پولیس تھانہ اٹھارہ ہزاری جھنگ نے 4 صحافیوں کے خلاف خود کو محکمہ صحت کا افسر ظاہر کرکے ہوٹل و کباڑ خانہ مالکان سے رقم وصول کرنے پرمقدمہ درج کرلیا۔ جھنگ کے صحافیوں کا خود ساختہ و بے بنیاد واقعہ کو جوازبنا کر مقدمہ کے اندراج پر شدید احتجاج ۔ مقدمہ خارج اور ذمہ دار پولیس حکام کو فوری معطل و تبدیل کرنے کا مطالبہ جھنگ : پولیس تھانہ اٹھارہ ہزاری جھنگ نے 4صحافیوں محمد خالد ولد ناصرحسین قوم سید سکنہ دھجی روڈ جھنگ صدر، ارسلان شوکت ولد شوکت علی قوم ملک سکنہ محلہ مرضی پورہ جھنگ صدر، محمدسلطان ولداللہ بخش قوم ماہنی سیال سکنہ گلشن کالونی جھنگ صدر اور عمردراز سکنہ جھنگ کے خلاف خود کو محکمہ صحت کا افسر ظاہر کرکے ہوٹل و کباڑ خانہ مالکان سے رقم وصول کرنے پرمقدمہ نمبر 63/16 بجرم 170/419 ت پ درج کرلیا ہے جبکہ جھنگ کے صحافیوں نے خود ساختہ و بے بنیاد واقعہ کو جوازبنا کر مقدمہ کے اندراج پر شدید احتجاج کرتے ہوئے جھوٹا مقدمہ خارج اور ذمہ دار پولیس حکام کو فوری معطل و تبدیل کرنے کامطالبہ کیاہے۔ پولیس تھانہ اٹھارہ ہزاری ضلع جھنگ میں درج کئے گئے مقدمہ میں مدعی عبدالخالق ولد واحد بخش قوم شیخ سکنہ حق باہو کالونی اٹھارہ ہزاری جھنگ نے مؤقف اختیارکیاہے کہ محمدخالد ، ارسلان شوکت ، محمدسلطان ،عمردراز ایک گاڑی نمبر ڈبلیو کے 3143 پر سوار ہو کر تحصیل اٹھارہ ہزاری کے سامنے مین روڈ پر واقع اس کے ہوٹل پر آئے اور خود کو محکمہ صحت کا ملازم ظاہر کرتے ہوئے صفائی چیک کرناشروع کردی اور 10ہزار روپے جرمانہ عائد کرنے کی دھمکی دی مگر بعدازاں انہوںنے500روپے رشوت وصول کر لی ۔ اس کے بعد یہ افراد محمد اکرم ولد شوکت علی کباڑیے کی دوکان پر گئے اور وہاں صفائی کانظام ناقص ہونے کی دھمکی دے کر 2ہزار روپے ہتھیالئے۔اسی طرح انہوںنے لیہ روڈ پر محمد افضل ولد سلطان کباڑیے کی دوکان پر بھی خودکو محکمہ صحت اور میڈیاکا ملازم ظاہر کرکے 500روپے رشوت وصول کی۔ انہوںنے بتایاکہ بعدازاں جب انکشاف ہواکہ یہ افراد محکمہ صحت کے ملازم نہ ہیں اور میڈیاکا نام استعمال کرکے دوکانداران کو بلیک میل کررہے ہیں تو انہوںنے پولیس سے رجوع کیاجس نے مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی۔ دوسری جانب جھنگ یونین آف جرنلسٹس جھنگ ، پریس کلب جھنگ اور دیگر صحافتی تنظیموں کے عہدیداران و ممبران نے خود ساختہ و بے بنیاد واقعہ بناکر صحافیوں کے خلاف مقدمہ کے اندراج پر شدید احتجاج کیاہے۔ پریس کلب جھنگ کے نائب صدر صاحبزادہ ذاکر رحمن نے کہاکہ پولیس تھانہ اٹھارہ ہزاری جھنگ کے ایس ایچ او نے اختیارات کاناجائزو غیر قانونی استعمال کرتے ہوئے جھنگ کے صحافیوں کے خلاف جھوٹامقدمہ درج کرتے ہوئے آزادی صحافت پر حملہ کیاہے جو کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ انہوںنے کہاکہ اٹھارہ ہزاری کے علاقہ کو عوامی مسائل کی نشاندہی کرنے والے صحافیوں اور سماجی کارکنوں کیلئے پولیس کی جانب سے ” نو گو ایریا” نہیں بننے دیا جائیگا۔ انہوںنے تھانہ اٹھارہ ہزاری کے ایس ایچ او کی اس ” کاوش” کواظہار رائے کی آزادی ، غیر جانبدار اور تحقیقی کوریج سے روکنے کی گھنائونی کوششوں کا حصہ قرار دیا ۔انہوںنے کہاکہ اگر بوگس ایف آئی آرنمبر 63/16 فوری خارج نہ کی گئی تو ضلع جھنگ کے صحافی کسی بھی راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے متاثرہ صحافیوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جھنگ کے تمام الیکٹرانک و پرنٹ میڈیاکی جانب سے انہیں اپنے ہر ممکن تعاون کابھی یقین دلایا۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ معرو ف سینئر صحافی خالدہرل کے بڑے بھائی عابد حسین ہرل مرحوم کی روح کو ایصال ثواب کیلئے رسم قل و قرآن خوانی کا انعقاد ۔ ہرمکتبہ فکر کے افراد کی بڑی تعداد میں شرکت جھنگ:جھنگ کے معرو ف سینئر صحافی ،پریس کلب جھنگ و جھنگ یونین آف جرنلسٹس کے کونسل ممبر مہر خالدہرل ایڈووکیٹ سٹاف کارسپانڈنٹ ڈیلی دی نیوز کے بڑے بھائی مہرعابد حسین ہرل جو گزشتہ روز مختصرعلالت کے بعد انتقال پاگئے تھے کی روح کو ایصال ثواب کیلئے رسم قل و قرآن خوانی جمعرات کی دوپہر ان کی رہائش گاہ نرسری گرائونڈ نزد نیشنل بینک سیٹلائٹ ٹائون جھنگ میں ادا کی گئی جس میں ضلع جھنگ سمیت فیصل آباد ڈویژن کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے صحافیوں، انتظامی افسران ، محکمہ تعلقات عامہ کے حکام، ارکان اسمبلی ، یونین کونسل چیئرمینز و وائس چیئرمینز ، کونسلرز ، وکلاء ، علماء ، دانشوروں ، صنعتکاروں ، تاجروں، اساتذہ ، پٹرول پمپس مالکان سمیت سول سوسائٹی کے ہرمکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افرادنے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ا س موقع پر رب کائنات کے حضور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم و مغفورکو جنت الفردوس کے حسین گوشوں میں جگہ سمیت ان کے پسماندگان ، عزیز و اقارب ، دوست احباب کو یہ صدمہ جانکاہ ہمت و استقامت سے برداشت کرنے اور صبر جمیل کی توفیق عطا فرمائے۔ دریں اثناء پریس کلب جھنگ کے صدر لیاقت انجم ، نائب صدر صاحبزادہ ذاکر رحمن ، جنرل سیکرٹری شیخ خرم سعید ، جھنگ یونین آف جرنلسٹس جھنگ کے صدر ارشد خان اور دیگر عہدیداران و ممبران نے مہر عابد حسین ہرل کی ناگہانی وفات حسرت آیات پر گہرے دکھ ، دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے مغفرت اور ان کے پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ معروف پبلک ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر ذوالفقار علی اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہو گئے جھنگ:معروف پبلک ہیلتھ سپیشلسٹ ڈاکٹر ذوالفقار علی ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیشنل پروگرام برائے فیملی پلاننگ و پرائمری ہیلتھ کیئرجھنگ اپنی مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر ہو گئے ہیں جبکہ ان کی جگہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال جھنگ کے ممتاز ماہر طب ڈاکٹر افتخار احمد نور کونیا ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ اینڈ نیشنل پروگرام برائے فیملی پلاننگ و پرائمری ہیلتھ کیئرجھنگ تعینات کردیاگیاہے۔ڈاکٹر افتخار احمد نور کاشمار محکمہ صحت جھنگ کے انتہائی فرض شناس ، محنتی ، دیانتدار ، تجربہ کار ماہرین طب میں ہوتاہے۔ جھنگ کے سیاسی ، سماجی ، طبی ، عوامی ، دینی حلقوں نے ڈاکٹر افتخار احمد نور کی بطور ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر تقرری پر محکمہ صحت پنجاب کے حکام کو خراج تحسین پیش کیاہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر افتخار احمد نور مذکورہ پروگرام کو وزیرا عظم محمد نوازشریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی پالیسیوں کے مطابق کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی کے بچوں کو وبائی و متعدی امراض سے بچانے کیلئے قائم اکلوتاای پی آئی سنٹر اچانک بند کردیا گیا ۔ علاقہ کے ہزاروں بچوں کو ویکسینیشن کی سہولت سے محروم کرنے پر اہلیان علاقہ کا شدید احتجاج ۔ خادم اعلیٰ پنجاب سے صورتحال کافوری نوٹس لینے کامطالبہ جھنگ :سیٹلائٹ ٹائون جھنگ کی لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی کے بچوں کو وبائی و متعدی امراض سے بچانے کیلئے طویل عرصہ سے قائم اکلوتاای پی آئی سنٹر اچانک بند کردیا گیا ہے جبکہ قریبی ہوٹل مالکان نے ای پی آئی سنٹر کی سرکاری عمارت کی چاردیواری گرا کر اسے ہوٹل کیلئے استعمال کرنا شروع کردیا نیز علاقہ کے ہزاروں بچوں کو ویکسینیشن کی سہولت سے محروم کرنے پر اہلیان علاقہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے خادم اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔ سیٹلائٹ ٹائون جھنگ کے شہریوں کی بڑی تعداد نے میڈیاسے بات چیت کے دوران بتایاکہ ایک جانب خادم اعلیٰ پنجاب اور حکومت متعدی و وبائی امراض کے خاتمہ سمیت بچوں و بڑوں کو گھر کی دہلیز کے قریب علاج معالجہ اور صحت عامہ کی تما م ممکن بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کررہی ہے جبکہ دوسری جانب بعض افسران نامعلوم وجوہات کی بناء پر حکومت کی ہیلتھ پالیسی کو ناکام بنانے کے درپے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ سیٹلائٹ ٹائون جھنگ میں محکمہ صحت کے زیر انتظام ایک ای پی آئی سنٹر کئی سالوں سے کام کررہاتھا جو نہ صرف سیٹلائٹ ٹائون بلکہ قرب و جوار کے دیگر دیہی علاقوں کی لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی کے بچوں کو حفاظتی ویکسین اور متعدی و وبائی امراض سے بچائو کے ٹیکے لگانے کا مرکز تھامگر کھوکھا چوک سیٹلائٹ ٹائو ن کے قریب سرکاری عمارت میں قائم یہ ای پی آئی سنٹر اچانک بند کردیاگیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ اس پر ستم ظریفی یہ کہ مذکورہ سنٹر کی سرکاری عمارت کی چار دیواری گرا کرقریبی ہوٹل مالکان نے اسے ہوٹل کیلئے استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔انہوںنے علاقہ کے ہزاروں معصوم بچوں کو ویکسینیشن کی سہولت سے محروم کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب ،سیکرٹری ہیلتھ ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ، کمشنر فیصل آباد ، ڈی سی او جھنگ اور ای ڈی او ہیلتھ جھنگ سمیت دیگر ارباب اختیارسے صورتحال کافوری نوٹس لینے اور بلاجواز بند کیاگیاای پی آئی سنٹر فوری بحال کرنے کامطالبہ کیاہے۔