جہلم کی خبریں 7/3/2016

Rana Mashud

Rana Mashud

جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ موجودہ شواہد کی روشنی میںاندازہ ہو تاہے کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر 1 سول لائینز جہلم کی چاردیواری کی حدود میں کوئی ایسی چیز یا سبب موجود نہ تھا جس سے طالبات گھبراہٹ شکار ہوئیں تاہم واقعہ کی تمام پہلوئوں سے تحقیق کر رہے ہیں اور طالبات کے میڈیکل ٹیسٹ بھی کرائے جا رہے ہیں تاکہ تمام حقائق سامنے آسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ڈی سی او آفس میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ سپیشل سیکرٹری سکول ایجوکیشن عمران سکندر، ایڈیشنل سیکرٹری صحت عدنان ظفر ، ڈی سی اوجہلم اقبال حسین خان اور ڈی پی او جہلم مجاہد اکبر خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے معاملہ کا فوری طور پر نوٹس لیا اور واقعہ تفتیش کیلئے اعلی سطحی کمیٹی بنا دی گئی ہے تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ انہوںنے کہاکہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تمام ضلعی محکموں نے بروقت کاروائی کی، فوری طور پر موقع پر پہنچے اور گبھراہٹ کا شکار طالبات کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور فوری طبی معائنہ کیا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ واقعہ کی تمام پہلوئوں سے تحقیق کر رہے ہیںتاکہ حقائق معلوم کئے جا سکیںاور معاملہ کی تہیہ تک پہنچا جا سکے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے کہاکہ پنجا ب کے کسی بھی تعلیمی ادارے میں ڈینگی سپرے نہیں کرایا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی ہدایت جاری ہوئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ طالبات اورانکے والدین کے بیانات بھی ریکارڈ کئے گے ہیں اور ان سے بھی واقعہ کے بارے میں دریافت کیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جہلم(ڈاکٹر مظہر مشر) ڈی سی او اقبال حسین خان نے کہاہے کہ ضلع جہلم میں 94 فیصد لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر لیا گیا ہے جبکہ پنجاب حکومت کی طرف سے 90 فیصد کا ہدف مقرر کیا گیا تھا ۔ انہوںنے کہاکہ اراضی مراکز کے قیام اور لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن سے جائیداد کے انتقال اور فرد کے حصول کا عمل نہ صرف آسان ہو گیا ہے بلکہ تیز رفتار بھی ہو گیا ہے جس سے شہریوں کو تاریخی سہولت میسر آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے اراضی ریکارڈ مرکز سوہاوا کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈی سی او اقبال حسین خان نے اراضی ریکارڈ مرکز کی انتطامیہ سے طریقہ کار کے بارے میں بریفنگ لی۔ڈی سی او اقبال حسین نے کہاکہ اراضی ریکارڈ مراکز کے قیام سے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق جائیداد کے انتقال اور فرد کے حصول میں شفافیت آئی ہے ، پٹواری کلچر کا خاتمہ ہوا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعما ل سے شہریوں کو آسانی میسر آئی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اراضی ریکارڈ مراکز کا قیام تاریخی اقدام ہے اور ضلع جہلم میں قائم لینڈ ریکارڈ مراکز کے عملہ نے دن رات انتھک محنت کرکے مطلوبہ ہدف سے بڑھ کر کام کیا ہے جس کیلئے تمام عملہ تعریف کا مستحق ہے۔ انہوںنے کہاکہ ضلعی انتظامیہ اراضی ریکارڈ مراکز کے اچانک دورے کرے گی تاکہ سائیلین کو اگر کوئی مشکل یا مسلئہ درپیش ہو تو ا س سے فوری آگاہی حاصل کی جا سکے اور اس کا تدارک بھی کیا جا سکے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جہلم(ڈاکٹر مظہر مشر) کرپشن کا زہر ملک و قوم کی رگوں میں پھیل چکا ہے ، ذاتی اختیارات کی ہوس ، جھوٹ اور دھوکے بازی قیام پاکستان کے مقاصد سے بغاوت ہے ، ان خیالات کا اظہار ضلعی امیر جماعت اسلامی جہلم ملک عرفان حیدر و نائب ضلعی امیر راجہ محمدضیاء اشرف ایڈووکیٹ نے جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ”کرپشن فری پاکستان مہم ” کے سلسلہ میں احتجاجی کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے مشترکہ بیان میںکیا ، انہوں نے کہا کہ کرپشن نے نہ صرف سرکاری اداروں بلکہ پاکستان کی بنیادوں کو بھی کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے ، پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا تھا مگر یہاں اسلامی قوانین کے نفاذ کی نسبت انگریز کا قانون رائج ہے اور ہر کام بغیر رشوت اور سفارش کے ممکن نہیں رہا ، اگر اب بھی اسے نہ روکا گیا تو پاکستان کو بچانا ممکن نہیں رہے گا ،انہوں نے کہا کہ سود کے عمل دخل سے پہلے ہی اللہ تعالیٰ نے رحمت اور برکت اٹھا لی ہے ، لہٰذا تمام پاکستانیوں کو چاہیئے کہ وہ ہماری اس مہم میں شامل ہوکر ملک سے کرپشن کے خاتمہ میں ہمارا ساتھ دیں تا کہ آنے والی نسلوں کو بچا سکیں ، اس موقع پر ایک دستخطی مہم کا بھی آغاز ہوا جس میں شہریوں سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے دستخط کرائے جائیں گے جو کہ موجودہ حکومت کو عوامی ریفرنڈم کے طور پر پیش کیا جائے گا۔

DCO in Sohawa

DCO in Sohawa

ڈاکٹر مظہر مشر
جہلم
تاریخ۔06-03-16