جھنگ میں بغیر نمبر پلیٹ اور نامکمل کاغذات رکھنے والے چنگ چی رکشوں کے خلاف کریک ڈائون جاری

جھنگ : جھنگ میں بغیر نمبر پلیٹ اور نامکمل کاغذات رکھنے والے چنگ چی رکشوں کے خلاف کریک ڈائون جاری مزید 150 رکشے بند کر دیئے گئے اور 30 نو عمر ڈرائیوروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی سی او مقبول احمد دھاولہ اور ڈی پی او ذیشان اصغر کی خصوصی ہدائت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محمد طاہر اعوان کی سربراہی میں مو ٹر وہیکل ایگزامینر چوہدری محمد سلیم، سب انسپکٹر ندیم عباس شاہ اور چوہدری مشتاق احمد پر مشتمل ٹاسک فورس نے جھنگ میں بغیر نمبر پلیٹ، نامکمل کاغذات اور نو عمر ڈرائیور والے 150 چنگ چی رکشوں کو بند کی۔

جن علاقوں سے یہ رکشے پکڑے گئے اُن میں ملہوآنہ موڑ ،چنیوٹ روڈ ، فیصل آباد روڈ ، سرگودھا روڈ، ٹوبہ روڈ اور بھکر روڈ شامل ہیں ۔جبکہ چنگ چی رکشہ چلانے والے30 نو عمر بچوں کو بھی گرفتار کر کے اُن کے خلاف موٹر وہیکل آرڈیننس کی دفعات 112/113/115 ، کے تحت کاروائی کی گئی ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ضلع جھنگ میں ٹریفک حادثات کی سب سے بڑی وجہ یہی چنگ چی رکشے ہیں۔ جھنگ کے عوامی ،سماجی و شہری حلقوں نے ضلعی انتظامیہ کی مذکورہ کاروائی پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر چلنے والے رکشوں کے خلاف مکمل کاروائی تک یہ مہم عوامی مفاد میں جاری رکھی جائے۔