کراچی (جیوڈیسک) جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر شہزاد پر تشدد اور دھمکیاں دینے والے سادہ لباس پولیس اہلکاروں کی شناخت ہوگئی۔
چند روز قبل جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر شہزاد کے گھر پر چھاپہ مارنے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنانے والے اہلکاروں کی شناخت ہوگئی جب کہ اس حوالے سے ڈی آئی جی ویسٹ کیپٹن طاہر نوید کا کہنا ہے کہ ایم ایل او کے گھر پر چھاپہ مارنے والے 7 اہلکاروں کو شناخت کیا جاچکا ہے جب کہ ان کے لیپ ٹاپ سے ڈیٹا ضائع کرنے اور اہلکاروں کی جانب سے اس قسم کا اقدام اٹھائے جانے کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
واضح رہے کہ جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر شہزاد نے 22 فروری کو پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ سادہ لباس اہلکاروں نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور ذاتی لیپ ٹاپ سے اہم پوسٹ مارٹم رپورٹس ضائع کرادی تھیں۔