جہلم میں تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں مکمل، شرکا کی آمد کا سلسلہ جاری

PTI

PTI

جہلم (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے جلسہ عام کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور گرد و نواح سے عوام کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ جہلم میں تحریک انصاف کا جلسہ عام سید ضمیر جعفری اسٹیڈیم میں منعقد ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

اسٹیڈیم کے اطراف میں مقامی اور مرکزی رہنماؤں کی تصاویر والے خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں۔ اسٹیڈیم میں 40 سے 50 ہزار افراد کی گنجائش ہے تاہم 20 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں، لوگوں کے داخلے اور انخلا کے لئے دو جگہ سے اسٹیڈیم کی دیواریں توڑ کر گزر گاہیں بنائی گئی ہیں۔

جلسہ گاہ میں آنے کے لئے 4 راستے عام عوام، ایک خواتین اور بچوں جبکہ ایک دروازہ پارٹی رہنماؤں کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔ جلسہ گاہ میں دو اسٹیج تیار کئے گئے ہیں ایک اسٹیج پر پارٹی کے مرکزی رہنما جبکہ دوسرے پر پی ٹی آئی کے ضلعی عہدیداران و دیگر لوگ ہوں گے۔

جلسے میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، اسٹیڈیم کے باہر سیکیورٹی کے فرائض پولیس انجام دے رہی ہے جس کے لئے 500 اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ جلسہ گاہ کے اندر پی ٹی آئی کے کارکن فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

جلسہ عام میں شرکت کے لئے عوام کی بڑی تعداد صبح سے ہی پہنچی ہوئی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، جلسے کے شرکا میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہے، جن میں اکثر نے تحریک انصاف کے پرچم سے ہم آہنگ دوپٹے اور چوڑیاں پہنی ہوئی ہیں جبکہ بچوں اور نوجوانوں نے اپنے چہروں پر سرخ اور سبز رنگوں سے پارٹی کا پرچم بنایا ہوا ہے۔