جہلم فورم کے زیرانتظام ایک روزہ فری میڈیکل اور آئی کیمپ کا انعقاد باغاں میں بروز ہفتہ گیارہ اگست ہو گا

Jhelum Forum

Jhelum Forum

مانچسٹر، دینہ (جمیل احمد سے) جہلم فورم نے انتہائی کم مدت میں ضلع جہلم میں فلاحی کاموں اور بالخصوص میڈیکل کیمپس کے انعقاد سے اپنا ایک الگ مقام بنایا ہے۔ بڑاگواہ سے چلنے والا یہ سلسلہ اب باغاں تک جا پہنچا ہے اور غریب اور نادار لوگ اس مفت سروس سے فائدہ حاصل کر رہے ہیں۔ عوام کو مفت بنیادی سہولیات کے فراہمی کے لیے جہلم فورم کا سہولت کار بننا قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار باغاں میڈیکل کیمپ کے مشترکہ آرگنائزر صوبیدار نور احمد کھٹانہ نے اپنے ایک بیان میں کیا اس کا مزید کہنا تھا کہ غریب اور ناداروں کی مدد صدقہ جاریہ ہے۔

جہلم فورم کے زیرانتظام مختلف پراجیکٹس پر کمیونٹی کو مدد کرنی چاہیے۔ عرفان القرآن سکول باغاں کے پرسنپل اور کیمپ آرگنائزر زاہد شفیع کھٹانہ کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں اس نیک کام کا حصہ بن رہا ہوں ہم نے پہلے بھی میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا ہے۔ اور اب جہلم فورم کے اشتراک سے کیمپ کا انعقاد کر رہے ہیں۔ آئیندہ بھی کیمپس کے انعقاد کے لیے ہمارا سکول اور افرادی قوت حاضر رہے گی۔

سکول ٹیچر اور کیمپ آرگنائزر طاہر شفیع کھٹانہ کا کہنا تھا کہ باغاں کی عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس مفت سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ پیغام پہنچائیں تاکہ غریب اور نادار اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ جہلم فورم جہلم برانچ کے مجلس عاملہ کے رکن اور تحصیل سوہاوہ کے کوآرڈینیٹر شکیل کھٹانہ کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم خدمت کا یہ سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

میڈیکل کیمپ میں ڈینٹل سرجن، سرجن، حکیم، حجامت سپیشلسٹ اور الشفاء کے آنکھوں کے ڈاکٹروں کو بلوانے کا مقصد مریضوں کو ایک ہی جگہ تمام سہولیات پہنچانا ہے۔ انھوں نے کیمپ کے لیے خصوصی تعاون پر الطاف جیولرز اولڈہم، رائل آسٹرچ فارم چک الماس، زاہد شفیع پرنسپل عرفان القرآن سکول راجو پنڈی اور مانچسٹر برانچ کے جنرل سیکرٹری تنویر کھٹانہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے نیک کاموں کے لیے مخیر حضرات کو سامنے آنا چاہیے تاکہ دُکھی انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رہ سکے۔