جھنگ کی خبریں 15/1/2017

Jhang

Jhang

جھنگ (بیوروچیف) آل اساتذہ الائنس پنجاب و پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر صوفی رمضان انقلابی نے کہا ہے کہ مطالعہ پاکستان کے پیپر کو غیر ضروری سمجھ کر PEC امتحانات کے قابل نہ سمجھنے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ یہ ایک سازش ہے تاکہ آنے والی نسل قائد اور اقبال کی شکل کو بھی بھول جائے۔ مسلسل وعدوں کے باوجود اساتذہ کو اپ گریڈیشن نہ دینا اور اساتذہ کی انکریمنٹس روکنا جیسے ظالمانہ اقدامات کے خلاف نہ صرف PECامتحانات کا بائیکاٹ بلکہ مردم شماری کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کیلئے تعلیمی اداروں کو ناکام ثابت کرکے نجکاری کی بھینٹ چڑھانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ مطالعہ پاکستان کو غیر ضروری قرار دینے کے خلاف عدالت بھی جائیں گے۔ افسوس اقبال اور قائد کے پاکستان میں مطالعہ پاکستان غیرضروری سمجھ کر PECامتحان کے قابل بھی نہیں سمجھا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ نظریہ پاکستان پر حملہ ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔ان خیالات کااظہار وہ مرکزی باڈی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کررہے تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ (بیوروچیف)آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ پر سختی سے عمل کئے بغیر ملک کرپشن سے پاک نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کااظہار بہادر خان جھگڑ ضلعی صدر جماعت اسلامی جھنگ نے ایک پریس ریلیز میں کیا ،۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ باسٹھ اور تریسٹھ پر سختی سے عمل درآمد ہوناچاہئے۔ صرف سیاستدان ہی نہیں بلکہ تمام اداروں کے سربراہان کے تقرر کیلئے بھی اس شق پر سختی سے عمل ہونے سے ہی ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تابناک مستقبل کیلئے اب ضروری ہوچکا ہے کہ عدالت ایک مرتبہ پھر سب کو دفعہ باسٹھ اور تریسٹھ کے ترازو میں تولے ۔ انہوں نے کہا کہ اب قوم کو بھی سوچنا چاہئے کہ ہم کیسے لوگوں کو اپنا حکمران بنالیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سراج الحق کی ولولہ انگیز قیادت میں جماعت اسلامی کرپشن کے خلاف جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے باعث ملک کی جڑیں کھوکھلی ہوچکی ہیں اور ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف جماعت اسلامی ہی کی قیادت ملک وقوم کو کرپشن اور مسائل سے نجات دلا سکتی ہے۔