کراچی (جیوڈیسک) حکومت سندھ نے جناح پوسٹ میڈیکل سینٹر (جناح اسپتال) کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا ٹیچینگ اسپتال بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے۔
کہ اس سے قبل بھی صوبائی محکمہ صحت نے جناح اسپتال کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی بنانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا لیکن اس پرعملدر آمد نہیں کیا جاسکا کیونکہ جناح اسپتال کی انتظامیہ کے بعض افسران نے عدالت عالیہ سے حکم امتناعی حاصل کر رکھا ہے۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ جناح اسپتال جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا ٹیچینگ اسپتال ہے اوراس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا، اجلاس میں اس بات کا بھی نوٹس لیا گیا۔
کہ جناح اسپتال کی انتظامیہ نے گزشتہ دنوں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی معائنہ ٹیم کواسپتال کا معائنہ کرنے سے روکا گیا تھا جس پر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے جناح اسپتال انتطامیہ کو نوٹس بھی جاری کیا ہے۔
دریں اثناجمعہ کو وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ کی عوام کو صحت کی معیاری سہولیات مہیا کرنے کے لیے سندھ حکومت کے پاس جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر(جناح اسپتال) اور ادارہ برائے امراض قلب کو اپ گریڈ کرنے اور استعدادکار میں اضافہ کرنے کی جامع منصوبہ بندی موجود ہے تاہم ان دونوں اداروں سے متعلق عدالت میں زیر التوا مقدمے کا فیصلہ آنے کے بعد اس منصوبہ بندی پر عملدرآمد کیا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جناح اسپتال اور قومی ادارہ امراض کی کارکردگی کو بہتر کرنے اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔
چیئرمین صوبائی ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر عاصم حسین ، چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری یونیورسیٹ یزاینڈ بورڈ سید ممتاز شاہ، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو ، سیکریٹری صحت اقبال درانی ، سیکریٹری قانون میر محمد شیخ ، ایڈوکیٹ جنرل سندھ فتح ملک و دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد وفاق کے اسپتال جناح اسپتال اور قومی ادارہ امراض قلب 2010 میں حکومت سندھ کو منتقل ہوئے ہیں تاہم 2011 میں جناح اسپتال کے بعض انتظامی افسران نے ان اداروں کی حکومت سندھ کو منتقلی کے عمل کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کیا۔
اورعدالت سے حکم امتناعی حاصل کیا تب سے یہ مسئلہ زیر التوا ہے، انھوں نے ایڈوکیٹ جنرل سندھ کو ان مقدمات پر پیش رفت کے عمل کو تیز کرنے اور جلد سے جلد فیصلہ حاصل کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں جناح اسپتال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اوراس میں مزید بہتری لانے کا فیصلہ کیا گیا۔