جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں میلاد مصطفےٰ و حق باھو کانفرنس منعقد ہوئی
Posted on January 27, 2014 By Majid Khan اسلام آباد
اسلام آباد: اصلاحی جماعت و عالمی تنظیم العارفین کے زیر اہتمام جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں میلاد مصطفےٰ و حق باھو کانفرنس منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ سلطان احمد علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کی پیدائش ،موت اور تمام کائنات اللہ کے بنائے ہوئے قانون کے مطابق ہے اسی لئے انسانی معاشرے بھی اللہ کے بنائے ہوئے قانون کے مطابق ترتیب ہونا چاہئیں۔
تخلیق کائنات ،انسان کی پیدائش وموت کے مراحل اللہ کے قانون کے تابع ہوتے ہیں توپھرانسان اوربالخصوص مسلمان کیوں اللہ تعالیٰ کے قانون کے مطابق زندگی بسر کرنے سے انکاری ہیں۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں سوشلزم ، کمیونزم یاسیکولر ازم نہیں بلکہ اسلام کاقانون دیا۔
انسانی معاشرے کی تباہی کی وجہ اللہ کے بنائے ہوئے قوانین سے روگردانی ہے انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ کی کائنات میں روح اور برکت ہے تو صرف اور صرف رسول اکرمۖ کے اسم محمدۖ کی وجہ سے ہے ۔اگرہمیں واقعی اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولۖ سے محبت ہے تو ہمیں اپنے آپ کو قرآن اور سنت کے مطابق زندگی گزار نا ہوگی ۔زبانی دعوے کی بجائے اللہ کے دین کی روشنی میں خود احتسابی کی ضرورت ہے ۔توحیدپرایمان کا تقاضا یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے احکامات سے روگردانی نہ کی جائے اور اپنے کرداروعمل کو انبیا، صالحین اوراللہ کے انعام یافتہ لوگوں کے طریق کے مطابق اختیار کریں ۔اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین یہی فکر لائی ہے کہ ہم اپنے خالق کے حضور احتساب سے قبل اسی دنیا میں اپنے اعمال کا وزن کریں۔ہم کسی مذہب ومسلک سے شناخت استوار کرنے کی بجائے اپنی زندگی کو قرآن وسنت کے مطابق انفرادی اور اجتماعی طور پر ترتیب دیں۔ اسی ذریعے سے ہم اتحاد اور یکسانیت قائم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کلمہ کی حقیقت یہ ہے کہ اللہ کو اسکی تمام صفات میں کلی طور پرمنفرد اور واحد جان کر اپنے عمل کو اسکی ہر صفت کے تابع اور منحصر کیا جائے۔ مرکزی ناظم اعلیٰ اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین الحاج محمد نواز قادری نے کہا کہ معاشرے میں امن کے قیام کیلئے اولیائے کاملین کی تعلیمات کی پیروی ناگزیر عمل ہے۔اللہ تعالیٰ نے ہمیں صرف ایک پہچان دی ہے وہ مسلمان کی ہے اور کوئی نہیں۔ اولیائے کاملین کی تعلیمات مشاہدے اور حال کی تعلیم ہے اسی لئے اللہ تعالیٰ نے ان کو بے خوف اور بے غم کہا۔
انہوں نے کہا کہ انسان کواللہ تعالیٰ کا ذکر اپنی سانسوں سے کرناچاہیے یہی سانس اللہ تعالیٰ سے رشتہ جوڑنے کا ذریعہ ہیں۔کانفرنس میں غیرملکی سفارتکاروں ، سیاسی ، علمی، ادبی ودیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اختتام پر سرپرست اعلی صاحبزادہ سلطان محمد علی نے امت مسلمہ کے اتحاد اور استحکام پاکستان کیلئے خصوصی دعا کی۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com