اسلام آباد (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کہتے ہیں کہ سیاسی جرگے کا کام ڈیڈ لاک کو ختم کرنا ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین کے استعفوں کے معاملہ پر عجلت میں کام نہیں لیں گے۔
اسلام آباد میں سیاسی جرگہ کے مشاورتی اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جرگے نے اپنے ذاتی اختلافات کو بھلا کر ملکی مفاد میں سوچا ہے، ہم نے تینوں فریقین کو اپنی تجاویز بھیجی ہیں لیکن اب فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے۔
جرگے کا کام ڈیڈ لاک کو ختم کرنا ہے۔ رحمن ملک کا کہنا تھا کہ تینوں فریقین کو مل کر اس سیاسی بحران کا حل نکالنا چاہیے، اگر ڈیڈ لاک چلتا رہا تو ملک میں سیاسی تصادم کا خدشہ ہے۔
بعدازاں سیاسی جرگہ کے رہنماؤں نے سپیکر قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کی، اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین کو آج بلایا تھا مگروہ نہیں آئے،استعفوں کے معاملہ پر عجلت سے کام نہیں لوں گا۔
میں نے قانون کے مطابق چلنا ہے،میرے پاس جو گنجائش تھی وہ دے چکا ہوں۔سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ آرٹیکل تینتالیس کے تحت میری ذمہ داری ہے کہ استعفوں کی تصدیق کروں۔