جھنگ کی خبریں 18/4/2015

Jhang

Jhang

جھنگ : حکومت پنجاب کی طرف سے ضلع جھنگ میں امسال ایک لاکھ97ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جس کے تحت زمینداروں کو کھیت سے گندم خریداری مراکز تک گندم پہنچانے کیلئے خسرہ گرداوری کے ذریعے بار دانہ کی تقسیم کا کام 25اپریل 2015سے پہلے مکمل کر لیا جا ئیگا ، یہ بات ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر امان اللہ سومرو نے ایک بریفنگ کے دوران بتائی ۔ انہوںنے بتایا کہ حکومتی پالیسی کے تحت فی ایکڑ کے حساب سے بار دانہ کسانوں اور کاشتکاروں میں تقسیم کیا جائیگااور گندم کی خریداری کیلئے ضلع بھر میں 15مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں حکومت کے مقرر کردہ نرخوں کے حساب سے گندم خریدی جائیگی ۔انہوںنے خریداری سنٹرز کی تفصیلات کے بارے بتایا کہ اس ضمن میں تحصیل جھنگ میں 7، شورکوٹ 4، احمدپورسیال میں 3اور اٹھارہ ہزاری میں ایک سنٹر قائم کیا گیا ہے جہاں پر باردانہ کی تقسیم گند م خریدنے اور اسے محفوظ کرنے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات مکمل کئے گئے ہیں ۔ ڈی ایف سے نے مزید بتایا کہ گندم خریداری کے مراکز میں جھنگI،جھنگII، جھنگIII، چک کوڑیانہ ،موچی والا،چک170ج ب،منڈی شاہ جیونہ،شورکوٹ سٹی،شورکوٹ کینٹ،وریام والا،رستم سرگانہ ،احمد پور سیال،گڑھ موڑ،کوٹ بہادر اور اٹھارہ ہزاری شامل ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ : حکومت پنجاب کی روشنی میں ضلع میں گندم کی سرکاری خریداری مہم کیلئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ اینڈ کوآرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جس کے کنوینرڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن آفیسر نادر چٹھہ جبکہ ممبران میں ڈی پی او ذیشان اصغر،ای ڈی او زراعت راشد حمید ظفر ،ڈی ایف سی امان اللہ سومرو اور کاشتکاروں کے نمائندہ افتخار حسین جٹیانہ ایڈووکیٹ شامل ہیں ۔ اسی طرح تحصیل سطح پر بنائی گئی کمیٹی کے کنوینر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز ہونگے جبکہ ڈی ایس پیز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت متعلقہ تحصیلوں کی کمیٹیوںکے ممبران ہونگے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جھنگ : ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی ہدایا ت کی روشنی میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ صدر کی انتظامیہ نے میٹرک کے امتحان سے فارغ التحصیل طالبات کیلئے25اپریل سے شروع ہونے والے فری سمر کیمپ کے انعقاد کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔ کالج کی پرنسپل محترمہ رضیہ خالد رائے نے بتایا کہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی طر ف سے میٹرک کے امتحان کے بعدکالجوں میں سال اول میں داخلوں سے قبل طالبات کو فری کوچنگ اور تعلیم کی فراہمی کیلئے فری سمر کیمپ کے انعقاد کے پروگرام کاآغاز کیا گیا ہے جس کے تحت انگلش ،ریاضی اور سائنس مضامین کے تجربہ کار ایم اے ،ایم ایس سی ،ایم فل اور پی ایچ ڈی پروفیسرز کی زیر نگرانی 25اپریل تا یکم مئی2015ء تک کالج میں فری سمر کیمپ کا انعقاد کیا جائیگا جس کے حوالہ سے مفت رجسٹریشن کاآغاز کر دیا گیاہے جوکہ اس مہنگائی کے دورمیں محکمہ ہایئر ایجوکیشن کی طر ف سے طالبات اور اُن کے والدین کیلئے ایک بہت بڑی ریلیف ہے۔ گورنمنٹ کالج برائے خواتین جھنگ صدر کی پرنسپل پروفیسر رضیہ خالد رائے نے بتایا کہ اس سمر کیمپ کے حوالہ سے ادار ہ کے تمام وسائل جس میںکالج لائبریری ،سائنس و کمپیوٹرلیب، ہوسٹل اور دیگر وسائل کو طالبات کے مفاد میں بروئے کار لایا جائیگا۔ پرنسپل نے بتایاکہ حکومتی فری تعلیمی سمر کیمپ کو کامیاب بنانے کیلئے شہر کے مختلف چوکوں اور شاہراہوں پر آگاہی بینرز بھی آویزاں کئے گئے ہیں جبکہ کالج انتظامیہ کی طرف سے ہائی سکولوں سے میٹرک کے امتحان سے فارغ ہو نے والی طالبات کے حوالہ معلومات حاصل کر کے اُن کے گھروں اور والدین سے بھی رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ انہوںنے مزیدبتایا کہ مذکورہ فری سمر کیمپ کے دوران طالبات کو نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالہ سے بھی تربیت دی جائیگی اور اس دوران طالبات اور انکے والدین سے بہتر رابطہ اور رجسٹریشن کیلئے کالج دفتر بھی کھلا رہے گا ۔