کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع نے کہاکہ کالج سے یونیورسٹی تک کا سفر ایک کٹھن اور دشوار مرحلہ تھا جسے کالج کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز خصوصاً ایس ایم سی المنائی پاکستان بین الاقوامی سطح پر موجود SMCIANSکی مدد اور جدو جہد کے ذریعے مکمل کیا گیا انشا اللہ باہمی مدد اور تعاون کے ذریعے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو پاکستان کا معیاری اور نامور طبی تعلیم کا مرکز بنا یا جائیگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایس ایم سی المنائی پاکستان کے تحت منعقد سالانہ ڈنر گالا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے ایس ایم سی المنائی پاکستان کے صدر ڈاکٹر شاہد سمیع ،ایس ایم سی المنائی نارتھ آمریکہ کے صدر یا سین ابو بکر ،ایس ایم سی المنائی پاکستان کے ٹرسٹی ڈاکٹر مکرم علی ،سمیر قریشی ،شہاب اللہ ،ڈاکٹر اعظم ،ایس ایم سی المنائی نارتھ آمریکہ کے سابق صدر ڈاکٹر جاوید سلیمان نے بھی خطاب کیا تقریب میں ایس ایم سی المنائی پاکستان کے ٹرسٹی ڈاکٹر مکرم علی اور ڈاکٹر سمیر قریشی کو اعلیٰ خدمات پر گلدستہ اور اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔
تقریب میں رجسٹرار جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر عرفان اشرف ،سنیئر ڈائریکٹر ہیلتھ بلدیہ عظمیٰ کراچی ڈاکٹر سلمیٰ کوثر ،ڈاکٹر لبنیٰ بیگ انصاری ،پروفیسر لبنیٰ مکرم علی کے علاوہ پاکستان سمیت بین الاقوامی سطح پر سندھ میڈیکل کالج کراچی کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز نے شرکت کی تقریب میں بین ملک سے آئے ہوئے سندھ میڈیکل کالج کے گریجویٹس کو اجرک اور شیلڈز پیش کی گئی۔تقریب کے اختتام پر سانحہ پشاور کے شہداء کی مغفرت کے لئے خصوصی دعاء کی گئی۔