دھرنے سے واپس نہیں آئیں گے۔مطالبات کی منظوری تک اساتذہ کا یہ دھرنا جاری رہے گا: صوفی رمضان

Jhang

Jhang

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) صوفی رمضان انقلابی مرکزی صدر آل اساتذہ الائنس پنجاب نے کہا ہے کہ صرف اساتذہ اَپ گریڈیشن نہیں بلکہ PEF سکولوں کی واپسی اور آئندہ کیلئے کسی سرکاری سکول کو نجکاری کی بھینٹ نہ چڑھانے کے نوٹیفکیشن کے بغیر 3 جون سے شروع ہونے والے دھرنے سے واپس نہیں آئیں گے۔مطالبات کی منظوری تک اساتذہ کا یہ دھرنا جاری رہے گا۔ کسی نے اساتذہ دھرنے پر تشدد کرنے کی کوشش کی تو وزیراعلیٰ سے لے کر پولیس سپاہی تک سب اس کے ذمہ دار ہوں گے ۔ آئین کے آرٹیکل 25-Aکے تحت تعلیم کی سہولت دینا ریاست کی ذمہ داری ہے لیکن افسوس پنجاب میں ریاست غریب بچوں سے تعلیم وروزگار دونوں چھین رہی ہے، اس پر خاموش رہنا تعلیم دشمنی کے مترادف ہے۔ پنجاب بھر کے مردوخواتین اساتذہ بال بچوں سمیت وزیراعلیٰ ہاؤس کلب روڈ دھرنے میں آئیں گے۔ ہم سرکاری سکولوں کی ایک انچ زمین بھی PEFکے حوالے نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کے افسران سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ سکولوں کو نجکاری کی بھینٹ چڑھانے کے عمل میں حصہ دار نہ بنیں ورنہ آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی ۔ایک طرف خیبرپختونخواہ نے 1413 نئے کمیونٹی گرلز سکولز بنائے ہیں جبکہ پنجاب حکومت نے 10 سال میں کوئی نیا سکول نہیں بنایا بلکہ پہلے سے موجود سرکاری سکولوں کو نجکاری کی بھینٹ چڑھانے میں لگ گئے ہیں جو کہ ان کی تعلیم دشمنی اور ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اساتذہ رہنماؤں سے گفتگو کے دوران کیاجن میں مرکزی صدر شعبہ خواتین ونگ میڈم فرخندہ عثمان،سید جمیل احمد آفتاب ، سیدفہیم افضل،محمدخان اعوان، محمدرمضان منور، مہرانور سیال ، مہرتصور خان نول ودیگر اساتذہ رہنما موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے سرکاری سکولزپر نجکاری کا حملہ کررہی ہے ۔ پانامہ لیکس اساتذہ اور غریب عوام کی بددعاؤں کا نتیجہ ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور سرکاری اداروں کو PEFکے حوالے ہر گز نہ کریں۔