جھنگ کی خبریں 23/1/2017

Jhang

Jhang

جھنگ (تحصیل رپورٹر) 20 کروڑ غیور عوام ملک کو سیاسی عطائیوں کے ہاتھوں تجربہ گاہ نہیں بننے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مہر اختر عباس باٹی سینئر ضلعی نائب صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ جھنگ نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف تمام سازشیں دم توڑ جائیں گی اور مسلم لیگ ن پوری قوت کے ساتھ پاکستانی قوم کی خدمت کرتی رہے گی۔ دھرنے اور احتجاج کرنے والوں کو منفی سیاست کرنے والوں کو عوام نے مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بیس کروڑ غیور عوام ملک کو سیاسی عطائیوں کے ہاتھوں تجربہ گاہ نہیں بننے دیں گے۔ تبدیلی کے دعویداروں نے سیاسی روایات کو زنگ آلود کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی ولولہ انگیز قیادت ملکی بقاء اور سلامتی کے فیصلوں کو پوری جرات اور دلیری سے نافذ کررہی ہے جس سے ان کاوقار عوام کی نظروں میں مزید بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل عوام کے دیرینہ خوابوں کی تکمیل ہے اور عوام آئندہ الیکشن میںایک بار پھر میاں نوازشریف کو دوتہائی اکثریت کے ساتھ کامیاب کریں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (تحصیل رپورٹر) الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست دم توڑرہی ہے، قوم حقیقت سے آگاہ ہوچکی ہے ۔ ان خیالات کااظہار مہرمحمدحسین نول چیئرمین یونین کونسل نمبر16نے ایک پریس ریلیز میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی حکومت نے خدمت و دیانت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کردیا ہے۔ باشعور عوام تماشا لگانے والوں کی منفی سیاست سے لاتعلق ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے حکومت کے ہراقدام کے خلاف سچا جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے ملک کی باشعور عوام کی نظروں سے اتر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواشریف کی قیادت میں ملک پاکستان نے اقوام عالم میں اپنامقام تیزی سے بحال کیا ہے جبکہ دشمن ممالک پاکستان کی تیزرفتار ترقی سے خائف ہوکر روڑے اٹکانا شروع ہوگئے ہیں اور اس کے لئے ناسمجھ سیاسی قیادت ان کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کررہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مسلمانوں کو اپنے مسائل حل کرنے کیلئے خود اپنے قدموں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر احسان الحق شہباز مرکزی رہنما جماعة الدعوة اور حافظ سیف اللہ خالد نے گزشتہ روز مرکز دارالہدیٰ جماعة الدعوة گوجرہ روڈ جھنگ میں ایک تربیتی نشست میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر فلسطین برما اور دنیا بھر میں نہتے مسلمانوں کا قتل عام روکنے کیلئے کردار ادا کرنا مسلم امہ پر فرض ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے خون کی عزت وحرمت بیت اللہ کی حرمت کی طرح ہے، امریکہ ویورپ کو مسلمانوں کے بہتے خون کی کوئی پروا ہ نہیں ۔مسلمانوں کو اپنے مسائل حل کرنے کیلئے خود اپنے قدموں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ اس موقع پر حافظ سیف اللہ خالد نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر میں مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔کشمیر کے بغیرپاکستان کی تکمیل نہیں ہوتی ، کشمیری بھائیوں کو غاصب بھارت کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری قربانیاں دے رہے ہیں ان کی مدد کرنا پوری مسلم امہ کا فرض ہے۔ اس موقع پر حافظ ابوالقاسم ضلعی امیر جھنگ، منشاء جھنگوی ضلعی رہنما اور صبغت اللہ چوہان ضلعی سیکرٹری نشرواشاعت جھنگ نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی مدد ، وحمایت بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ(ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستانی عوام کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جھنگ میں برہان وانی شہید کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ یہ بات امیر جماعت اسلامی ضلع جھنگ مہر بہادر خان جھگڑ نے ایک بیان میں کہی ہے انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ مسلمان مسلمان کے بھائی ہیں اور اگر کسی ایک مسلمان کو تکلیف ہو تو درد پورے عالم اسلام کو محسوس کرنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غاصب بھارت نے کشمیریوں پر ناطقہ تنگ کردیا ہے لیکن کشمیر کے بوڑھے بچے اور جوان ، مائیں بہنیں سب اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور اب مزید کشمیریوں کو غلام نہیں بنایا جاسکتا۔ انہوں نے حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کرداربھرپورطریقے سے ادا کرناچاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 5فروری کو ہمیشہ کی طرح یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جائے گااور اس سلسلہ میں جھنگ میں 5فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر برہان وانی شہید کانفرنس منعقد کی جائے گی۔