گجرات کی خبریں 25/5/2016

Jhelum

Jhelum

جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر/ندیم ساجد مغل/مرزا فیاض اشرف) سابق ایم این اے نوابزادہ اقبال مہدی کی نماز جنازہ انکے آبائی گائوں داراپور میں ادا کر دی گئی ، نماز جنازہ میں سینیٹر راجہ ظفر الحق ، کمشنر راولپنڈی عظمت محمود ، ممبر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی راجہ صدیق جرال ، ڈی سی او جہلم اقبال حسین خان ، ڈی پی او جہلم مجاہد اکبر خان ، ممبر ان صوبائیل اسمبلی چوہدری لاحسین ، مہر محمد فیاض ، چوہدری نذر گوندل کے علاوہ سابق وزیر راجہ بشارت محمود ، چوہدری ریاض ،سابق ضلع ناظم چوہدری فرخ الطاف ، سابق امیدوار قومی اسمبلی چوہدری فواد حسین ایڈووکیٹ ، سابق صوبائی وزیر تنویر اشرف کائرہ کے علاوہ مسلم لیگ(ن) کے کارکنان اور شہریوںکی کثیر تعداد نے شرکت کی ، نمازجنازہ میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ شریک ہوئے اور ان کا آخری دیدار کیا ، نماز جنازہ کے شرکاء نے مرحوم کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی اور اپنی متحمل طبعیت اور برداشت سے اپنے سیاسی مخالفین کو بھی اپنا گرویدہ بنا لیا۔ نوابزادہ اقبال مہدی پیر کی گذشتہ شب مختصر علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔ انہوں سوگواران میں دو بیٹے اوردو بیٹیاں بھی چھوڑے ہیں۔ نوابزادہ اقبال مہدی پانچ مرتبہ رکن قومی اسمبلی بنے اور 1985 میں بطور صوبائی وزیر جنگلات ، وائلڈ لائف اور ماہی پروری بھی خدمات سرانجام دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر) ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر راجہ محمد صدیق جرال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں نواز شریف جس طرح یکسوئی اور دلجمعی سے کام کررہے ہیں اور جو دہشتگردی کے حوالے سے عوام سے کمٹمنٹ کی تھی ، آج اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے ہیں ،ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز سابق ایم این اے نوابزادہ اقبال مہدی کے نمازجنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ کراچی کی روشنیاں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں ، امن بحال ہوچکا ہے جبکہ دہشت گردی میں بھی نمایاں حد تک کمی ہوچکی ہے ،بجلی اور سوئی گیس لوڈ شیڈنگ میں کافی حد تک کمی ہوچکی ہے، اور عوام کو گراس روٹ لیول پر فوائد ملنے شروع ہو چکے ہیں ،ملک اب ترقی کے راستے پر گامزن ہوگیاہے ، یہی وجہ ہے کہ ملک بھر میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں بھی مسلم لیگ(ن) کو کامیابیاں مل رہی ہیں،ہمارے پڑوسی دوست ملک چائنہ نے اعتماد کرتے ہوئے 45ارب کی سرمایہ کاری اقتصادی راہداری کی صورت میں لگانا شروع کر دی ہے ، جس سے ملک ترقی کے راستے پر گامزن ہوجائے گا ۔راجہ صدیق جرال نے مزید کہا کہ دن کو وزارت عظمیٰ کے خواب دیکھنے والوں کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، وہ ملک دشمن عناصر کے ساتھ ملکر اقتصادی راہداری کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ ملک میں معاشی انقلاب برپا نہ ہوسکے ، کئی ملک دشمن عناصر گوادر بندر گاہ کو کامیاب دیکھنا نہیں چاہتے ،انہیں ہوش کے ناخن لینا چاہیئے مگر انشاء اللہ وہ اپنے مضموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے ، انہوں نے کہا کہ جس طرح میاں نواز شریف کی حکومت مسائل کے حل کی طرف گامزن ہے وہ وقت دور نہیں کہ جب 2018ء کے الیکشن میں ایک مرتبہ پھر عوام انہیں بھرپور اعتماد کے ساتھ کامیاب کرے گی اور دوبارہ حکومت مسلم لیگ(ن) کی ہی ہوگی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
جہلم(ڈاکٹر مظہر مشر/ندیم ساجد مغل) مرکزی امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو کرپشن سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں ، کرپٹ عناصر کا احتساب ہونا چاہیئے اور لٹیروں کی جگہ ایوانوں میں حکمرانی کی بجائے جیلوں میںہونی چاہیئے ، امریکہ کی طرف سے بے دریغ پاکستان کی سرحدوں کے اندر ڈرون حملے کرنا اور حکمرانوں کو سات گھنٹے تک خبر نہ ہونا افسوسناک بات ہے ، ہم حکومت سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ امریکہ نے ایسا کیوں کیا ، حملے کے بعد کئی گھنٹوں تک ڈرون طیارے کا فضائی حدود میں موجود رہنا وزیردفاع اوروزیرخارجہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ، ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ حکومت ملک کی فضائی سرحدوں کی حفاظت میں ناکام ہو چکی ہے ، ایسے حکمرانوں کو حکمرانی کا کوئی حق نہیں ۔ اب کرپٹ مافیا ، کرپٹ حکمرانوں اور ملک کی حفاظت نہ کر سکنے والوں اور سسٹم کے خلاف سٹیک ہولڈر کو مزید نہیں چلنے دیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر تا کراچی ٹرین مارچ کے حوالے سے جہلم سٹیشن پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔