اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے واضح کیا ہے کہ ختم نبوت پر کوئی مسلمان سمجھوتہ نہیں کر سکتا۔ اس اہم معاملے پر سمجھوتا کرنا تو دور کی بات ایسا سوچنا بھی کفر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ختم نبوت پیرے میں تبدیلی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ ختم نبوت ایمان کی بنیاد اور ستون ہے۔ نامزدگی فارم اصل شکل میں بحال ہو چکا ہے۔
وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اصلاحات کمیٹی میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہے۔ اصلاحات بل میں تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی گئی اور متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو پر امن بنانے کیلئے ذمہ دارانہ کردار کی ضرورت ہے لیکن کچھ لوگ شرپسندی کی کوشش کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر شر پسند عناصر نے پروپیگنڈا کیا۔ گلی محلوں میں کفر کے فتوں سے انتشار پیدا ہو گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ قادیانیوں کو اقلیت کا درجہ پارلیمنٹ نے دیا، جہاد کا فیصلہ بھی اسلامی ریاست ہی کرے گی۔