اسلام آباد (جیوڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کے دفاع کیلئے کام کر رہی ہے، سیاسی باتیں صرف سیاسی دائرہ کار میں ہوتی ہیں، یہ کہنا کہ پاک فوج کسی سازش کا حصہ ہے یہ سوال ہی بے معنی اور لاحاصل ہے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ پاک فوج کا براہ راست جے آئی ٹی سے کوئی تعلق نہیں، فوج صرف آئین کی عملداری چاہتی ہے، ہم صرف وہ کام کر رہے ہیں جو پاکستان کی سیکورٹی کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔ پاک فوج نے خیبر ایجنسی کے علاقوں راجگال اور شوال میں دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے آپریشن خیبر فور کا آغاز کر دیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور نے کہا کہ 2009 میں آئی ایس پی آر نے ایک مہم کا آغاز کیا تھا جس کے تحت خیبر ایجنسی سے دہشتگردوں کا مکمل صفایا کرنا ہمارا اولین مقصد تھا۔
آصف غفور نے کہا کہ اس سے قبل آپریشن ضرب عضب کے دوران ہم نے دہشتگردوں کے قبضے سے بہت سا علاقہ واگزار کروایا تھا ، اس کے بعد ان علاقوں میں دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کیلئے آپریشن خیبر فور کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا اور امید ہے کہ اس آپریشن کے بعد ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے افغانستان کے ساتھ بارڈر کی سکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ اس راستے سے دہشتگردوں کی پاکستان آمد کا سلسلہ روکا جا سکے ۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ آپریشن خیبر فور کے دوران خیبر ایجنسی میں دہشتگردوں کے ٹھکانے اور ان کی پناہ گاہوں کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا۔
آصف غفور نے کہا کہ 2007 میں جب آپریشن کا آغاز کیا گیا اس وقت روزانہ درجنوں کی تعداد میں بے گناہ شہری موت کے منہ میں جا رہے تھے مگر جب سے آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے اس وقت سے ان علاقوں میں رہنے والوں کی شرح اموات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ آصف غفور نے کہا کہ پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں ، اور نہ ہی کوئی ایسے شواہد موجود ہیں۔
آصف غفور نے کہا کہ پاکستان میں سرگرم دہشتگرد تنظیموں کا مقصد سی پیک کو نقصان پہنچانا ہے اور اس پراجیکٹ کو ہم کسی صورت ناکام نہیں ہونے دیں گے۔ دہشتگرد تنظیمیں اس پراجیکٹ کو کامیاب ہوتے نہیں دیکھ سکتیں اس لئے وہ اس کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہیں مگر ہم اس روٹ کو مکمل محفوظ بنائیں گے۔ اس مقصد کیلئے پاکستان کی تمام مسلح افواج پوری طرح کوشش کر رہی ہیں ، اور کسی بھی طرح دشمن کے ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔