جھنگ کی خبریں 26/02/2015

جھنگ : وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جھنگ میں مکمل بااختیار و انڈیپنڈنٹ یونیورسٹی کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جبکہ یونیورسٹی آف جھنگ کے نام سے قائم کی جانیوالی نئی یونیورسٹی مکمل طور پر بااختیار اور آزاد یونیورسٹی ہو گی جو کسی دیگر یونیورسٹی کے سب کیمپس کی بجائے فل یونیورسٹی کے طورپر اپنی تعلیمی، تدریسی، تحقیقی سرگرمیوں کاآغاز کرے گی جس سے ضلع جھنگ اور قرب و جوار کے اضلاع کے ہزاروں طلباء و طالبات کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے مواقع میسر آسکیں گے نیز ضلع جھنگ کے شہریوں نے یونیورسٹی آف جھنگ کی منظوری پر مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے جھنگ کے ممبر قومی اسمبلی شیخ محمد اکرم اور ان کے صاحبزادے سابق وفاقی وزیرتعلیم و تربیت شیخ وقاص اکرم سے اظہار تشکرکرتے ہوئے دیرینہ عامی مطالبہ پورا کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیاہے۔ شیخ محمد اکرم وشیخ وقاص اکرم کے ترجمان نے بتایاکہ اس ضمن میں گزشتہ روز شیخ وقاص اکرم نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات کی اور ان سے 11مئی 2013ء کے انتخابات سے قبل کئے گئے اعلان کے مطابق جھنگ میں یونیورسٹی آف جھنگ کے نام سے نئی یونیورسٹی کے قیام کی درخواست کی جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے فوری طور پر جھنگ میں یونیورسٹی آف جھنگ کے نام سے ایک مکمل بااختیارو انڈیپنڈنٹ یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔انہوںنے کہاکہ بعض عناصر کی جانب سے جھنگ میں مکمل یونیورسٹی کے قیام کو کسی دیگر یونیورسٹی کاسب کیمپس قراردینے کی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی آف جھنگ کسی دیگریونیورسٹی کا سب کیمپس نہیں بلکہ مکمل بااختیار اور انڈیپنڈنٹ یونیورسٹی ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ شیخ محمد اکرم اور شیخ وقاص اکرم کی جانب سے انتخابات کے دوران عوام سے جو وعدہ کیاگیا تھا وہ یونیورسٹی آف جھنگ کی صورت میں پوراکیاجارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ نئی یونیورسٹی کے قیام سے جہاں ضلع جھنگ اور قریبی علاقوں کے طلباء و طالبات کو اعلیٰ معیار کی بہترین ہائر ایجوکیشن کی تعلیمی ، تدریسی ، تحقیقی سہولیات دستیاب ہو سکیںگی وہیں جھنگ کی پسماندگی کے خاتمہ اور تعمیر وترقی کی نئی راہیں بھی استوار ہوںگی۔ دریں اثناء جھنگ کے سیاسی ، عوامی ، دینی ، سماجی حلقوں نے جھنگ میں یونیورسٹی آف جھنگ کے نام سے مکمل بااختیار و انڈیپنڈنٹ یونیورسٹی کے قیام کے اعلان پر شیخ محمد اکرم اور شیخ وقاص اکرم کاشکریہ ادا کیاہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ یونیورسٹی کے قیام کے منصوبہ کیلئے فوری طور پر مطلوبہ فنڈز بھی جاری کروائے جائیں گے تاکہ نئے مالی سال کے آغاز سے یونیورسٹی میں تعلیمی و تدریسی سرگرمیوں کا آغاز ہوسکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے کلاس ہشتم کے امتحانات کی نئی ڈیٹ شیٹ جاری کردی۔ ہشتم کاپہلا پرچہ کل 28 فروری اورآخری پرچہ 8مارچ کو ہوگا
جھنگ :پنجاب ایگزامینیشن کمیشن نے کلاس ہشتم کے امتحانات کی نئی ڈیٹ شیٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق کلاس ہشتم کاپہلا پرچہ کل 28 فروری بروز ہفتہ اورآخری پرچہ 8مارچ بروز اتوار کو ہوگا ۔ محکمہ تعلیم کے ترجمان نے بتایاکہ پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے زیر اہتمام فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں کلاس ہشتم کے سالانہ امتحانات کل28فروری بروزہفتہ سے شروع ہوںگے جس میں شرکت کرنے والے تمام طلباء و طالبات کو رول نمبر سلپیں اور ڈیٹ شیٹس فراہم کردی گئی ہیں نیز امتحانی مراکز ، کلسٹرسنٹرز قائم کر کے امتحانی عملہ بھی تعینات کردیاگیاہے۔انہوںنے بتایاکہ کلاس ہشتم کا پہلے روز 28 فروری بروز ہفتہ کو دو پہر 2 بجے سے ساڑھے 4 بجے تک سائنس کا پہلا پرچہ ہو گا جبکہ باقی پیپرز بھی انہی اوقات میں منعقد ہوں گے ۔انہوںنے بتایاکہ کلاس ہشتم کادوسرا پرچہ 2 مارچ بروز پیر کو ریاضی ، تیسرا پرچہ 4مارچ بروز بدھ کو انگلش ، چوتھاپرچہ 6مارچ بروزجمعہ کو اسلامیات کاہوگا۔ انہوںنے بتایاکہ اسلامیات کا تحریری امتحان دوپہر2 سے سوا تین بجے تک ، ناظرہ قرآن3 بجکر 20منٹس سے آگے اور خصوصی پرچہ اخلاقیات برائے غیر مسلم طلباء وطالبات دوپہر2 سے ساڑھے 4 بجے تک اورپانچواں پرچہ 8مارچ بروز اتوارکو اردو کا ہو گا۔ انہوںنے بتایاکہ امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے کلسٹر سنٹرز اور امتحانی مراکز قائم کردیئے گئے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ فوکل پرسنز کابھی تقرر کردیاگیاہے جبکہ امتحانات کے شفاف انعقاد کیلئے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ :پی پی پی کے جواں سال رہنما محمد اقبال انجم کو پی پی پی جھنگ کاسٹی صدر مقررکردیاگیاہے جبکہ پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صوبائی صدر میاںمنظور احمدوٹوکی ہدایت پر صوبائی سیکرٹری پی پی پی پنجاب تنویر اشرف کائرہ نے ان کی تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے ۔مزید برآںپی پی پی جھنگ کے نئے سٹی صدر محمد اقبال انجم نے کہاہے کہ جھنگ کو بی بی شہید کے جانثاروں کا مضبوط قلعہ بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں گے اور پی پی پی کے نظریاتی کارکنوں و نوجوانوں سمیت ناراض بزرگ رہنمائوں کو بھی پوری طرح متحرک کیاجائیگا تاکہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کو یقینی بنایاجاسکے۔ میڈیاسے بات چیت کے دوران انہوںنے کہاکہ گزشتہ انتخابات میں ایک منظم پلاننگ کے تحت پی پی پی کو پنجاب سے آئوٹ کیاگیا لیکن تمام تر کوششوں کے باوجود پی پی پی کو عوام کے دلوں سے فراموش نہیں کیاجاسکا۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب اور ضلع جھنگ کل بھی پی پی پی کامضبوط قلعہ تھا اور آج بھی مضبوط قلعہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ سرمایہ داروں ، جاگیرداروں ، وڈیروں نے ہمیشہ روپے پیسے کی سیاست کرکے انتخابی عمل کو خریدنے کی کوشش کی ہے لیکن پی پی پی کے جیالے کارکنان نہ کبھی جھکے ہیں نہ بکے ہیں اور نہ ہی آئندہ اپنی شہید قائد کے مشن سے روگردانی کریںگے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ پرائمری سطح پر پی پی پی کے نظریاتی کارکنوں ، نوجوانوں ، بزرگوں اور ناراض جیالوں کو منا کر پارٹی کو مزید منظم ، فعال ، مضبوط ، مربوط بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے ۔انہوںنے کہاکہ پی پی پی کے دیگر سٹی و ضلعی عہدیداران کی مشاورت سے گلی محلوں کی سطح پر کارنر میٹنگز کاسلسلہ بھی شروع کیاجائیگا تاکہ پی پی پی کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکے۔ انہوںنے کہاکہ پی پی پی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور ہرسطح پر امیدوار نامزد کئے جائیں گے ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت ایک جانب جمہوریت کی چیمپین ہونے کادعویٰ کرتی ہے جبکہ دوسری جانب بلدیاتی ادارے جو جمہوریت کی نرسری اور اصل روح ہیں ان سے فرار اختیار کرتے ہوئے انتخابات میں مسلسل تاخیری حربے استعمال کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب بھی بلدیاتی انتخابات ہوئے پی پی پی شاندار کامیابی حاصل کرے گی ۔انہوںنے کہاکہ وہ بلاول بھٹو زرداری ، آصف علی زرداری ، محترمہ فریال تالپور ، میاں منظوراحمد وٹو ، تنویراشرف کائرہ سمیت دیگر پارٹی قائدین کے شکر گزار ہیںجنہوںنے ان پر اعتماد کااظہار کرتے ہوئے انہیںپی پی پی جھنگ کاسٹی صدر مقرر کیا۔ انہوںنے کہاکہ وہ اپنے قائدین کے اعتماد پر پورااترنے میں کوئی کسر اٹھانہ رکھیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ : :حکومتی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جھنگ ملک محمد طاہر کااضافی کرائے وصول کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے جبکہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں 97گاڑیوں کے چالان کرنے سمیت 19گاڑیاں تھانوں میں بند کردی گئیںاور 57مسافروںکو اضافی کرائے بھی واپس کروائے گئے۔ ایک ملاقات کے دوران سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی جھنگ ملک محمد طاہر نے بتایاکہ حکومت پنجاب کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام اورمسافروںتک پہنچانے کیلئے سخت اقدامات کئے جارہے ہیں اور تمام ٹرانسپورٹرز سمیت بسوں و ویگنوں کے ڈرائیورز ، کنڈیکٹرز وغیرہ پر واضح کردیاگیاہے کہ مقررہ کرایوں سے زائد کرائے وصول کرنے کی قطعاً اجازت نہیںدی جائے گی۔ انہوںنے بتایاکہ مسافروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے روزانہ کی بنیاد پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ گزشتہ روز ایک گاڑی کا فٹنس سرٹیفکیٹ بھی معطل کردیا گیاہے جبکہ 4گاڑیوں کے روٹ پرمٹ منسوخ کرنے کے بھی احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ گزشتہ روز اوور چارجنگ کرنے والی گاڑیوں کو 11ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا ۔ انہوںنے بتایاکہ ٹرانسپورٹرز کو خبردار کیاگیاہے کہ وہ اوور چارجنگ ، اوورلوڈنگ ،بغیر روٹ پرمٹ ، بغیر فٹنس گاڑیوں سڑکوںپر لانے سے گریزکریں بصورت دیگر ان کے ساتھ کوئی رعائت برتی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے فی مسافر 79 پیسے فی کلومیٹر کرایہ مقررکیاگیاہے ۔ انہوںنے بتایاکہ اس تناسب سے زائد کرائے وصول کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائیگی۔ انہوںنے مزید بتایاکہ اضافی کرائے وصول کرنے والوں کے خلاف مختلف تھانوں میں 7مقدمات بھی درج کروائے گیے ہیں جبکہ آئندہ بھی مسافروں کی سہولت کیلئے اقدامات کاسلسلہ جاری و ساری رکھا جائیگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

عظیم روحانی پیشوا حضرت ابو انیس محمد برکت علی قدس سرہ العزیز کے قائم کردہ ” کیمپ دارالاحسان “سمندری روڈ کے ساڑھے آٹھ سو بستروں پر مشتمل ہسپتال “دارالحکمت۔دارالشفائ”میں 78 واں ششماہی فری آئی کیمپ حسب سابق یکم مارچ 2015ء سیشروع ہو رہا ہے۔ جو 31مارچ تک جاری رہے گا۔ اس مثالی فری آئی کیمپ میں ملک بھر سے 80سے زائد ماہرین امراض چشم ڈاکٹر ز خدمات سر انجام دیں گے۔ جن میں سے 17ڈاکٹر ز کی خدمات محکمہ صحت حکومت پنجاب نے فراہم کی ہیںجبکہ باقی ڈاکٹرز رضا کارانہ طور پر دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے کیمپ میں موجود ہوں گے۔ان ڈاکٹرز کی معاونت کے لئے 250 افراد پر مشتمل تجربہ کار خدمت کے گہرے جذبے سے سر شار رضاکاروں کی (پیرامیڈیکل سٹاف کی)ایک ٹیم خدمات کے لئے ہمہ وقت موجود ہو گی۔ دنیا میں اپنی نوعیت کا یہ مثالی فری آئی کیمپ موجودہ دور کے عظیم روحانی پیشوا حضرت ابو انیس محمد برکت علی قدس سرہ العزیز کی زیر نگرانی 1976میں شروع ہوا تھا جو بڑی باقاعدگی کے ساتھ سال میں دو بار مارچ اور اکتوبر میں منعقد ہوتا ہے۔ بانی دارالاحسان حضرت ابوانیس محمد برکت علی قدس سرہ العزیز کے وصال کے بعد اس عظیم فری آئی کیمپ کا انتظام و انصرام میاں محمد شفیع اور میاں محمد نجیب اﷲکے ذمہ ہے جو بالترتیب ادارہ کے مہتمم اور نائب مہتمم ہیں۔خوراک و ادویات اور ہر قسم کی طبی سہولیات اور رہائش وغیرہ مریضوں کو مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ادارہ کی انتظامیہ کی طرف سے مریضوں کو اپنے ہمراہ کم از کم ایک تیماردار (مرد مریض کے ساتھ مرد اور عورت مریضہ کے ساتھ عورت)اور موسم کے مطابق بستر ہمراہ لانے کو کہا گیا ہے۔ان تیمارداروں اور لواحقین کو بھی خوراک اور رہائش مفت فراہم کی جاتی ہے جدید مشینری سے مزین اس کیمپ میں بیک وقت16 مائیکروسکوپ مشینیں کام کرتی ہیں جبکہ فیکو ٹیکنالوجی کی سہولت بھی موجود ہے۔ڈاکٹرز شفٹوں میں خدمات سرانجام دیتے ہیں انتظامیہ کے مطابق اس موجودہ کیمپ کے دوران گیارہ ہزار آنکھوں کے آپریشن کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ اکتوبر 2014کے کیمپ میں11539مریضوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے تھے۔ اس فری آئی کیمپ کی خصوصیات یہ ہیںکہ یہاں ابتک 2104پیدائشی نابینا نوجوان بچوں اور بچیوں کی آنکھوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے ہیں۔ لہٰذا کیمپ انتظامیہ کی طرف سے پیدائشی نابینا افراد کے لواحقین سے کہا گیا ہے کہ وہ بھی موجودہ کیمپ میں قسمت آزمائی کے لئے اپنے نابینا بچوں کو لیکر آئیں۔ غریب اور مستحق مریضوں کی آنکھوں میں لینز بھی کیمپ انتطامیہ کی طرف سے مفت ڈالے جاتے ہیں ۔ علاوہ ازیں گزشتہ 77کیمپوں کے دوران چار لاکھ چوراسی ہزار سے زائد آنکھوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے ہیں۔ ا س کے علاوہ دس لاکھ سے زائد مریضوں کو آئوٹ ڈور پر علاج معالجہ کہ مفت سہولیات فراہم کی گئیں ۔اس کیمپ کی کامیابی کا تناسب 99.97فیصد ہے جو ایک ورلڈ ریکارڈ ہے۔خدمت مفت ،علاج مفت،خوراک مفت اور غیر امتیازی سلوک اس کیمپ کی چار امتیازی خصوصیات ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

بہ تسلیمات ضلعی دفتر اطلاعات، حکومت پنجاب، جھنگ ہینڈ آئوٹ نمبر
جھنگ : وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں پالتو جانوروں،مویشیوںاور پرندوں کے علاج معالجہ اوران میں پائی جانے والی مختلف بیماریوں کے تدارک کیلئے چلائی جانے والی حفاظتی ٹیکہ جات مہم کے تحت ضلع بھر میں16لاکھ33ہزار43جانوروں اور پرندوں میں ویکسی نیشن کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ آفیسر لائیو سٹاک کے مطابق صوبائی سیکرٹری محکمہ لائیو سٹاک نسیم صادق اور ڈی سی او نادر چٹھہ کی خصوصی نگرانی میں چلائی جانے والی حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم کے دوران تحصیل جھنگ ،اٹھارہ ہزاری ،شورکوٹ اور احمد پور سیال میں 8لاکھ ایک ہزار539بڑے جانوروں اور 5لاکھ3ہزار 286جبکہ3لاکھ28ہزار218پرندوں میں ویکسی نیشن کا کام مکمل کی گیا ہے اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے چارموبائل لیبارٹیوں سے بھی کام لیا گیا ہے انہوںنے بتایا کہ اس خصوصی مہم کے دوران ضلع بھر کے 913دیہاتوں میں کام کرکے 11ہزار92سیمپل بھی حاصل کئے گئے اور معلوماتی کتابچہ جات اورادویات مفت فراہم کی گئیں۔انہوںنے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت کے اس انقلابی پروگرام سے جہاں محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی نمایاں ہوئی ہے وہاں کسانوں ،کاشتکاروں اور بریڈرز کو بھی انتہائی فائدہ پہنچا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جھنگ: ایڈمنسٹریٹرڈسٹرکٹ گورنمنٹ /ڈی سی او نادر چٹھہ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ144کے تحت سلنڈروں میں سی این جی اور ایل پی جی گیس منتقل کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے استعمال کرنے پر فوری پابندی عائد کر دی ہے ۔یہ حکم نامہ عوام الناس کو جان لیوا حادثات کی روک تھام کیلئے یہ حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس کا اطلاق ضلع بھر کی ریونیو حدود میں ایک ماہ تک نافذالعمل رہے گا۔

Jhang News Pictures

Jhang News Pictures