر وقت کھلے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ کی سیاست کا بڑا برج الٹنے کے بعد چھوٹا برج بھی لرزنے لگا ۔ اعلیٰ ترین سطح پر رابطے تیز ۔ صوبائی اسمبلی جھنگ کے حلقہ پی پی 78 سے کامیاب امیدوار ہ کے خلاف دائر کی گئی انتخابی عذرداری کا فیصلہ جمعرات کو سنائے جانے کا امکان
جھنگ (محمد شفاکت اللہ سیال ) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89شہری نشست جھنگ سے 11مئی 2013ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر متنخب ہونے والے ممبر قومی اسمبلی شیخ محمد اکرم کی مختلف الزامات کے تحت الیکشن ٹربیونل فیصل آباد سے نااہلی اور مولانا محمداحمدلدھیانوی کے الیکشن کمیشن آف پاکستان اسلام آباد کی جانب سے بطور ممبر قومی اسمبلی منتخب ہونے کے نوٹیفکیشن کے اجراء کے بعد جھنگ کی سیاست کاایک بڑا برج الٹ گیاہے جبکہ چھوٹے برج پربھی لرزہ طاری ہے جس کیلئے متعلقہ افراد نے اعلیٰ ترین سطح پر رابطے تیز کر دیئے ہیں اور چھوٹے برج کو متوقع طور پر الٹنے سے بچانے کیلئے ہاتھ پائوں مارنے کاسلسلہ شروع کر دیا گیاہے تاکہ کسی نہ کسی طرح چھوٹے برج کے بارے میں پائے جانیوالے خدشات اور شبہات کا تدارک ہو سکے ۔ دوسری جانب الیکشن ٹربیونل فیصل آباد جاوید رشید محبوبی کی جانب سے صوبائی اسمبلی جھنگ کے حلقہ پی پی 78 شہری نشست سے کامیاب امیدوار ہ کے خلاف دائر کی گئی انتخابی عذرداری کا فیصلہ 24 اپریل بروز جمعرات کو سنائے جانے کا امکان ہے ۔ 11 مئی 2013ء بروز ہفتہ کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں حلقہ پی پی 78 شہری نشست جھنگ سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار راشدہ یعقوب شیخ (جو اسی حلقہ سے سابق ایم پی اے شیخ محمدیعقو ب کی اہلیہ ہیں) نے 18755ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ متحدہ دینی محاذ کے امیدوار مولانا محمد احمد لدھیانوی 16933 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے ۔ بعد ازاں مولانامحمد احمد لدھیانوی ، شیخ طارق اسلم ، شیخ دانیال اقبال و دیگران نے نو منتخب لیگی ممبر صوبائی اسمبلی کے خلاف انتخابی عذرداری دائر کی تھی جس میں ان کے خلاف انتخابات میں دھاندلی سمیت بعض دیگر بے قاعدگیوں کے الزامات عائد کئے گئے تھے ۔ الیکشن ٹربیونل فیصل آباد جاوید رشید محبوبی نے کئی تواریخ کے دوران مقدمہ کی سماعت مکمل کرلی ہے اور توقع ہے کہ مذکورہ انتخابی عذرداری کافیصلہ 24اپریل برو ز جمعرات کو سنادیاجائیگا۔