جھنگ پولیس نے ضلع کچہری میں موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی
Posted on April 2, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ : جھنگ پولیس نے ضلع کچہری میں موٹر سائیکلوں کے داخلے پر پابندی عائد کرنے کے بعد قرب و جوار کی تمام شاہرات کو بھی غیر اعلانیہ نو پارکنگ ایریا قرار دے دیا ہے جبکہ کچہری روڈ پر موجود درجنوں دوکانات ، ہوٹلز ، اشٹام و فارم فروشوں ، میڈیا کے دفاتر کے باہر کھڑے موٹر سائیکلوں سے سراسر غیر قانونی طور پر پلگ نکالنے اور گاڑیاں پنکچر کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے جس پر کچہری روڈ کے دوکاندار ان اور شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف سکیورٹی کے نام پر جھنگ پولیس نے ضلع کچہری کے تمام گیٹ بند کرکے موٹر سائیکلوں کے کچہری کی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ اب شہریوں کو باہر سڑکات پر بھی موٹر سائیکل کھڑے نہ کرنے دیئے جارہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کچہری روڈ پر درجنوں دوکانات ، دفاتر ، میڈیاآفسز ، فارم و اشٹام فروشز موجود ہیں جن کے پاس ذاتی موٹر سائیکل ہیں اسی طرح کئی ہوٹلز بھی کچہری روڈ پر واقع ہیں جہاں کھانے کیلئے شہریوں کی آمد ورفت جاری رہتی ہے مگر گزشتہ چند روز سے پولیس کے اہلکاران نے انوکھا طریقہ اختیار کرلیاہے جس کے تحت جونہی کوئی شہری اپنا موٹر سائیکل ان دوکانات ، ہوٹلز ، دفاتر ، میڈیاآفسز کے باہر کھڑا کرکے جاتاہے چند پولیس اہلکار فوری طور پر آکر یا تو چوری چھپے موٹر سائیکل کا پلگ اور دیگر سامان اتار لیتے ہیں یا انہیں پنکچر کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس غیر قانونی ، غیر اخلاقی پریکٹس میں تھانہ کوتوالی پولیس جھنگ کا ہیڈکانسٹیبل محمد افضل نمبر 413 پیش پیش ہے ۔انہوںنے بتایاکہ بدھ کے روز جب میڈیاسے بعض ذمہ داران نے ہیڈکانسٹیبل کو اس حرکت سے اجتناب کیلئے کہاتو اس نے بتایاکہ وہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ کے حکم پر یہ کام کررہاہے۔ جب میڈیا کے نمائندگان نے اس سے دریافت کیاکہ وہ اتنے پلگز نکال کر ان کا کیاکرتاہے تو وہ اس بارے میں کوئی جواب نہ دے سکا تاہم پتہ چلا ہے کہ یہ پلگز اور دیگر سامان موٹر سائیکل مرمت کرنے والی دوکانوں پر اونے پونے فروخت کردیئے جاتے ہیں۔
اس موقع پر دوکانداران نے بتایاکہ انہوں نے پولیس کو باور کروایا تھاکہ جو موٹر سائیکل ان کی دوکانات کے آگے کھڑے ہوں گے وہ ان کی حفاظت کے ذمہ دار ہوں گے مگر اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ دریں اثناء شہریوں نے ڈی پی او جھنگ سے مذکورہ پریکٹس فوری رکوانے کا مطالبہ کیا ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com