جناح اسپتال میں ملازمین کے احتجاج سے تنگ مریضوں اور تیمارداروں کا مظاہرہ

Protest

Protest

کراچی (جیوڈیسک) جناح اسپتال ملازمین کی علامتی ہڑتال سے تنگ مریضوں نے اسپتال کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیاجس کی وجہ سے رفیقی شہیدروڈ پر ٹریفک بھی بری طرح متاثر ہوا، جناح اسپتال میں جناح پوسٹ گریجویٹ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کی جانب سے 6 روز سے علامتی ہڑتال جاری ہے۔

ملازمین کا مطالبہ ہے کہ ان کا ہیلتھ الائونس اور ڈیپوٹیشن الائونس جاری کیا جائے جبکہ نیوورسرجری ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین کے تنخواہیں باقاعدگی سے جاری کی جائیں، ملازمین روزانہ2گھنٹے کے لیے تمام شعبہ جات کی او پی ڈیز، لیبارٹریز، فارمیسی اور اوپریشن تھیٹر بند کر دیتے ہیں، جمعہ کو 50 سے 60 مریضوں اور لواحقین نے رفیقی شہید روڈ پر ایک گھنٹے تک احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے باعث روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا تھا بعد ازاں پولیس نے مظاہرین کو منتشرکیا۔

مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا تھا کہ بہت دنوں سے علاج کے لیے آرہے ہیں لیکن ملازمین کے احتجاج کے باعث چکر پر چکر کے سوا کچھ حاصل نہیں ہورہا، روزانہ او پی ڈیز، لیبارٹریز، فارمیسی اورآپریشن تھیٹر بند کردیتے ہیں۔

دریں اثنا ایمپلائز ایکشن کمیٹی نے وزیراعلیٰ سندھ کے کوآرڈینیٹر مظفر شجرہ سے ملاقات کی اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا، مظفر شجرہ نے ملازمین کو مسائل کے حل کے لیے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ سیکریٹری صحت کے ساتھ اس ضمن میں رابطہ کرکے جلد ازجلد ان کے مطالبات پورے کرائیں گے۔