جھنگ : وزیر اعلیٰ پنجاب یوتھ سپورٹس فیسٹول پروگرام 2014ء کا آغاز ہو چکا ہے

جھنگ : وزیر اعلیٰ پنجاب یوتھ سپورٹس فیسٹول پروگرام 2014ء کا آغاز ہو چکا ہے اس سلسلہ میں 23 دسمبر 2013ء تا یکم جنوری 2014ء محلہ/دیہات سطح پرنعت خوانی، قرأت، ریسلنگ، بلیئرڈ، کرکٹ، اتھلیٹکس، رسہ کشی، بیڈمنٹن اور والی بال وغیرہ کے مقابلہ جات منعقد ہونگے۔

اس ضمن میں افتتاحی تقریب تلاب کمیٹی گرائونڈ جھنگ صدر میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی اے ڈی سی /ایڈ منسٹریٹرتحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشن ہارون الرشید چوہدری تھے۔اس موقع پر اے ڈی ایل جی مہر ابرار عادل ،ڈی ایس او طاہر ملک،ٹی ایس او مہر الطاف حسین ،صدرڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن شیخ ظہیر احمد،ایڈمنسٹریٹر یوسی تحصیل جھنگ محمد رفیق ڈب اور تحصیل آفیسر فنانس عبدالرئوف گجر کے علاوہ سیکرٹری یونین کونلسزکرکٹ کے شائقین بھاری تعداد میں موجود تھے۔

اے ڈی سی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی طرف سے پنجاب یوتھ سپورٹس فیسٹول پروگرام کا انعقاد ایک اچھا اقدام ہے جس سے جنرل پبلک کے کھلاڑیوں کو اپنے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ شائقین کو صحت مند تفریح کے مواقع میسر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے کیلئے لوگوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے کیلئے مختلف کھیلوں کی ترغیب دینا ہوگی جس کیلئے پنجاب یوتھ سپورٹس فیسٹول کا انعقاد بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں کھیل کے میدان آ باد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران نظر آتے ہیں لہٰذا ہماری نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ کھیلوں میں دلچسپی لیکر اپنے گرائونڈ آباد کریں۔ڈی ایس او طاہر ملک نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں میاں شہباز شریف کی حکومت سے پہلے اس قسم کے ایونٹس دیکھنے کو نہیں ملے تھے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلیں انسانی نشوونما اور خوبصورتی میں نکھار پیدا کرتی ہیں لہٰذا لوگوں کو چاہیے کہ وہ کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے علاقہ شہر اور ضلع کو نام روشن کریں۔قبل ازیں اے ڈی سی نے فیتہ کاٹ کر باقاعدہ یوتھ سپورٹس فیسٹول پروگرام کا افتتاح کیا اور محلہ /دیہات سطح پرہونے والے افتتاحی کرکٹ میچ میں حصہ لینے والی چناب کلب اور جھنگ جم خانہ ٹیموں کے کھلاڑیوں سے مہمان خصوصی سے تعارف کرایا گیا۔