جمبر (نامہ نگار) آرمی پبلک سکول کے شہدا سے اظہار یکجہتی کے لیے رفیق ماڈل سکول میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
شہید بچوں کے لیے قرآن خوانی کروائی گئی۔ شہدا سے اظہار یکجہتی کے لیے طالب علموں نے بینرزاور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شہدا کا خراج تحسین پیش کرنے کے لیے نعرے درج تھے۔ بچوں نے ایک ریلی بھی نکالی۔ تقریب سے نامور کالمسٹ عقیل خان سینئر نائب صدر کالمسٹ کونسل آف پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 16دسمبر کا دن پاکستان کے لیے دردناک دن بن گیا۔
ابھی ہم سقوط ڈھاکا کا غم نہیں بھولے تھے کہ ہمارے دشمنوں نے ہمیں ایک اور غم میں ڈبو دیا۔ شہیدبچوں کی شہادت نے قوم کو یکجا کردیا۔ آج پاکستان بھر میںآرمی پبلک سکول کے بچوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تعلیمی اداروں میں تعطیل کردی گئی۔ ایک سال گزرنے کے باوجود ہم اپنے بچوں کو نہیں بھولے ۔ان کے نقش آج بھی ہمارے دلوں پر بنے ہوئے ہیں۔
عقیل خان نے کہا پشاور سانحہ کے بعد ہمارے طالب علموں میں خوف پیدا نہیں ہوا بلکہ انہوں نے دشمنوں کو پیغام دیا کہ ہم ملک کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ تقریب سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے شہیدبچوں کو خراج تحسین پیش کیا۔تقریب کے آخرمیں ملک کی ترقی اور شہید بچوں کے لیے دعا کرائی گئی۔