جھنگ: ممبر پریس کلب سینئر صحافی مظفر اقبال دل کا دورہ پڑنے سے انتقال فرما گئے۔اُن کی نمازِ جنازہ لولہے شاہ قبرستان میں ادا کی گئی جس میں فوٹو گرافرز الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کی کثیر تعداد کے علاوہ شہریوں ،وکلائ، مختلف تنظیموں کے عہدیداروں ،عزیز و اقارب ،دوست احباب سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف طبقئہ فکر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی ۔بعد ازاں انہیں ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔اُن کی رسمِ قل خوانی بروز اتوار 25اکتوبر کو 2بجے دوپہر مسجد نورِ سحر سیشن چوک میں ادا کی جائے گی۔ان کی نا گہانی وفات پر صدر جھنگ یونین آف جرنلسٹس رائے منظور احمد عابد اور چئیر مین پریس کلب لیاقت علی انجم نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ساتویں محرم الحرام کو عزاء داروںکے بڑے جلوس کو سیکورٹی کی فراہمی کے سلسلہ میں کمشنر فیصل آباد ڈویژن کیپٹن (ر) نسیم نواز اور ریجنل پولیس آفیسر طفیل احسان نے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسرجھنگ نادر چٹھہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھو کے ہمراہ جھنگ سٹی کا دورہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنرجھنگ عمران عصمت ،ایڈیشنل ایس پی عادل میمن اور پولیس کے چاک و چوبند دستے ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر فیصل آبادڈویژن کیپٹن (ر) نسیم نواز اور ریجنل پولیس آفیسر طفیل احسان نے جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا ۔انہوںنے اس موقع پر ہدایت کی کہ ٹی ایم اے کا عملہ تجاوزات کے خاتمہ کے تسلسل ،صفائی کے انتظامات اور عزاء داروں کیلئے جرنیٹروں کی فراہمی کے سلسلہ میں مسلسل نگرانی کریں۔انہوںنے ہدایت کی کہ شرانگیزتقاریر،بینرز،وال چاکنگ،کسی بھی شخص کے مذہبی عقائد کی دل آزاری ،لائوڈ سپیکرکے غیر قانونی استعمال اوراسلحہ کی نمائش کی بیخ کنی کیلئے ہمہ وقت اپنے فرائض سرانجام دیںکیونکہ کوئی بھی تخریبی اور شرارتی عنصرکسی بھی وقت ایسی حرکت کر سکتا ہے جو ایک چنگاری کی طرح شہر کے امن کو خراب کر سکتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ عاشورہ محرم میں سیکورٹی کے حوالہ سے ہر لمحہ اہمیت رکھتا ہے اور اس ضمن میں سیکورٹی اداروں کے کسی اہلکار کی طرف سے چھوٹی سی غفلت کا بھی شہر متقاضی نہیں ہے۔انہوںنے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ انٹیلی جنس اداروں اور میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ کوآرڈی نیشن کو مستقل اور مربوط بنائیں اور انکی طرف سے فراہم کردہ اطلاعات پر فوری ایکشن لیں۔انہوںنے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے افراد کے درمیان مذہبی ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے سلسلہ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔سول سوسائٹی اور تمام طبقہ ہائے فکر کے عمائدین کے ساتھ کوآرڈی نیشن رکھیں کیونکہ عوام کی شمولیت سے ہی مستقل اور پائیدار امن کا حصول ممکن ہے۔
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) سیکرٹری ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن پنجاب علی طاہرنے کہا ہے کہ ضلع بھر میں عاشورہ محرم الحرام کے تمام جلوسوں کی سیکورٹی کے انتظامات کو مزید فعال بنانے کے سلسلہ میں الیکٹرانک مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت اور نااہلی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی۔یہ بات انہوںنے جلوسوں اور مجالس کے سلسلہ میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق جلوسوں کے روٹس کے معائنہ کے دوران کہی۔ ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسرنادر چٹھہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہمایوں مسعود سندھو اور دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔سیکرٹری علی طاہر نے کہا کہ ماہ محرم الحرام اہل اسلام کیلئے مقدس مہینہ ہے ہر فرقہ کے لوگوں کو شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے آپس میں بھائی چارہ ،یگانگت اور اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ مجالس اور جلوسوںکے راستوں کو صاف ستھرا رکھنے کے علاوہ شہروں میں سیوریج کے نظام کو ہمہ وقت چالو رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔ علاوہ ازیں جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کر کے ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی تعمیرو مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے اور جلوسوںکے راستو ں پر کھڑی کی گئی تجاوزات کو بھی فوری طور پر ختم کرایا جائے تاکہ دوران جلوس عزاء داروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے لائسنسداران سے کہا کہ غلط افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے انتظامیہ سے رابطہ میں رہیں اور مجالس اور جلوسوں میں آنے والے ہر شخص پر کڑی نظر رکھیں اور کسی شخص کو شاپنگ بیگ،ہینڈ بیگ وغیرہ بغیر تلاشی اندر لے جانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔بعد ازاں سیکرٹری ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن پنجاب علی طاہرنے دورہ کے دوران ریسکیو 1122جھنگ سنٹرل اسٹیشن میں کنٹرول روم کے کال مانیٹرنگ سسٹم کو بھی چیک کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹرطارق سعید نے محرم الحرام کے دوران ہر قسم کے حادثات ،ایمرجنسی اور زنجیر زنی سے زخمی ہونے والے عزاء داران کو موقع پرطبی امداد فراہم کرنے اور ہسپتال پہنچانے کیلئے محرم پلان کے بارے بریفنگ دی اور یقین دہانی کرائی کہ ہر جلوس کے ساتھ ریسکیواہلکار ہمہ وقت موجود رہیں گے اور10محرم تک کے جلوسوں کے روٹس پر ریسکیو 1122فل ایمرجنسی کور کریگی۔
جھنگ ( ڈسٹرکٹ رپورٹر ) تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیکرٹری پنجاب ایکسائزاینڈ ٹیکسیشن علی طاہر نے ریسکیو 1122جھنگ سنٹرل اسٹیشن کا دورہ کیا جس میں انہوں نے کنٹرول روم کے کال مونیٹرنگ سسٹم کو بھی چک کیا ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسر ڈاکٹرطارق سعید نے محرم کالحرام کے حوالہ سے اُن کو بریفنگ دی جس پر اُنہوں نے ریسکیو 1122کی سروس اور اہلکاروں کے کام کی تعریف کی اور یہ بھی کہا کہ اپ کایہ ایک مقدس شعبہ ہے جس میں رہ کر اپ لوگوں کی زیادہ زیادہ خدمت کر سکتے ہیں۔
جھنگ: سرکاری ملازمین کو تنخواہیں بانٹنے والے خود اندھیروں میں ڈوب گئے۔اے جی آفس جھنگ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا متبادل نظام ہونے کے با وجود جنریٹر کو جان بوجھ کر بند رکھا جاتا ہے اور سائلین کو بجلی نہ ہونے اور کمپیوٹر بند ہونے کا کہہ کر ٹرخا دیا جاتا ہے۔وہاں پر آئے ہوئے سائلین نے میڈیا کو بتایا کہ جنریٹر جان بوجھ کر بند رکھا جاتا ہے اور اُس کا پڑول بچا کر پیسے ہضم کر لئے جاتے ہیں ۔ جب اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ اکائونٹ آفیسر میاں رفیع سے بات کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ جنریٹر پرانا ہے اور وہ زیادہ دیر نہیں چل سکتا اگر کوئی ضروری کام ہو تو چلا لیتے ہیں ورنہ اکثر بند رکھا جاتا ہے۔بجلی بند ہونے اور کمپیوٹر نہ چلنے کی وجہ سے سائلین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے اے جی آفس میں لوڈ شیڈنگ کی صورت میں متبادل نظام کو چالو رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔