جھنگ کے حلقے پی پی 81 شاہ جیونا میں ضمنی انتخاب آج ہوگا

Election

Election

جھنگ (جیوڈیسک) جھنگ میں صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 81 شاہ جیونا میں ضمنی انتخاب آج ہورہا ہے، تمام تیاریاں کرلی گئیں، پیپلز پارٹی نے دھاندلی کا الزام لگا کر ضمنی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

حلقہ پی پی 81 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 887 ہے، پولنگ کے لئے 171 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 145 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

نمایاں امیدواروں میں مسلم لیگ ن کے محمد خان اور پاکستان تحریک انصاف کے رائے تیمور حیات بھٹی شامل ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ساجد حسین قریشی نے الیکشن کا بائیکاٹ کیا ہے، ان کا الزام ہے کہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کی جیت کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں، یہ نشست مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد خان کے چچا اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی افتخار احمد خان بلوچ کی جعلی ڈگری کیس میں نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔