جھنگ (جیوڈیسک) پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ ماہ کے دوران قتل، ڈکیتی، رہزنی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث 353 اشتہاریوں کو گرفتار کرلیا جبکہ ناجائز اسلحہ کے 79 اور منشیات کے 49 مقدمات درج کرلئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ذیشان اصغر کی ہدایت پر جھنگ پولیس نے گزشتہ ماہ کے دوران منشیات فروشوں، ناجائز اسلحہ رکھنے والوں اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 353 اشتہاری اور 49 عدالتی مفروران کوگرفتار کیا۔
ناجائز اسلحہ رکھنے والے 79 افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے ان کے قبضے سے 4 عدد رائفل، 19 عدد بندوقیں، سات عدد ریوالور اور 49 عدد پسٹل اور 131 عدد گولیاں /کارتوس جبکہ منشیات کے دھندہ میں ملوث افراد کیخلاف 49 مقدمات درج کرکے ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 2.815 کلو گرام ہیروئن ، 4.881 کلو گرام چرس اور 336 بوتل شراب برآمد کی گئی۔ علاوہ ازیں چوری، رہزنی اور ڈکیتی میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ بھی برآمد کرلیا گیاہے۔