جہلم (ڈاکٹر مظہر مشر) ڈسٹرکٹ آفیسر شہری دفاع جہلم شاہد بشیرنے کہا ہے کہ موجودہ دہشت گردی دور میں کسی بھی ناگہانی آفات سے نمٹنے کیلئے ہر شہری کو تربیت حاصل کرنی چاہیئے ، سکول اور کالجز میں طلباء و طالبات کی تربیت ہماری اولین ترجیح ہے ،اس کیلئے ضروری نہیں کہ کسی دہشت گردی میں ہی یہ تربیت کام آئے بلکہ اپنے گھروں میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں کام آسکے ، ان خیالات کا اظہار وہ گزشتہ روز عالمی یوم شہری دفاع کے حوالے سے وارڈن پوسٹ بی تھری جہلم میںمحکمہ شہری دفاع جہلم کے زیر اہتمام ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے طلباء کو آگہی مہم کے موقع پر کررہے تھے ، انہوں نے مزید کہا کہ سول ڈیفنس محکمے کا مقصد ہر شہری کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے ، لوگوں کی مدد کرنے اور ارد گرد ماحول پر نظر رکھنے کیلئے تربیت فراہم کرنا ہے ، اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ اکائونٹ آفیسر جہلم دانیال احمدبطور مہمان شریک ہوئے جبکہ پوسٹ وارڈ ریاض احمد مغل نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا ۔صدر پریس کلب جہلم (رجسٹرڈ) ڈاکٹر مظہر اقبال مشر نے سول ڈیفنس کی طرف سے دی جانے والی تربیت کو سراہا ۔شہری دفاع عملہ نے طلباء کو بم دھماکہ ، آگ لگنے، دہشت گرد حملہ اور دیگر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے معلومات بہم پہنچائیں اور تمام ضروری آلات سے آگاہ کیا، شاہد بشیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء کو تربیت ہماری اولین ترجیح ہے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جہلم(ڈاکٹر مظہر مشر) ڈی سی او جہلم اقبال حسین خان نے یونیورسٹی آف گجرات کے زیر اہتمام منعقدہونیوالے ایم اے ، ایم ایس سی (سال اول اور دوم) کے امتحانات کیلئے قائم مراکز کے دوسو گز کی حدود میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔ ڈی سی او آفس سے جاری ہونیوالے حکمنامہ کے مطابق ، یکم مارچ کو شروع ہونیوالے امتحانات19 مارچ تک جاری رہیں گے اور امتحانی مراکز کی دو سوگز کی حدود میں کسی غیر متعلقہ شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہ ہوگی تاکہ امتحانات پر سکون ماحول میں منعقدہوں سکیں اورکوئی ناخوش گوار واقعہ نہ پیش آئے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جہلم(ڈاکٹر مظہر مشر) حکومت پنجاب کی طرف سے بھٹہ مالکان پر قائم مقدمات کے خلاف بھٹہ ایسوسی ایشن کی ہڑتال ۔ضلع بھر میں ترقیاتی کام تاخیر کا شکار ۔تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں بھٹہ خشت ایسوسی ایشن نے پچھلے کئی روز سے اینٹوں کی فروخت بند کررکھی ہے ، جس سے نہ صرف سرکاری بلکہ ہر قسم کے ترقیاتی کام مکمل طور پر بند ہوچکے ہیں ، ہڑتال کئی روز سے جاری ہے ، ٹھیکیداران بھٹہ خشت کا کہنا ہے کہ بچوں سے مزدوری ہم نہیں کراتے بلکہ والدین اپنی مرضی سے انہیں ساتھ لاتے ہیں ، اس میں ہمارا کوئی قصور نہیں لیکن انتظامیہ ٹھیکیدار بھٹہ پر مقدمات قائم کررہی ہے جو کہ زیادتی ہے ، ہم لاکھوں روپے لگاکر سینکڑوں گھرانوں کی کفالت کررہے ہیں ،انتظامیہ کو چاہیئے کہ وہ بھٹہ پر کام کرنے والے مزدوروں کو پابند بنائے کہ وہ بچوں سے کام نہ کروائیں ۔ حکومت نے اگر ہمارے ساتھ رویہ اسی طرح روا رکھا تو ہم بھٹے مکمل طور پر بند کر دیں گے ۔یاد رہے کہ ضلع بھر میں پچھلے کئی روز سے بھٹے بند ہونے سے جہاں بھٹہ مالکان کو لاکھوں روپے کا نقصان ہورہا ہے ، وہیں بھٹہ مزدوروں کے علاوہ ہر قسم کے ترقیاتی کام بھی بند پڑے ہیں ، جس سے مستری مزدور ، سیمنٹ ، سریہ وغیرہ کا کام بھی مکمل طور پر بند ہوچکا ہے جس سے غریبوں کے گھروں کے چولہے بھی ٹھنڈے ہوگئے ہیں ۔حکومت کو چاہیئے کہ وہ اس سلسلہ میں ایسا لائحہ عمل تیار کرے جس سے بچوں سے جبری مشقت لینے پر والدین کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جہلم(ڈاکٹر مظہر مشر) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ جہلم نے تاجر برادری کی مشاورت سے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ پرائس کمیٹی کا اجلاس اے ڈی سی عمران رضا عباسی کی زیر صدارت منعقدہوا جس میں تاجربرادری کی نمائندگی صدر انجمن تاجران چوہدری محمد عارف اور سینئر نائب صدر طارق مجید کھوکھر نے کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ، اے ڈی سی عمران رضا عباسی نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات میں حالیہ کمی کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کیلئے ضروری ہے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی اسی تناسب سے کمی کی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ تمام اشیاء میں کمی تاجر برادری کی مشاورت سے کی گئی ہے اور پرائس مجسٹریٹس کو واضح ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں کہ نئی قیمتوں پر عمل درآمد نہ کرنے والے دکانداروں کو بھاری جرمانے کئے جائیں۔ اے ڈی سی عمران رضا عباسی نے کہاکہ تمام دکاندار نئی ریٹ لسٹیں نمایاں طورپر آویزاں کریں تاکہ شہری نئی قیمتوں سے آگاہ ہو سکیں۔ انہوںنے کہاکہ نئی قیمتوں کے تعین میں تاجر برادری سے مشاورت کی گئی ہے اور نئی قیمتوں میں تاجروں کیلئے جائز منافع بھی رکھا گیاہے لہذا دکانداروں کا فرض ہے کہ وہ اپنی قومی ذمہ داری کا خیا ل رکھتے ہوئے نئی ریٹ لسٹوں کے مطابق اشیائے خوردونوش بیچیں۔