ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ سٹار سلمان خان عموماً سوشل میڈیا کے ذریعے ہلکے پھلکے پیغامات یا فلموں کی تشہیر ہی کرتے ہیں تاہم پشاور میں ایک سکول پر شدت پسندوں کے حملے میں 130 سے زائد بچوں کی ہلاکت پر ان کے سنجیدہ خیالات سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے اس واقعہ پر ٹویٹر کے ذریعے کہا کہ ”جہاد کا مطلب کوشش ہے، اچھا بننے کی کوشش”۔ آج جہاد کا سب سے زیادہ غلط مطلب لیا جاتا ہے۔ لوگوں نے فساد کو جہاد بنا دیا۔
سلمان خان نے کہا کہ خواتین پوری طرح مردوں کے برابر ہیں اور ان کے بھی مردوں جتنے حقوق ہیں۔ مذہب کے نام پر قتل کرنے والوں نے قرآن نہیں پڑھا۔ سلمان نے ٹویٹر پر اپنے تاثرات ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ اردن کی ملکہ رانیہ کی کچھ پوسٹس ری ٹوئیٹ بھی کیں۔
ملکہ کی ایک ٹویٹ میں کہا گیا تھا کہ ‘آخر کب تک معصوم بچے انتہا پسندی کی بھیانک قیمت ادا کرتے رہیں گے’۔ سانحہ پشاور کے کچھ دنوں بعد سلمان نے 19 دسمبر کو ٹویٹر پر لکھا تھا ‘ایک معصوم جان بچانا پوری انسانیت بچانے جیسا ہے، اسی طرح ایک معصوم کی جان لینا پوری انسانیت کی جان لینے جیسا ہے۔
سب سے بڑا جرم ایک معصوم کی جان لینا ہے حتیٰ کہ جنگ کے دوران بھی آپ بچوں، عورتوں، بزرگوں، مذہبی مقامات اور زراعت کو نشانہ نہیں بنا سکتے۔’وہ ہم میں سے نہیں جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسرے محفوظ نہ ہوں۔