جھنگ: درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ہر شہری کا فرض بنتا ہے کہ وہ موسم بہار کی شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ان کی دیکھ بھال اور نشوونما پر بھرپور توجہ دے تاکہ یہ پودے پروان چڑھ کر علاقہ کی خوبصورتی میں اضافہ کا باعث بنیں،دوران مہم محکمہ زراعت کے افسران اور عملہ کو بھی چائیے کہ وہ زمینداروں اور کاشکاروں کو فصلوںکی کاشت میں ٹیکنیکل معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں زیادہ سے زیادہ درخت اور پودے لگانے کیلئے بھی راغب کریں تاکہ ماحولیاتی آلودگی میںکمی لائی جا سکے۔
ان خیالات کا اظہا ر ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمر نے موسم بہار کی شجر کاری مہم کے سلسلہ میں محکمہ زراعت کے ضلعی دفتر کے لان میں اشوک کا پودہ لگانے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ای ڈی او زراعت محمد افضل باجوہ، ڈی او زراعت یوسف حسن تتلہ سمیت دیگرمتعلقہ افسران ، معزرین شہر اور کاشکاروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈی سی او نے کہا کہ درختوں سے جہاں ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ممکن ہوتا ہے وہاں یہ پھل، سایہ فراہم کرنے کے علاوہ اضافی آمدن کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔
انہوں نے شجر کاری مہم کے ذمہ داران محکموں کے عملہ کو ہدایات جاری کیں کہ وہ سٹرکوں، پبلک مقامات، پارکوں، تعلیمی اداروں اور دفاتر میں ایک پلاننگ کے تحت زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں تاکہ شہراور علاقہ کی خوبصورتی میں اضافہ ہوسکے۔ اس موقع پرقائم مقام ڈی او جنگلات حلیمہ سعدیہ نے بتایا کہ حالیہ موسم بہار کی شجر کاری مہم کے دوران ضلع بھر میں ایک لاکھ پچاس ہزار پودے لگانے کا حدف مقرر کیا گیا ہے جس میں ایک لاکھ نجی شعبہ، بیس ہزار محکمہ دفاع اور بیس ہزارمحکمہ جنگلات کے علاوہ ایک ہزار پودے سرکاری جنگلات میں لگائے جائیں گے جس میں سے تاحال ضلع بھر میں بیس ہزار سے زائد پودے لگائے جاچکے ہیں۔
اس دوران محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی پودے لگا کر مہم میںحصہ لیا۔ بعد ازاں ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمر نے وزیرا علی پنجاب کا پروگرام برائے فروغ کیچن گارڈننگ کے تحت محکمہ زراعت کی طرف سے لگائے گئے سٹال کا معائینہ کیا جہاں بتایا گیا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کی طرف سے موسم گرما کی مختلف آٹھ اقسام کی سبزیات کے بیج پر مشتمل پندرہ سو پیکٹ پچاس روپے فی پیکٹ ارزاں نرخوں پر فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ انہیں کاشت کرکے عوام اپنی کچن کیلئے تازہ اور کھادوں سے پاک سبزیات حاصل کر کے اپنی ضروریات پوری کر سکیں۔